1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گلوکارہ ٹینا ٹرنر کی 70 ویں سالگرہ

4 دسمبر 2009

ٹینا ٹرنر کا گیت ’’اے فُول اِن لو‘‘ اگست 1960ء میں امریکی چارٹس میں ستائیس ویں نمبر پر آیا اور یہیں سے اِس بے مثل گلوکارہ کا وہ شاندار کیریئر شروع ہوا، جو پانچ عشروں پر پھیلا ہوا ہے۔

امریکہ میں ٹینا ٹرنر کے حالیہ دورے کا آغازتصویر: AP

حال ہی میں اِس مشہور امریکی گلوکارہ اور اداکارہ نے اپنی سترویں سالگرہ منائی۔ چھبیس نومبر سن 1939ء کو امریکی ریاست ٹینیسی کے شہر براؤنز وِل میں جنم لینے والی ٹینا ٹرنر کے گیتوں کے اب تک دو سو ملین ریکارڈ فروخت ہو چکے ہیں اور وہ آٹھ مرتبہ گریمی ایوارڈ جیتنے میں کامیاب رہیں۔

ٹینا ٹرنر اپنے شوہر آئیک ٹرنر کے ساتھ، جو بارہ دسمبر سن دو ہزار سات کو 76 برس کی عمر میں انتقال کر گئےتصویر: AP

ٹینا نے بہت کم عمری میں ایک گٹارسٹ آئیک ٹرنر سے شادی کی، جو اُن سے عمر میں آٹھ سال بڑے تھے۔ یہ شادی ایک عذاب تھی کیونکہ آئیک ٹینا کو بری طرح سے پیٹا کرتا تھا۔ 1976ء میں آئیک کو سوتا چھوڑ کر ٹینا ٹرنر اپنے دو بچوں اور دو سوتیلے بچوں کو لے کر چپکے سے آئیک کی زندگی سے نکل گئیں۔ یہ عرصہ اُنہوں نے بہت کسمپرسی میں گزارا لیکن ساتھ ہی وہ گھریلو تشدد کی شکار ہزاروں خواتین کے لئے ہمت اور حوصلے کی ایک مثال بھی بن گئیں۔ 1984ء میں جب ٹینا ٹرنر نے اپنے سولو کیریئر کا آغاز کیا تو وہ نصف ملین ڈالر کی مقروض تھیں اور سماجی مدد پر گزارا کر رہی تھیں۔

پھر لیکن اُن کے ایک شاندار کیریئر کا آغاز ہوا۔ تاریخ میں کسی اور گلوکار کے کنسرٹس کے ٹکٹ اتنی زیادہ تعداد میں فروخت نہیں ہوئے ، جتنے کہ ٹینا ٹرنر کے کنسرٹس کے۔ مشہور بینڈ ’’رولنگ اسٹونز‘‘ نے ٹینا ٹرنر کو تمام زمانوں کے عظیم ترین گلوکاروں میں سے ایک قرار دیا تھا۔

اِس سال ٹینا ٹرنر کی مقبولیت میں مزید اضافہ ٹینا گولڈن جوبلی ٹور کی وساطت سے ہوا، جس کے دوران اِس گلوکارہ نے یورپ اور امریکہ کے مختلف شہروں میں ہاؤس فُل کنسرٹس پیش کئے۔ مئی میں اِس دَورے کے اختتام تک اِن کنسرٹس سے ہونے والی آمدنی ایک سو تیس ملین ڈالر تک پہنچ چکی تھی۔

ٹینا ٹرنر اِس سال سولہ مارچ کو پیرس میں ایک کنسٹر میں اپنے فن کا مظاہرہ کر رہی ہیںتصویر: picture-alliance / dpa

آج کل ٹینا ٹرنر آرام کر رہی ہیں لیکن اگر اُن کے کیریئر پر نظر ڈالی جائے تو اُنہوں نے اب تک پانچ مرتبہ گلوکاری اور اسٹیج کی دُنیا سے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا اور ہر بار اسٹیج پر واپس آئیں۔ اب بھی یہ بات بڑی حد تک یقین کے ساتھ کہی جا سکتی ہے کہ وہ کسی بھی وقت دوبارہ اسٹیج پر واپس آ کر شائقین کو اپنے خوبصورت گیتوں سے محظوظ کر سکتی ہیں۔

جون میں ایک جرمن ٹاک شو میں باتیں کرتے ہوئے ٹینا ٹرنر نے کہا تھا کہ گھر پر رہنا، اپنی پسند کی موسیقی سننا اور ساتھ ساتھ اپنی پسند کے مشروب کی چُسکیاں لینا اُن کی پسندیدہ مصروفیت ہے۔

ٹینا ٹرنر کے شریکِ حیات اَیروِن باخ کا تعلق جرمنی سے ہے۔ دونوں کی ملاقات 1985ء میں ہیتھرو ایئر پورٹ پر ہوئی تھی۔ ایک عرصے تک ٹینا ٹرنر جرمن شہر کولون میں رہیں۔ 1994ء میں دونوں سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورخ منتقل ہو گئے۔ دونوں کے گھر جنوبی فرانس اور کیلی فورنیا میں بھی ہیں۔ ٹینا ٹرنر نے ایک مرتبہ اپنے شریکِ حیات باخ کے بارے میں کہا:’’وہ جہاں جاتا ہے، مَیں بھی ساتھ جاتی ہوں۔‘‘

رپورٹ: امجد علی

ادارت: ندیم گِل

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں