1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کیوبا:میگیل ڈیاز کنیل، راول کاسترو کے جانشین مقرر

20 اپریل 2021

کیوبا کی کمیونسٹ پارٹی نے میگیل ڈیاز کنیل کو اپنا نیا فرسٹ سکریٹری منتخب کر لیا ہے۔ نئے رہنما نے سابقہ تسلسل کو برقرار رکھنے کا عہد کیا  ہے تاہم انہیں اقتصادی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا۔

Miguel Diaz-Canel
تصویر: Luong Thai Linh/AFP

کیوبا کی کمیونسٹ پارٹی نے پیر کے روز پارٹی کی کانگریس کے اختتام پر صدر میگیل ڈیاز کنیل کو اپنا نیا فرسٹ سکریٹری منتخب کر لیا۔ یہ ملک کا سب سے طاقت ور عہدہ ہے۔

ساٹھ سالہ ڈیاز کنیل، کاسترو برادران فیڈل اور راول کاسترو، کی چھ عشرے پر محیط اقتدار کے بعد اس عہدے پر فائز ہوئے ہیں۔ وہ اس انقلاب کے بعد پیدا ہونے والے اولین رہنماوں کی بھی نمائندگی کرتے ہیں جس کے نتیجے میں امریکی حمایت یافتہ ڈکٹیٹر فلگینسیو بتستا کو اقتدار سے محروم ہونا پڑا تھا۔

صدر ڈیاز کنیل کی پارٹی کے فرسٹ سکریٹری کے طورپر انتخاب حسب توقع ہے کیونکہ یہ امید کی جارہی تھی کہ وہ اس کریبیائی جزیرے کی سوشلسٹ پالیسیوں اور ایک پارٹی سیاسی نظام کو برقرار رکھیں گے۔

ڈیاز کنیل اور راول کاستروتصویر: Adalberto Roque/AFP

کاسترو کے نقش قدم پر

ڈیاز کنیل کی اقتدار میں ترقی کا سلسلہ پارٹی کے صوبائی رہنما کے طور پران کے عہدے سے شروع ہوا جس کے بعد وہ سن 2009 میں قومی حکومت میں وزیر تعلیم بنائے گئے۔ سن 2013 میں وہ کاسترو کے دست راست بن گئے۔

نیا فرسٹ سکریٹری منتخب کیے جانے کے بعد اپنی پہلی تقریر میں انہوں نے کہا کہ وہ اپنے پیش رو رہنما کے صلاح و مشورہ سے کام کریں گے۔ ”وہ ہمیشہ حاضر رہیں گے، ہر ہونے والے واقعے سے باخبر رہیں گے، ان (کاسترو) کے مشوروں کے ذریعہ انقلابی نظریات اور خیالات کے لیے پوری توانائی کے ساتھ جنگ کریں گے اور کسی غلطی یا خامی کی صورت میں چوکنا کریں گے۔"

انہوں نے ملکی معیشت کی خوبیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ امریکا کی نئی پابندیوں اور عالمی وبا کے باوجود سوشلسٹ حصول یابیوں مثلا ً سب کے لیے ہیلتھ کیئراور تعلیم کی فراہمی میں کامیاب رہی ہے۔

کیوبا کی قیادت میں ایک نئی تبدیلی

کیوبا کورونا وائرس سے بہت کم متاثر ہوا ہے حتی کہ اس نے وبا پر قابو پانے میں مدد کرنے کے لیے اٹلی جیسے دیگر ممالک میں اپنے ڈاکٹروں کو بھی بھیجا۔

تاہم ملک بنیادی اشیاء کی قلت کا سامنا کر رہا ہے۔ لوگوں کو روزمرہ کی ضروری اشیاء کے لیے بھی دکانوں کے باہر گھنٹوں قطاروں میں کھڑا رہنا پڑتا ہے۔

کمیونسٹ پارٹی کی کانگریس ہر پانچ برس پر منعقد ہوتی ہے۔ جس میں پارٹی کے رہنما کا انتخاب کیا جاتا ہے اور پالیسی پر نظر ثانی کی جاتی ہے۔ پیر کے روز منعقد ہونے والی کانگریس میں پالیسی ساز سیاسی بیورو کے اراکین کا بھی انتخاب کیا گیا۔

پارٹی میں قائدانہ عہدے پر اب ایسے بہت ہی کم لوگ بچے ہیں جنہوں نے کیوبا کے انقلاب میں حصہ لیا تھا اور رہنماوں کی نئی نسل گوریلا جنگجووں کے طریقہ کار کے بجائے سیاسی طریقہ کار کے ذریعہ اپنے راستے پر آگے بڑھ رہی ہے۔

ج ا/ ص ز (ای ایف ای، روئٹرز، اے ایف پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں