گیلانی پر فرد جرم عائد کر دی گئی
13 فروری 2012مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزیر اعظم گیلانی پر عائد کی گئی فرد جرم کی دستاویز دو صفحات پر مشتمل ہے۔ سپریم کورٹ نے توہین عدالت کیس کی سماعت بائیس فروری تک ملتوی کر دی گئی ۔ گیلانی پاکستان کے ایسے پہلے وزیر اعظم ہیں، جن پر توہین عدالت کے الزام میں فرد جرم عائد کی گئی ہے۔ اگر انہیں اس مقدمے میں سزا سنا دی گئی تو انہیں چھ ماہ کی قید ہو سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی وہ نااہل بھی ہو جائیں گے۔
توہین عدالت کے جرم کے مرتکب پائے جانے پر وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اپنے عہدے سے ہاتھ دو بیٹھیں گے۔ یوسف رضا گیلانی نے ایک عرب ٹیلی وژن کو دیے گئے بیان میں یہ اعتراف کیا ہے کہ اگر ان پر جرم ثابت ہو جاتا ہے تو انہیں مستعفی ہونے کی ضرورت نہیں پڑے گی کیونکہ سزا ملنے کے ساتھ ہی وہ نااہل ہو جائیں گے۔
پاکستانی سپریم کورٹ نے دو برس قبل حکم دیا تھا کہ وزیر اعظم گیلانی پاکستانی صدر آصف علی زرداری کے خلاف بدعنوانی کے مقدمات کھلوانے کے لیے سوئس عدالتوں کو خط لکھیں۔ تاہم وزیر اعظم گیلانی نے ابھی تک سپریم کورٹ کے حکم کی تعمیل نہیں کی ہے۔ اس وجہ سے سپریم کورٹ نے ان کے خلاف عدالت کے حکم پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے توہین عدالت کے الزام میں فرد جرم عائد کی۔ گیلانی کا مؤقف ہے کہ صدر پاکستان کے خلاف عائد بدعنوانی کے تمام تر الزامات سیاسی نوعیت کے ہیں۔
جمعہ کے دن جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے آٹھ رکنی بینچ نے وزیراعظم کی انٹرا کورٹ اپیل مسترد کر دی تھی، جس میں وزیر اعظم گیلانی کے وکیل اعتزاز احسن نے درخواست کی تھی کہ ان کے مؤکل پر توہین عدالت کے سلسلے میں فرد جرم عائد نہ کی جائے۔
آج پیر کے دن جسٹس ناصر المک کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے سات رکنی بینچ نے قومی مصالحتی آرڈیننس این آر او پر دیے گئے عدالتی حکم پر عملدرآمد کے حوالے سے مقدمے کی سماعت کی اور وزیر اعظم گیلانی کو فرد جرم پڑھ کر سنائی۔ اس موقع پر گیلانی نے کہا کہ انہیں اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کی سمجھ آ گئی ہے۔ انہوں نے ان الزامات کو مسترد بھی کیا۔ سپریم کورٹ نے کہہ رکھا ہے کہ گیلانی کے خلاف یہ مقدمہ اسی صورت میں ختم کیا جائے گا، جب وہ سوئس عدالتوں کو خط لکھیں گے۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: عاطف توقیر