گنجاپن: جنوبی کوریا صدارتی انتخابات میں ایک اہم موضوع
7 جنوری 2022جنوبی کوریا میں آئندہ ہونے والے صدارتی انتخابات میں امیدوار لی جائے مایونگ کو ایسے ووٹروں کی خوب حمایت مل رہی ہے جو گنجے ہیں یا جن کے سر پر بال کم ہیں۔ مایونگ نے دراصل حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت بال گرنے کا علاج کرانے کے لیے لوگوں کو مالی امداد دے۔
لی مایونگ نے اس ہفتے کے اوائل میں یہ تجویز پیش کی تھی۔ اس کے بعد سے گنجا پن ملک میں ایک بڑا موضوع بن گیا ہے۔ جنوبی کوریا میں آئندہ مارچ میں عہدہ صدارت کے لیے انتخابات ہونے والے ہیں۔ تاہم یہ انتخابی موضوع سابقہ انتخابات کے موضوعات سے بالکل مختلف ہے۔
گنجاپن اہم انتخابی موضوع
جنوبی کوریا کے انتخابات میں بالعموم شمالی کوریا اور امریکا کے ساتھ تعلقات نیز اقتصادی مسائل سب سے اہم انتخابی موضوعات ہوتے ہیں۔ اس مرتبہ بالوں کا گرنا اور گنجاپن آن لائن گروپوں اور سوشل میڈیا پر ایک بڑا موضوع بن گیا ہے۔ ان مسائل سے دوچار افراد کے سوشل گروپس میں لی مایونگ کی تجویز کی حمایت میں پیغامات کا ایک سیلاب سا آ گیا ہے۔ تاہم کچھ لوگ اس تجویز کو عوامی مقبولیت حاصل کرنے کی کوشش قرار دے کر لی مایونگ کی نکتہ چینی بھی کررہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر ایک صارف نے اپنے پیغام میں لکھا، "جائے مایونگ بھائی، مجھے آپ سے پیا ر ہے، میں آپ کو بلیو ہاوس(صدارتی محل) میں پہنچاوں گا۔"
ایک دیگر پیغام میں لکھا تھا، "عزت مآب صدر محترم، آپ نے پہلی مرتبہ کوریا کے گنجوں کے لیے امید کا ایک چراغ روشن کیا ہے۔"
گنجے پن کے علاج پر پالیسی
لی مایونگ نے بدھ کے روز میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ مانتے ہیں کہ بالوں کے ٹرانسپلانٹیشن کا علاج قومی ہیلتھ انشورنس اسکیم کے دائرے میں لایا جانا چاہئے۔
انہوں نے فیس بک پر لکھا، "آپ لوگ برائے کرم ہمیں بتائیں کہ گرتے ہوئے بالوں کا علاج کرانے کے لیے آپ کو کس طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور پالیسیوں میں کن امور پر توجہ مرکوز کی جانی چاہئے۔ میں گنجے پن کے علاج پر ایک ٹھوس پالیسی پیش کروں گا۔"
ناقدین ناراض
لی مایونگ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ مبالغہ آرائی سے کام لینے والے ایک لبرل لیڈر ہیں۔ حکمراں جماعت کے امیدوار لی مایونگ عوامی جائزوں میں پسندیدہ امیدواروں میں اس وقت سب سے آگے چل رہے ہیں۔ حالانکہ ان کے ناقدین انہیں ایک خطرناک مقبولیت پسند رہنما کہتے ہیں۔
قدامت پسند اخبار 'منہواالبو'نے جمعرات کے روز اپنے اداریے میں لکھا،"(لی کی تجویز) بہت سے ایسے لوگوں کے لیے ایک ضروری قدم محسوس ہوسکتا ہے جواپنے گرتے ہوئے بالوں کے سلسلے میں فکر مند ہیں۔ لیکن یہ کوئی سنگین مسئلہ نہیں ہے۔ بلکہ ایک سنگین عوامی مقبولیت پسندی کا قدم ہے کیونکہ اس سے ہماری انشورنس پالیسی کا مالی استحکام متاثر ہوگا۔"
جنوبی کوریا میں جینیاتی اسباب یا عمر میں اضافہ کے سبب بالوں کے گرنے کا علاج سرکاری انشورنس پالیسی کا حصہ نہیں ہے۔ اگر کسی خاص بیماری کی وجہ سے بال جھڑ جاتے ہیں تبھی ان کے علاج کا خرچ انشورنس اسکیم سے ملتا ہے۔
کچھ رپورٹوں سے پتہ چلتا ہے کہ جنوبی کوریا میں تقریباً 20 فیصد افراد بالوں کے گرنے کے مسئلے سے دوچار ہیں۔
ج ا/ ص ز (اے پی، روئٹرز)