1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گوئٹے مالا میں آتش فشاں پھٹنے سے درجنوں ہلاک، الرٹ جاری

4 جون 2018

گوئٹے مالا  سٹی میں فیوگو آتش فشاں پھٹنے سے متعدد بچوں سمیت  25 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ آتش فشاں سے اڑتی راکھ اور پتھروں کے باعث دارالحکومت کا مرکزی ائیر پورٹ بھی بند کر دیا گیا ہے۔

Guatemala Vulkanausbruch Feuervulkan
تصویر: picture-alliance/AP/dpa/S. Billy

 

ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے ترجمان ڈیوڈ ڈی لیون کے مطابق آتش فشاں کی جنوبی ڈھلان کی جانب واقع ایل روڈیو اور لاس لاجاس کمیونیٹیوں میں لاوے کے باعث ہلاک ہونے والوں میں کئی بچے بھی شامل ہیں۔ ی لیون کے مطابق متاثر علاقوں میں کم روشنی اور خطرناک صورتحال کے باعث گم شدہ  اور دیگر متاثرہ افراد  کی تلاش کا کام معطّل کردیا گیا ہے۔

تصویر: Getty Images/AFP/O. Estrada

12,346 فٹ بلند آتش فشاں دارالحکومت گوئٹے مالا سٹی کے 40 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع  ہے اور اس کے لاوے سے قریب کے علاقے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ ڈیزاسٹر ری ڈکشن کے کو آرڈینیٹر، سرجیو کابانس نے ابتدائی طور پر 20 افراد کے زخمی اور 1.7 ملین افراد کے متاثر ہونے کا بتایا تھا۔

ایل روڈیو کے ایک رہائشی کے مطابق ان کے علاقے کے تمام لوگ جان بچا کر نکلنے میں کامیاب نہیں ہو سکے ہیں اور ان کے خیال میں کئی افراد آتش فشاں کے گرم کیچڑ میں ہی دفن ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق ایل روڈیو میں اب بھی کئی گھر جلتے ہوئے دیکھے گئے ہیں جبکہ زخمیوں اور ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ بھی موجود ہے۔

تصویر: Imago/Agencia EFE/E. Biba

آتش فشاؤں کا پھٹنا بڑے دریاؤں کے لیے نقصان دہ

آتش فشاں کے قریب رہنے والے وہاں سے منتقل ہو جائیں

ملکی صدر جمی مورالز نے نیشنل ایمرجنسی سروسز لانچ کرتے ہوئے شدید متاثر علاقوں کے لیے ریڈ الرٹ جبکہ ملک بھر کے لیے اورنج الرٹ جاری کر دیا ہے۔ صدر مورالز کے مطابق پولیس، ریڈ کراس اور فوج کے سینکڑوں اہلکاروں کو ایمریجنسی کارروائیوں میں حصہ لینے کے لیے بھی روانہ کیا جا چکا ہے۔

گوئٹے مالا کے فوگیو آتش فشاں کے پھٹنے کا اس برس یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل فروری کے مہینے میں اس آتش فشاں سے  1.7 کلومیٹر بلندی تک راکھ اڑنے کا واقعہ پیش آیا تھا۔ گوئٹے مالا میں فوگیو کے علاوہ دو مزید فعال آتش فشاں بھی موجود ہیں۔

ع ف/ ع ا  (اے ایف پی)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں