گریم اسمتھ نے کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا
4 مارچ 2014گریم اسمتھ نے آسٹریلیا کے خلاف نیولینڈز میں کھیلے جانے والے تیسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے اختتام پر کرکٹ سے مکمل طور پر ریٹائر منٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ نیولینڈز میں جاری ٹیسٹ میچ کل بُدھ کے روز ختم ہو گا۔ اس طرح اِس ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں وہ آخری بار اپنے ملک کی نمائندگی کریں گے۔ اُن کے ریٹائرمنٹ کو جنوبی افریقی اور دوسرے ملکوں میں حیرانی سے لیا گیا ہے۔ وہ انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ ٹیسٹ میچوں میں کپتانی کرنے والے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے 108 میچوں میں جنوبی افریقی ٹیم کی کپتانی کی ہے۔
حالیہ کچھ ٹیسٹ میچوں کے دوران گریم اسمتھ اپنی بھرپور فارم کے مطابق کھیلنے سے قاصر دکھائی دے رہے تھے اور خاص طور پر آسٹریلیا کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز میں اُن کو آسٹریلوی تیز بالروں نے خاصا پریشان کیا۔ موجودہ ٹیسٹ سیریز کے دوران انہوں نے پانچ اننگز میں صرف 42 رنز بنائے۔ ان کو تین مرتبہ میچل جانسن اور دو مرتبہ ریان ہیرس نے آؤٹ کیا۔ آسٹریلیا کے خلاف کھیلی جانے والی سیریز میں ان کا سب سے زیادہ اسکور 14 ہے۔ بعض مبصرین کے مطابق آسٹریلوی تیز باؤلرز گریم اسمتھ کے کریئر کے جلدی ختم ہونے کا باعث بنے ہیں۔
کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے اعلان کو گریم اسمتھ نے اپنی زندگی کا مشکل ترین فیصلہ قرار دیا ہے۔ اسمتھ کے مطابق گزشتہ برس اپریل میں گھٹنے کی سرجری کے بعد سے وہ پوری طرح کھیل میں واپس نہیں آ سکے اور انہوں نے تبھی سے ریٹائرمنٹ پر غور کرنا شروع کر دیا تھا۔ اپنے الوداعی ٹیسٹ میچ کے میدان کو انہوں نے اپنا گھر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اٹھارہ برس قبل اسی مقام کو انہوں نے اپنایا تھا۔ اسمتھ نے جنوبی افریقی ٹیم کی کپتانی کا خواب تیرہ برس کی عمر میں دیکھنا شروع کر دیا تھا اور انہوں نے اپنے ملک کی ٹیم کی کپتانی ملنے کو بچپن کے خواب کی تکمیل اور ایک بہت اعزاز قرار دیا۔ جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ کے سربراہ ہارون لورگاٹ نے اسمتھ کے اعلان کو حیران کن قرار دیا۔
گریم اسمتھ کو سن 2003 میں کپتان بنایا گیا تھا۔ بطور کپتان اُن کی پہلی ٹیسٹ سیریز بنگلہ دیش کے خلاف تھی۔ اُس وقت ان کی عمر22 برس سے کچھ اوپر تھی۔ ان کی کپتانی میں جنوبی افریقہ نے کل 53میچ جیتے۔ اس طرح وہ سے زیادہ میچ جیتنے والے کپتان کا نیا ریکارڈ بنانے میں کامیاب رہے۔ اُن سے قبل آسٹریلوی بیٹسمین رکی پونٹنگ نے 48 میچ جیت رکھے تھے۔ ان کی قیادت میں جنوبی افریقہ نے 27 میچ ہارے اور اتنے ہی برابری پر ختم ہوئے۔ کل 38 سیریز میں وہ کامیاب رہے۔ ان ہی کی کپتانی کے دور میں جنوبی افریقی ٹیم نے ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔
گریم اسمتھ نے 149 ایک روزہ میچوں میں بھی اپنے ملک کی کرکٹ ٹیم کی قیادت کی۔ وہ 92 ایک روزہ میچ جیتنے میں کامیاب رہے اور انہیں 51 میں ہار کا سامنا رہا۔ انہوں نے محدود اوورز کے مختصر فارمیٹ ٹی ٹوئنٹی کے 27 میچوں میں بھی کپتانی کی۔ ان میں 18 جیتے اور 9 میں شکست کا سامنا رہا۔ وہ بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرتے تھے۔ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں117 میچ کھیلے اور نو ہزار 200 سے زائد رنز بنائے۔ ٹیسٹ میچوں میں 27 اور ایک روزہ میچوں میں 10 سینچریاں بنا سکے۔ انہوں نے 33 برس کی عمر میں ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہا ہے۔