1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گوادر: شدید بارشوں کے سبب ہزاروں افراد بے گھر

28 فروری 2024

پاکستان کے بندرگاہی شہر گوادر میں شدید بارشوں سے متاثرہ ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات تک پہنچا دیا گیا ہے۔ انخلا کے مشن میں فوج کی ریسکیو ایجنسیاں اور پیراملٹری اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔

Pakistan Gwadar | Überflutung nach Starkregen
تصویر: PPI/ZUMA Press Wiredpa/picture alliance

پاکستانی ساحلی شہر گوادر میں گزشتہ کئی گھنٹوں سے جاری  بارشوں سے ایک وسیع علاقہ زیر آب آگیا ہے اور غیر معمولی شدت کی ان بارشوں سے ہزاروں افراد متاثر ہوئے ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق آج سہ پہر تک وہاں بارشوں کے اس سلسلے کو شروع ہوئے 26 گھنٹوں سے زیادہ کا وقت گرز چکا تھا۔

مقامی میڈیا رپورٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ ان بارشوں کے دوران شہر کے جنوب سے کئی خاندانوں کو کشتیوں میں محفوظ مقامات تک پہنچایا گیا اور بازاروں اور گھروں سے پانی نکالنے کا کام بھی جاری رہا۔

پاکستان میں ماحولیاتی تبدیلیوں کےنتائج سنگین ہیں، شیری رحمان

04:55

This browser does not support the video element.

اس حوالے سے مقامی حکام کے ایک ترجمان نے خبر رساں ایجنسی ڈی پی اے کو بتایا کہ قریب دس ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر پہنچایا دیا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں سے لوگوں کے انخلا کے اس مشن میں فوج کی ریسکیو ایجنسیاں اور پیراملٹری اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔ ان بارشوں میں اب تک کسی جانی نقصان یا کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔

مزید بارشوں کا امکان

پاکستان  کے محکمہ موسمیات کے مطابق حالیہ بارشیں گوادر شہر میں گزشتہ 15 سالوں کی سب سے شدید بارشیں ہیں۔ اس محکمہ کی پیش گوئی کے مطابق شہر میں جمعے سے مزید بارشوں کا امکان ہے اور آنے والے دنوں میں گوادر میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔

گوادر کا ایک چوتھائی حصہ زیر آبتصویر: PPI/ZUMA Press Wiredpa/picture alliance

حکام کے مطابق اس صورت میں متاثرہ علاقوں سے رہائشیوں کے مزید انخلا کی ضرورت پڑ سکتی اور اس دوران علاقہ مکینوں کو کھانا اور ادویات بھی فراہم کرنا بھی پڑ سکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق اس شدت کی بے موسم بارشیں  ماحولیاتی تبدیلیوں کا نتیجہ ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا،'' دنیا کے اس حصے میں سردیوں کے موسم میں اس طرح کی شدید بارشیں غیر معمولی ہیں۔‘‘

مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پاکستان  کے جنوبی صوبے سندھ کے بھی کچھ علاقوں میں بارشوں اور ملک کے پہاڑی علاقوں میں برف باری کا امکان ہے۔ 

اقوام متحدہ کے مطابق پاکستان  ان دس ممالک میں شامل ہے جن کو ماحولیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ خطرہ ہے۔

2022ء میں پاکستان  میں آنے والے شدید سیلاب اور بارشوں کے باعث تقریباً 1,800 افراد ہلاک ہوئے تھے اور ملک کا کم از کم ایک چوتھائی حصہ زیر آب آگیا تھا۔

ک م/ م ا (ڈی پی اے)

 

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں