1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گُڈ فرائیڈے کے دن ختنے کی مسلم تقریبات کی ممانعت

مقبول ملک27 مارچ 2015

جرمنی کی ایک عدالت نے مسیحی باشندوں کے مذہبی تہوار گُڈ فرائیڈے کے دن مسلمان لڑکوں کے ختنوں کی پبلک مقامات پر سماجی تقریبات کا انعقاد ممنوع قرار دے دیا ہے۔ مسیحی عقیدے کے مطابق اس روز حضرت عیسٰی کو مصلوب کیا گیا تھا۔

تصویر: picture-alliance/dpa

جرمن صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کے شہر میونسٹر سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق اس مقدمے میں ایک اعلیٰ انتظامی عدالت نے شہر کولون کی ایک ماتحت عدالت کے فیصلے کو برقرار رکھا۔ اعلیٰ صوبائی عدالت نے اس سال تین اپریل کو منائے جانے والے گُڈ فرائیڈے کے مسیحی تہوار کے دن ایک پبلک گیسٹ ہاؤس میں ایک مسلمان بچے کے ختنے کے سلسلے میں اس کے والدین کی خواہش کے مطابق سماجی تقریب کے انعقاد کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔

ترک مسلم آبادی بچوں کے ختنوں کے موقع پر خوشی کی خصوصی تقریبات کا اہتمام کرتی ہےتصویر: picture-alliance/dpa

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ کسی بھی مسلمان خاندان کے لیے یہ لازمی نہیں ہے کہ وہ اپنے کسی بچے کے مذہبی بنیادوں پر ختنے کی سماجی تقریب کا اہتمام لازمی طور پر گُڈ فرائیڈے یا جمعة الآلام کے دن ہی کرے۔ عدالتی فیصلے کے مطابق صوبائی سطح پر مسیحی مذہبی تہواروں کے موقع پر عام تعطیل کا احاطہ کرنے والا قانون اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ اس مخصوص جمعے کے روز ایسی کسی بھی سماجی تقریب کا انعقاد کیا جائے۔

مسیحی عقیدے کے مطابق گُڈ فرائیڈے کے دن یسوح مسیح کو مصلوب کیا گیا تھا اور یہ سوگواری کے ساتھ منایا جانے والا مذہبی تہوار ہے۔ اس کے برعکس اس تہوار کے دو دن بعد منائے جانے والے ایسٹر سنڈے اور پھر ایسٹر منڈے کے تہوار اپنی نوعیت میں خوشی کے تہوار ہیں کیونکہ مسیحی عقیدے ہی کی رو سے ان کا تعلق یسوح مسیح کے دوبارہ زندہ ہو جانے سے ہے۔

عدالت کے مطابق گُڈ فرائیڈے کا شمار مذہبی تعطیلات کے ان ’خاموش دنوں‘ میں ہوتا ہے جب قانوناﹰ تجارتی نمائشوں، کاروباری منڈیوں، رقص کی محفلوں اور خوشی کی عوامی تقریبات کا اہتمام نہیں کیا جا سکتا۔ فیصلے کے مطابق، ’’اس تعطیل کا مقصد مذہبی آزادی کے قانون کے دائرہ کار کے اندر رہتے ہوئے ’مصائب کے جمعے‘ کے احترام کو یقینی بنانا ہے۔‘‘

جرمنی کی مسلم آبادی میں بہت بڑی اکثریت کا تعلق ترک نژاد مسلمانوں سے ہےتصویر: picture-alliance/dpa

پروٹسٹنٹ پریس سروس نے عدالت کی طرف سے اس کے فیصلے اور متنازعہ ہو جانے والی سماجی تقریب کی ممانعت کے حق میں دیے گئے دلائل کی تفصیلات بتاتے ہوئے لکھا ہے، ’’(جرمنی میں مسلمان لڑکوں کے) ختنے کی تقریب میں قرآنی آیات کا پڑھا جانا اور موسیقی، رقص اور خوشی کے طور پر ضیافت کا اہتمام کرنا بھی شامل ہوتا ہے، جس کا جزوی طور پر ہی سہی لیکن ایک سماجی تفریحی کردار بھی مسلمہ ہے۔ لیکن اس طرح کی تقریب گُڈ فرائیڈے کے بنیادی پیغام اور اس روز مذہبی تعطیل کے سماجی تقاضوں سے متصادم ہے۔‘‘ مزید یہ کہ یہی تقریب کسی بھی دوسرے روز منعقد کی جا سکتی ہے۔

اس مقدمے میں مدعی ایک جرمن گیسٹ ہاؤس کا مالک تھا، جس کا کہنا تھا کہ اس تقریب کے انعقاد کی مذہبی آزادی کے قانون کے تحت اجازت دی جانی چاہیے۔ اس پر عدالت کا جواب یہ تھا کہ کسی سماجی تقریب کے لیے کسی بھی گیسٹ ہاؤس یا ہال کے کرائے پر دیے جانے کی وجہ کاروباری ہوتی ہے نہ کہ مذہبی۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں