1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گھوڑا کیوں خریدا، بھارت میں دلت کا قتل

31 مارچ 2018

بھارت میں دلت کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے ایک کسان کو مبینہ طور پر صرف اس لیے ہلاک کر دیا گیا ہے کیونکہ وہ ایک گھوڑے کا مالک تھا۔ بھارتی معاشرے میں گھوڑا پالنا طاقت، دولت اور عزت کی علامت کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔

Global Ideas Through the lens
بھارتی معاشرے میں گھوڑا پالنا طاقت، دولت اور عزت کی علامت کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔تصویر: Reuters/R. De Chowdhuri

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے بھارتی پولیس کے حوالے سے اکتیس مارچ کو بتایا ہے کہ ریاست گجرات میں ایک دلت کسان کی ہلاکت میں ملوث ہونے کے شبے میں تین افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ان تینوں مشتبہ افراد کا تعلق بھارتی ذات پات کے نظام میں اعلیٰ درجے کی کھشتری ذات میں ہوتا ہے۔

دلتوں پر حملوں میں اضافہ، مودی کی مشکلات میں اضافے کا امکان

مردہ گائے کی لاش کیوں نہ اٹھائی، دلت حاملہ خاتون پر تشدد

ذات کیا انسانی زندگی سے زیادہ اہم ہے؟

میڈیا رپورٹوں کے مطابق گجرات کے ٹمبی نامی ایک گاؤں میں قتل کا یہ واقعہ جمعرات کی رات کو رونما ہوا۔ بتایا گیا ہے کہ تین افراد نے دلت کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے اکیس سالہ پردیپ راٹھور کو پہلے مارا پیٹا اور بعد ازاں اسے ہلاک کر دیا۔ خون میں لت پت پردیپ کی لاش برآمد ہو چکی ہے جبکہ پولیس نے مقتول کی والد کی شکایت پر تحقیقاتی عمل شروع کر دیا ہے۔

اعلیٰ پولیس اہلکار اے ایم صیاد نے اے ایف پی کو بتایا کہ پردیپ کے والد نے الزام عائد کیا ہے کہ اس کو بیٹے کو اس لیے ہلاک کیا گیا ہے کیونکہ وہ ایک گھوڑے کا مالک تھا۔

مقتول کے والد کے مطابق، ’’میرا بیٹا گھوڑوں سے پیار کرتا تھا اور اس نے آٹھ ماہ قبل ہی ایک گھوڑا خریدا تھا۔‘‘ اس نے مزید کہا، ’’میرے بیٹے کے قتل کی وجہ اس کی گھوڑوں کے لیے محبت بنی ہے۔‘‘

پردیپ کے والد نے مزید کہا، ’’ایک ہفتہ قبل جب میں اپنے بیٹے کے ہمراہ گھوڑے کی سواری کر رہا تھا تو گاؤں میں ’اونچی ذات‘ کھشتری سے تعلق رکھنے والے افراد نے خبردار کیا تھا کہ وہ گاؤں میں گھڑ سواری نہ کریں۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ ان افراد نے کہا تھا، ’’دلت کمیونٹی کے افراد گھوڑے کی سواری نہیں کرسکتے۔ صرف کھشتری ہی یہ کام کر سکتے ہیں۔ تب انہوں نے ہمیں دھمکایا تھا کہ اگر ہم نے یہ گھوڑا نہ بیچا تو ہمیں ہلاک کر دیا جائے گا۔‘‘

بھارت میں دلت کمیونٹی کے افراد کو ماضی میں بھی اس طرح کے پرتشدد حملوں کا سامنا رہا ہے۔ گزشتہ برس اکتوبر میں ریاست گجرات میں ہی ایک دلت شخص کو اس لیے ہلاک کر دیا گیا تھا کیونکہ اس نے روایتی ہندو رقص کی ایک پرفارمنس میں شرکت کی تھی۔

ریاست گجرات سے ہی تعلق رکھنے والے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے متعدد مرتبہ زور دیا کہ کہ ذات پات کی بنیاد پر دلت کمیونٹی کے افراد کو نشانہ نہ بنایا جائے۔

 ع ب /  ع ا / اے ایف پی

بھارت: دلت برادری کی ابھرتی ہوئی اسٹار

02:24

This browser does not support the video element.

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں