1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گُھڑ دوڑ: انتہائی غیرمعمولی عالمی ریکارڈ برابر، نئے کی تیاری

مقبول ملک اے ایف پی
6 فروری 2018

برازیل کے ایک جوکی گُھڑ دوڑ میں انتہائی غیرمعمولی عالمی ریکارڈ برابر کرنے کے بعد اب ایک نیا ریکارڈ قائم کرنا چاہتے ہیں۔ ہارس ریسنگ کے پیشہ ور کھلاڑی خورگے ریکارڈو نے پانچ فروری کو اپنے کیریئر کی 12,844 ویں ریس جیتی۔

تصویر: Getty Images/J. Scarnici

اس وقت 56 سالہ خورگے ریکارڈو گزشتہ 41 برسوں سے ایک پیشہ ور گُھڑ سوار ہیں اور انہوں نے پیشہ ورانہ بنیادوں پر ہارس ریسنگ صرف 15 برس کی عمر میں شروع کر دی تھی۔ برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو سے منگل چھ فروری کو ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق خورگے ریکارڈو نے کھیلوں کے شعبے میں ایک ایسے غیر معمولی عالمی ریکارڈ کو برابر کرنے کی کوشش کی، جو بہت مشکل بھی تھا اور جس کے بارے میں بہت ہی کم لوگ جانتے ہیں۔

جنگ زدہ حالات سے گزرنے والے مہاجر بچوں کا علاج گھوڑوں کی مدد سے

ریکارڈو کا خواب تھا کہ وہ دنیا میں گھوڑوں کی سب سے زیادہ دوڑیں جیتنے والے سوار بن جائیں۔ ان کا یہ خواب کل پانچ فرروری کو اس وقت پورا ہو گیا، جب انہوں نے اپنے کیریئر کی 12,844 ویں دوڑ جیتی۔ ریو ڈی جنیرو کے ہِپوڈروم نامی ریس کورس میں ہونے والی یہ ریس جب مکمل ہوئی تو شدید بارش ہو رہی تھی۔

لیکن اس ریس کی تکمیل پر خورگے ریکارڈو نے کینیڈا کے ایک گُھڑ سوار کا قائم کردہ دنیا میں سب سے زیادہ دوڑیں جیتنے کا جو ریکارڈ برابر کر دیا، وہ تقریباﹰ پورے کیریئر میں ریکارڈو ہی کے حریف رہنے والے کھلاڑی رَسل بیز نے بنایا تھا۔

ہٹلر کے گمشدہ قیمتی ’گھوڑے‘ مل گئے

اب امریکی ریاست کیلی فورنیا میں رہنے والے رسل بیز پروفیشنل ہارس ریسنگ سے ریٹائر ہو چکے ہیں اور ریکارڈو کو صرف ایک اور ریس جیتنا ہے، جس کے بعد وہ دنیا میں گھوڑوں کی دوڑوں کے سب سے زیادہ مقابلے جیتنے والے کھلاڑی بن جائیں گے۔

اس حوالے سے ریکارڈو نے ریو ڈی جنیرو میں اپنی تازہ ترین فتح کے بعد کہا، ’’مجھے اب صرف ایک اور ریس جیتنا ہے۔ اس منفرد عالمی ریکارڈ کے لیے 99 فیصد سے بھی زیادہ محنت تو کی جا چکی ہے۔‘‘

یہ فیصلہ کن فتح خورگے ریکارڈو کے لیے کتنی اہم تھی، اس کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ جیسے ہی انہوں نے یہ ریس جیتی، ان کی آنکھوں سے خوشی کے آنسو بہنا شروع ہو گئے۔ پھر صحافیوں اور اپنے مداحوں کے ایک بہت بڑے ہجوم کے عین وسط میں خورگے ریکارڈو نے کہا، ’’میں نے اس دن کے لیے بہت طویل انتطار کیا۔ اور آج یہ دن آ گیا ہے۔‘‘

یہ برازیلین کھلاڑی ارجنٹائن میں رہتے ہیں اور وہ جس اگلی ریس میں اپنا عالمی ریکارڈ مزید بہتر بنانے کی کوشش کریں گے، وہ ارجنٹائن ہی میں منعقد ہو گی۔ ہارس ریسنگ کے بارے میں یہ بات بھی اہم ہے کہ دنیا میں آج تک صرف دو کھلاڑیوں نے 10,000 سے زیادہ دوڑیں جیتی ہیں۔ ان میں سے رسل بیز اب ریٹائر ہو چکے ہیں جبکہ خورگے ریکارڈو نے ابھی تک نہ تو ریس کورس کو خیرباد کہا ہے اور نہ ہی گھوڑے کی پیٹھ کو۔

خورگے ریکارڈو کے بارے میں یہ بات بھی حیران کن ہے کہ وہ گزشتہ 41 برسوں سے پیشہ ور گُھڑ سورا ہیں۔ یہ عرصہ قریب 15 ہزار دن بنتا ہے۔ لیکن اس دوران وہ قریب 13 ہزار مقابلے جیت چکے ہیں، اکثر ایک ایک دن میں کئی کئی مقابلے۔ اس کا مطلب ہے، اوسطاﹰ ہر 28 گھنٹے بعد ایک فتح، اور وہ بھی چار عشروں سے بھی زیادہ عرصے تک۔

اعلیٰ نسل کے گھوڑے پالنا ایک انتہائی مہنگا شوق

03:26

This browser does not support the video element.

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں