گولف: ٹائیگر وڈز کاپر اسرارکار حادثہ
30 نومبر 2009پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد ہی کہہ دیا تھا کہ یہ حادثہ وُڈز کے شراب وغیرہ پینے کے نتیجے میں نہیں ہوا۔ تینتیس سالہ وُڈز نے دو بار پولیس کو کوئی بیان دینے سے انکار کیا۔ پھر پولیس اہلکاروں کو اتوار کے روز دوبارہ آنے کو کہا گیا۔ پھر اِن اہلکاروں کی آمد سے ایک گھنٹہ پہلے وُڈز نے اپنے ہوم پیج پر ایک بیان جاری کر دیا۔
وُڈز نے یہ لکھا کہ اُنہیں اِس حادثے میں بہت معمولی زخم آئے اور اب وہ خیریت سے ہیں۔ وُڈز کو ہدفِ تنقید بنایا جا رہا ہے کہ اُنہوں نے اِس حادثے کی پولیس کو اطلاع کیوں نہیں دی تاہم وُڈز کا کہنا ہے کہ وہ خود اِس حادثے کی ساری ذمہ داری قبول کرتے ہیں، یہ اُن کا ذاتی معاملہ ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ اِسے ایسے ہی لیا جائے۔
وُڈز کی جانب سے خاموشی کے بعد امریکی پریس میں طرح طرح کی قیاس آرائیاں جنم لینے لگی تھیں۔ یہ کہا جانے لگا تھا کہ اِس حادثے سے پہلے وُڈز اور اُن کی بیوی کے درمیان کسی بات پر جھگڑا ہو گیا تھا۔ ایک مشہور وَیب سائیٹ نے لکھا کہ ٹائیگر وُڈز کی بیوی ایک سابقہ ماڈل ہے اور اُس نے حادثے سے کچھ ہی دیر قبل بلند آواز میں وُڈز سے ایک اور خاتون کے ساتھ ناجائز تعلقات کے سلسلے میں وضاحت مانگی تھی۔
ٹائیگر وُڈز نے اِن قیاس آرائیوں کی سختی سے تردید کی اور اِنہیں بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ قرار دیا۔ وُڈز نے لکھا:’’ایلن نے بڑے حوصلے کا مظاہرہ کیا، جب اُس نے یہ دیکھا کہ مَیں زخمی ہو گیا ہوں۔ سب سے پہلے اُسی نے آ کر میری مدد کی تھی۔‘‘
سابقہ ماڈل ایلن نوردیگرن کے ساتھ وُڈز نے دو ہزار چار میں شادی کی تھی اور دونوں اب ایک بیٹی اور ایک بیٹے کے ماں باپ ہیں۔ اپنی ا یک سو ملین ڈالر سالانہ آمدنی کے ساتھ ٹائیگر وُڈز دنیا کے امیر ترین کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ اُن کا دو ملین ڈالر مالیت کا مکان شہر اورلینڈو کے نواح میں ہے۔
رپورٹ : امجد علی
ادارت : شادی خان سیف