1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’گناہوں سے چرچ زخمی ہوا‘، پوپ فرانسس

27 جنوری 2019

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا نے’ورلڈ یوتھ ڈے‘ کے اختتام پر کہا ہے کہ کلیسا میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتیوں کے واقعات نے چرچ کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ اس ہفتہ وار عالمی ایونٹ میں تقریبا چھ لاکھ افراد نے شرکت کی۔

Panama  Papst Franziskus zu Besuch beim Weltjugendtag
تصویر: Reuters/A. Bianchi

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے بتایا ہے کہ پاناما سٹی کے نواح میں منعقد ہونے والے ورلڈ یوتھ ڈے کے آخری بڑے اجتماع کے موقع پر پوپ فرانسس نے  مختلف عالمی اور علاقائی مسائل پر توجہ مرکوز کی اور بالخصوص نوجوانوں سے کہا کہ وہ آگے بڑھ کر اپنی اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھائیں تاکہ اس دنیا کو محفوظ بنایا جا سکے۔ اس مذہبی میں اجتماع دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوئے۔

منتظمین کے مطابق اس مرتبہ ورلڈ یوتھ ڈے کی تقریب میں تقریبا چھ لاکھ افراد نے شرکت کی۔ تقریبا ہفتہ بھر جاری رہنے والے اس ایونٹ میں مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔ پوپ فرانسس نے اتوار کے دن پاناما سٹی میں ایڈز، ایچ آئی وی اور دیگر موذی بیماریوں میں مبتلا افراد سے ملاقات بھی کی۔

پوپ فرانسس اتوار کے دن ہی واپس روم روانہ ہو جائیں گے۔ اس سے قبل وہ اس ایونٹ کے رضاکاروں سے بھی ملیں گے۔ اے ایف پی نے بتایا ہے کہ پوپ فرانسس نے ایک گروپ سے ملاقات میں اعتراف کیا کہ کلیسائی عملے کی طرف سے بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات کے باعث چرچ کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کلیسا میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتیوں کے واقعات کے نتیجے میں چرچ ’زخمی‘ ہوا ہے۔

پاناما سٹی کے مشہور زمانہ سانتا ماریا لا انٹیگا کیتیھیڈرل کے نزدیک ہی منعققد ہوئی ایک بڑی تقریب سے  خطاب کرتے ہوئے پوپ فرانس نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی اپنی کمیونٹیوں میں ضم ہوں اور انٹرنیٹ پر زیادہ وقت مت گزاریں۔

ٹیکنالوجی کی تراکیب کا استعمال کرتے ہوئے انہوں نے زندگی کی حقیقت کچھ یوں بیان کی ’زندگی کلاؤڈ میں نہیں کہ اسے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکے۔ ایک نیا ایپ تخلیق کیا جائے یا ایسی ٹیکنیک ایجاد کر لی جائے جو دماغی صحت کو بہتری کی طرف راغب کر سکے‘۔

اس موقع پر بیاسی سالہ پوپ نے مہاجرین کے ساتھ یک جہتی کا اظہار بھی کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے وسطی امریکا کے مختلف مسائل پر بھی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ غربت، انسانوں کی اسمگلنگ اور تشدد کے خاتمے کو ممکن بنانے کی کوشش کی جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کا قتل علاقائی سطح پر ’طاعون‘ بن چکا ہے۔ اس مرتبہ کا ورلڈ یوتھ ڈے بائیس تا ستائیس جنوری جاری رہا۔

ع ب / ش ح / خبر رساں ادارے

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں