گیانا ٹیسٹ کا پہلا دن: ویسٹ انڈیز کے نووکٹوں کے نقصان پر209 رنز
13 مئی 2011پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے گیانا میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے اسمتھ اور سمنز نے اننگز کا آغاز کیا جو زیادہ اچھا نہ تھا۔ میچ کے چھٹے اوور میں جب ویسٹ انڈیز کا کل اسکور پچیس تھا، تواسمتھ، محمد حفیظ کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ سعید اجمل نے چار وکٹیں حاصل کیں۔
اس میچ میں پاکستان کی طرف سے محمد سلیمان اور ویسٹ انڈیز کی طرف سے محمد بشو نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ابھی تک ویسٹ انڈیز کی سر زمین پر کوئی ٹیسٹ سیریز اپنے نام نہیں کی تاہم مبصرین کا خیال ہے کہ اس مرتبہ پاکستانی ٹیم اتنی مضبوط ہے کہ وہ ویسٹ انڈیز کی کمزور ٹیم کو شکست سے دوچار کر کے ایک نئی تاریخ رقم کر سکتی ہے۔
پاکستان کی ٹیم میں مصباح الحق، عمر اکمل، اظہر علی، محمد حفیظ، توفیق عمر، سعید اجمل، اسد شفیق، محمد سلیمان، عبدالرحمان، عمر گل اور وہاب ریاض کھیل رہے ہیں۔
پاکستانی ٹیم نے چھ مرتبہ ویسٹ انڈیز کا دورہ کیا ہے۔ اس دوران پاکستان کو چار مرتبہ ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا جبکہ دو مرتبہ ٹیسٹ سیریز برابر رہیں۔ تاہم اپنی سرزمین اور نیوٹرل مقامات پر کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف کامیابی حاصل کر رکھی ہے۔ پاکستانی ٹیم کی کپتانی مصباح الحق کر رہے ہیں۔ یونس خان کی عدم موجودگی کی وجہ سے مڈل آرڈر کچھ کمزورمعلوم ہوتا ہے تاہم نوجوان کھلاڑی اظہرعلی کے پاس سنہری موقع ہے کہ وہ اس دوران اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔
کرکٹ کے ماہرین کے بقول اظہر علی پاکستانی ٹیسٹ کرکٹ میں ایک اچھا اضافہ ہیں۔ انہوں نے اب تک اگرچہ کوئی سنچری نہیں بنائی تاہم انہوں نے اپنی 19 اننگز میں چھ نصف سنچریاں اسکور کی ہیں۔ ٹیسٹ سیریز سے قبل پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو دو تین سے شکست دی تھی۔
رپورٹ: امتیاز احمد
ادارت: ندیم گِل