کیٹی پیری کی بھارت میں شادی
25 اکتوبر 2010رنتھمبور کے جنگلات کے نیشنل پارک میں واقع اوبرائے ہوٹل کے لگژری خیموں میں کیٹی پیری نے برطانوی کامیڈین رسل برانڈ کے ساتھ ہندو طریقے سے شادی کی۔ شادی کی تقریب ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب کو منعقد کی گئی۔
اس موقع پر انہوں نے روایتی آگ کے گرد سات پھیرے لگا کر اپنے شوہر کے ساتھ ہمیشہ وفادار رہنے کا عہد کیا۔ پھیروں کے دوران ایک پنڈت سنسکرت کے اشلوک پڑھتا رہا۔ دونوں نے اس کے علاوہ مسیحی انداز میں بھی شادی کی تکمیل کی ہے۔ مسیحی عقیدے کی تقریب کو مرکزی تقریب سے علیٰحدہ رکھا گیا تھا۔ دلہن کیٹی پیری اور دولہا رسل برانڈ نے شادی کی تقریب کو انتہائی نجی مگر روحانیت سے بھری قرار دیا ہے۔
بھارت کے اندر جنوب مغربی جنگلاتی و پہاڑی مقام پر شادی کا فیصلہ دونوں نے کوئی دس ماہ قبل کیا تھا۔ تقریب کو انتہائی قریبی مہمانوں کے لئے مخصوص رکھا گیا تھا۔ برطانوی جریدے’’ ہیلو‘‘ کو کثیر رقم ادا کرنے پر فوٹوگرافی کی خصوصی اجازت دی گئی تھی۔ اس تقریب میں مشہور امریکی گلوکارہ ریحنّا بھی مدعو تھیں لیکن وہ مصروفیت کی بنا پر شادی کی تقریب میں شریک نہ ہو سکیں۔ ایک دن قبل ان کی جانب سے خصوصی پارٹی کا انتظام کیا گیا تھا، جس میں بھارتی گانوں کی دھنوں پر مہمانوں نے رقص کیا۔ تقریب میں سپیروں کو بھی بلایا گیا تھا، جنہوں نے بین کی دھن پر مست سانپوں کا رقص پیش کیا۔
کیٹی پیری شادی کے وقت راجستھانی ڈریس میں ملبوس تھی۔ ان کے ہاتھوں پر مہندی بھی لگائی گئی۔ صبح کے وقت دولہا رسل برانڈ نے اپنے دوستوں کے ساتھ ایک قریبی مندر جا کر دعا مانگی۔ ان کی بارات شیرباغ ریزورٹ سے نکلی اور امان خاص کے مقام پر پہنچی جو اسی ہوٹل کے اندر موجود خصوصی ہال ہے۔ بارات میں ہاتھیوں اور گھوڑوں کے ساتھ ڈھول بجانے کا بھی خاص طور پر بندوبست کیا گیا تھا۔ شادی کی پہلی تقریب جمعہ کی رات کو منعقد کی گئی۔ اس میں کیٹی پیری نے عنابی ساڑھی پہن رکھی تھی اور دولہا رسل برانڈ نے کرتہ پائجامہ زیب تن کیا۔ بارات کے موقع پر وہ شیروانی پہنے ہوئے تھے۔
اتوار کو دولہا کی جانب سے تاج رام باغ کے محل میں گرینڈ پارٹی دی گئی۔ یہ محل اب فائیو سٹار ہوٹل میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ شادی کی تقریب میں شراب اور آتش بازی سے اجتناب کیا گیا تھا۔ اس موقع پر مغربی کھانوں کے ساتھ باجرے کی روٹی، سرسوں کا ساگ اور گڑھ بھی پیش کیا گیا۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: ندیم گِل