1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گوگل نے کنّڑ کو 'غلیظ ترین بھارتی زبان‘ بتانے پر معذرت کر لی

جاوید اختر، نئی دہلی
4 جون 2021

کنّڑ زبان بولنے والے کئی ملین افراد اس وقت کافی مشتعل ہوگئے جب سرچ انجن گوگل نے اسے 'بھارت کی غلیظ ترین زبان‘ بتانا شروع کر دیا۔

USA Unternehmen - Google
تصویر: Getty Images/AFP/N. Seelam

جنوبی بھارتی ریاست کرناٹک کے اکثریتی آبادی کی زبان کنّڑ کو جمعرات کے روز سرچ انجن گوگل نے 'بھارت کی غلیظ ترین زبان‘ بتانا شروع کر دیا۔ اس پر کنّڑ بولنے والوں میں اتنی سخت ناراضگی پیدا ہو گئی کہ ریاستی حکومت نے گوگل کو قانونی نوٹس جاری کرنے کا اعلان بھی کر دیا۔ تاہم گوگل نے بعد میں اس 'غلطی‘ پر معافی مانگ لی۔

چومکھی مخالفت

یہ تنازعہ اس وقت شروع ہوا جب گوگل سے 'بھارت کی سب سے واہیات زبان‘ کے بارے میں سوال پوچھنے پر اس کا جواب ملا 'کنّڑ‘  اور کسی نے اس جواب کو سوشل میڈیا پر پوسٹ کر دیا، جو وائرل ہو گیا۔

گوگل کی اس فاش غلطی کی تمام حلقوں کی جانب سے مذمت شروع ہوئی۔ کرناٹک میں گوکہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت ہے تاہم تمام سیاسی جماعتوں نے پارٹی خطوط سے اوپر اٹھ کر بیک آواز اس امریکی ٹیکنالوجی کمپنی کی مذمت کی۔

کرناٹک کے وزیر برائے کنٹر اور ثقافت اروند لیمباولی نے کہا کہ اس خوبصورت زبان کا امیج خراب کرنے کے لیے گوگل کو قانونی نوٹس بھیجا جائے گا۔ انہوں نے کہا، ”کنڑ زبان کی اپنی ایک قابل فخر تاریخ ہے۔ یہ ڈھائی ہزار برس سے زیادہ عرصے سے موجود ہے۔ یہ زبان صدیوں سے کنڑا عوام کے لیے باعث فخر رہی ہے۔"

لیمباولی نے ایک ٹویٹ کرکے 'کنڑا وقار کی توہین کرنے پر‘ گوگل سے فوراً معافی مانگنے کا مطالبہ بھی کیا۔

اپوزیشن جماعت جنتا دل سیکولر کے رہنما اور سابق ریاستی وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کماراسوامی نے بھی متعدد ٹویٹس کر کے کنّڑ زبان سے متعلق 'اہانت آمیز‘ جواب پر گوگل پر تنقید کی۔ انہوں نے سوال کیا کہ اس زبان کے حوالے سے ”گوگل کا رویہ اتنا غیر ذمہ دارانہ کیوں ہے؟"

کرناٹک کے دارالحکومت بنگلورو کے سینٹرل پارلیمانی حلقے سے بی جے پی کے رکن پارلیمان پی سی موہن نے بھی گوگل پر تنقید کرتے ہوئے معافی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر گوگل کے جواب کا ایک اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ کرناٹک عظیم وجیا نگر سلطنت کا پایہ تخت رہا ہے اور کنّڑ زبان کی عظیم ثقافتی روایات رہی ہیں۔ اس کا ماضی شاندار اور کلچر منفرد ہے۔ انہوں نے مزید لکھا، ”کنڑ دنیا کی قدیم ترین زبانوں میں سے ایک ہے۔ اس کے عظیم دانشوروں نے، جو چودہویں صدی میں پیدا ہوئے، جیفری چَوسر سے بھی بہت پہلے تاریخی رزمیہ نظمیں لکھی تھیں۔

گوگل کی طرف سے معذرت

زبردست عوامی ناراضگی کے مدنظر گوگل نے 'بھارت کی غلیظ ترین زبان‘ کے جواب میں کنڑ کو اپنے سرچ انجن سے بعد میں حذف کردیا اور معذرت بھی کر لی۔

گوگل نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا، ”ہم اس غلط فہمی اور لوگوں کے جذبات مجروح ہونے پر معذرت چاہتے ہیں۔" بیان میں کہا گیا، ”انٹرنیٹ پر جواب ہمیشہ بالکل درست نہیں ہوتے۔ بعض اوقات کسی مخصوص سوال سے متعلق سامنے آنے والے جوابات حیرت انگیز بھی ہو سکتے ہیں۔ اور کمپنی کو جیسے ہی اس مسئلے سے آگاہ کیا جاتا ہے، اسے حتی الامکان جلد از جلد درست کر دیا جاتا ہے۔" گوگل نے کہا کہ وہ اپنے ایلگورِدم کو بہتر بنانے کے لیے بھی کام کر رہی ہے۔

تصویر: AP

کنّڑ قدیم ترین زبانوں میں سے ایک

کنّڑ دنیا کی قدیم ترین زبانوں میں سے ایک ہے۔ یہ دنیا میں سب سے زیادہ بولی جانے والی تیس زبانوں میں بھی شامل ہے۔

کنّڑ کو کلاسیکی زبان کا درجہ حاصل ہے۔ یہ بھارت کی چھ کلاسیکی زبانوں میں سے ایک ہے اور بھارتی آئین میں درج بائیس زبانوں میں بھی شامل ہے۔

سن 2011 کی مردم شماری کے مطابق بھارت میں کنّڑ بولنے والوں کی تعداد چار کروڑ 37 لاکھ ہے۔ بھارت کے علاوہ آسٹریلیا، امریکا اور کینیڈا میں بھی کنّڑ بولنے والے انسان موجود ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق کنّڑ بیس مختلف لہجوں میں بولی جاتی ہے۔

گوگل امیج سرچ میں جنسی تعصب

01:08

This browser does not support the video element.

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں