1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہاتھ سے بنی گڑیا، کس کس کے بچپن کا حصہ ہیں؟

20 جولائی 2024

پاکستان میں ہاتھ سے بنی گڑیوں سے کھیلنے کا شوق تو اب تقریباً ختم ہو چکا ہے مگر راولپنڈی سے تعلق رکھنے والی فوزیہ بی بی گزشتہ چار دہائیوں سے نہ صرف اس ثقافت کو زندہ رکھے ہوئے ہیں بلکہ اس کو اپنا ذریعہ معاش بھی بنالیا ہے۔

ہاتھ سے بنی یہ خوبصورت گڑیاں پاکستان کے ثقافتی لباس اور زیورات سے سجی ہوتیں ہیں
ہاتھ سے بنی یہ خوبصورت گڑیاں پاکستان کے ثقافتی لباس اور زیورات سے سجی ہوتیں ہیںتصویر: Asma Kundi/DW

پاکستان میں ہاتھ سے بنی گڑیوں سے کھیلنے کا رواج تو نہیں رہا مگر عنبرین فاطمہ اپنی ماں فوزیہ بی بی کے ساتھ مل کر نہ صرف اس ثقافت کو زندہ رکھے ہوئے ہیں بلکہ 'چن ماہی' کے نام سے اپنا کاروبار بھی چلا رہی ہیں۔ ہاتھ سے بنی یہ خوبصورت گڑیاں پاکستان کے ثقافتی لباس اور زیورات سے سجی ہوتیں ہیں۔

بیوہ ہو جانے کے بعد جب فوزیہ بی بی کے پاس اپنا اور اپنی بیٹی کا پیٹ پالنے کا اور کوئی ذریعہ نہ تھا تو بچپن میں سیکھا ہوا گڑیا بنانے اور سجانے کا ہنر ان کے کام آیا۔ کسی کے آگے ہاتھ پھیلانے سے بہتر انہوں نے اپنا کام شروع کرنے کا سوچا۔

مشہور پاکستانی ٹرک آرٹ کا زمین سے آسمان تک کا سفر

کسکس عالمی ثقافت کے ’اَن چھوئے‘ ورثے میں شامل

فوزیہ بی بی نے آس پڑوس کے بچوں کے لئے محدود پیمانے پر گڑیاں بنانے کا سلسلہ شروع کیا پھر ان کا ہنر دیکھ کے پاکستان لوک ورثہ اور راولپنڈی نیشنل آرٹس کونسل نے ان کو اپنا ہنر دنیا کے سامنے پیش کرنے کا موقع فراہم کیا۔

پاکستان لوک ورثہ اور راولپنڈی نیشنل آرٹس کونسل نے فوزیہ بی بی کو اپنا ہنر دنیا کے سامنے پیش کرنے کا موقع فراہم کیاتصویر: Asma Kundi/DW

'ہنرضروری ہے، اسے اپنی طاقت بنانا چاہئے'

فوزیہ بی بی نے ڈی ڈبلیو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی عورت پڑھی لکھی نہیں بھی ہے مگراس کے ہاتھ میں کوئی ہنر ہے تو اس ہنر کو اپنی طاقت بنانا چاہیے اور اپنے زور بازو پر بھروسہ کرنا چاہیے۔"میں نے نہ صرف اس ہنر سے اپنا گھر چلایا، اپنی بیٹی کو تعلیم دلائی بلکہ اپنی ملک کی ثقافت کو بھی زندہ رکھا اور مجھے خوشی ہے کہ اب میری بیٹی بھی نہ صرف میرے کام کو آگے بڑھا رہی ہے بلکہ اس میں جدت بھی لا رہی ہے۔"

کیا اورنج ٹرین پاکستان میں ثقافتی انقلاب لا سکتی ہے؟

خانہ بدوش ثقافت

فوزیہ اور ان کی بیٹی عنبرین فاطمہ نہ صرف لوک ورثہ میں اپنا سٹال لگاتی ہیں بلکہ پاکستان بھر میں ہر ثقافتی میلے کا ایک لازمی جز ہوتی ہیں کیونکہ پاکستان میں ہاتھ سے بنی گڑیا کا کام کوئی اتنی باریکی اور خوبصورتی سے نہیں کر رہا۔ عنبرین حصول تعلیم کے ساتھ ساتھ صرف اپنی ماں کا ہاتھ نہیں بٹاتی بلکہ سوشل میڈیا کا استعمال کرتے ہوئے 'چن ماہی‘ کے نام سے اس کاروبار کو عالمی منڈیوں تک پہنچا رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ دو مرتبہ عالمی نمائشوں میں اپنے فن کا مظاہرہ کر چکی ہیں جہاں انھیں کافی پزیرائی بھی ملی۔ سوشل میڈیا کے ذریعہ اب وہ بین الاقوامی آڈرز بھی لیتی ہیں۔

ہاتھ سے بنی یہ خوبصورت گڑیاں پاکستان کے تمام صوبوں  کے ثقافتی لباس اور زیورات سے سجی ہوتیں ہیں۔ ان کے پہناوے مختلف صوبوں کی نہ صرف پہچان دیتے ہیں بلکہ وہاں کے رسم و رواج کا پتہ بھی دیتے ہیں جیسے کہ ٹوپی والا برقع پہنے ہوئے گڑیا صوبہ خیبر پختونخوا کی پردے کی رسم دکھاتی ہے تو سندھی ٹوپی پہنے گڑیا سندھ کی ثقافت سے روشناس کراتی ہے۔

فوزیہ بی بی کا کہنا تھا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ ایک ایسا ٹریننگ کا ادارہ بنا سکیں جہاں خواہش مند لوگوں کو اپنا یہ ہنر سکھا سکیںتصویر: Asma Kundi/DW

نئی نسل کو ثقافت سے روشناس کرانے کی کوشش

فوزیہ بی بی نے بتایا کہ بچے اورخاص طور پر بچیاں جب ان کے سٹال پر آتی ہیں تو ان کی آنکھوں میں اس کام کے لئے نہ صرف ستائش ہوتی ہے بلکہ لبوں پر بہت سے سوال بھی ہوتے ہیں جیسے کہ اس گڑیا نے یہ کالے کپڑے سے منہ کیوں ڈھانپا ہوا ہے۔ تو کبھی میں اور کبھی ان کے والدین ان کو بتاتے ہیں کہ یہ کالا کپڑا برقع ہے اور اس کا تعلق کس صوبے سے ہے۔

ان گنت کہانيوں والے ملک پاکستان ميں کہانياں سنانے والوں کی قدر نہيں

پاکستان میں ثقافتی تنوع ، مکالمت اور ترقی کے امکانات

فوزیہ کہتی ہیں،" مجھے بہت خوشی محسوس ہوتی ہے کہ میرے کام سے ہماری نئی نسل اپنے ثقافتی ورثے سے روشناس ہورہی ہے اور اس بات کی بھی خوشی ہے کہ میرے ساتھ میرا یہ کام ختم نہیں ہو جائے گا بلکہ میری بیٹی مجھ سے بھی زیادہ اچھے سے اس کام کو اگلی نسلوں تک منتقل کرے گی۔"

عنبرین بتاتی ہیں، "میں انٹرنیٹ کی مدد سے اپنے ملک کی ثقافت کے بارے میں کھوج لگاتی رہتی ہوں اور پھر ہر صوبے کی ثقافت کو گڑیا کے کپڑوں اور زیورات کی مدد سے دکھانے کی کوشش کرتی ہوں کیونکہ ہمارے پاس ایک مخصوص 'چھاپہ' ہے جس سے ہم گڑیوں کا فیس پرنٹ کرتے ہیں اور اس کو ایک پلاسٹک کی گڑیا کے اوپر چڑھاتے ہیں، اس عمل کے بعد سبھی گڑیاں ایک جیسی دکھتی ہیں مگر اصل مرحلہ یہاں سے ہی شروع ہوتا ہے۔"

پاکستان میں ہاتھ سے بنی گڑیوں سے کھیلنے کا شوق اب تقریباً ختم ہو چکا ہےتصویر: Asma Kundi/DW

یہ خوبصورت ثقافتی ورثہ وقت کی نذر نہ ہوجائے

عنبرین کے مطابق وہ گڑیا کے بالوں کے لئے ایک مخصوص کالا یا بھورے رنگ کا دھاگہ استعمال کرتی ہیں اور علاقائی ثقافت کے لحاظ سے بالوں کا سائز اور سٹائل بناتیں ہیں۔ ان گڑیوں کے کپڑے بھی وہ خود ڈیزائن اور سلائی کرتی ہیں جس میں رنگوں اور کڑھائی کا انتخاب بھی وہ مخصوص علاقے کے حساب سے کرتی ہیں جس علاقے کی وہ گڑیا بنا رہی ہوتی ہیں۔

عنبرین کے اسٹال پر گڑیاں تو بہت تھیں لیکن گڈے اکا دکا ہی تھے۔ جب ہم نے اس کی وجہ پوچھی تو انہوں نے کہا، "ان کی مانگ بہت کم ہے اس لئے صرف آرڈر پر ہی گڈے تیار کئے جاتے ہیں۔"

فوزیہ بی بی کا کہنا تھا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ ایک ایسا ٹریننگ کا ادارہ بنا سکیں جہاں خواہش مند لوگوں کو اپنا یہ ہنر سکھا سکیں تاکہ پاکستان کا یہ خوبصورت ثقافتی ورثہ گزرتے وقت کی نذر نہ ہو جائے۔

عاصمہ کنڈی

میوزک ان کووڈ ٹائمز پاکستان کا ثقافتی ورثہ ہے، شریف اعوان

03:46

This browser does not support the video element.

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں