1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہاتھ، پاؤں اور منہ کی بیماری سے اب تک سترہ ویتنامی ہلاک

6 اپریل 2012

ویت نام میں ایک شیر خوار بچی ہاتھ، پاؤں اور منہ کی بیماری میں مبتلا ہو کر موت کے منہ میں چلی گئی ہے جس کے بعد ملک میں رواں برس اس وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد اب 17 ہو گئی ہے۔

تصویر: picture alliance/landov

دارالحکومت ہنوئے میں طبِ امتناعی اور ماحولیات کے محکمے کےایک اہلکار نے جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کو بتایا کہ 20 ماہ کی یہ بچی گزشتہ ہفتے ہوچی منہہ سٹی میں انتقال کر گئی۔

اس محکمے کے مطابق ویت نام کے مختلف صوبوں میں ہاتھ، پاؤں اور منہ کی بیماری کے واقعات کافی بڑھ گئے ہیں اور رواں برس کی پہلی سہ ماہی میں اس بیماری سے 22 ہزار کے قریب بچے متاثر ہوئے جو کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں نو گنا زیادہ تعداد ہے۔

اس بیماری کے باعث ہونے والی تمام تر ہلاکتیں EV71 نامی اینٹرو وائرس کے نتیجے میں ہوئی ہیں۔ ہلاک ہونے والے بچوں میں سے 88 فیصد کی عمریں تین سال سے کم تھیں جبکہ باقی 12 فیصد تین سے پانچ برس کی عمروں کے تھے۔

رواں برس کی پہلی سہ ماہی میں ویت نام میں ہاتھ، پاؤں اور منہ کی بیماری سے 22 ہزار کے قریب بچے متاثر ہوئےتصویر: AP

کل جمعرات کو ملکی وزارت صحت میں اس بیماری کی روک تھام کے طریقوں پر تبادلہ خیال کے لیے ملک بھر سے آئے ہوئے بچوں کے امراض کے ماہرین کا ایک اجلاس بھی منعقد ہوا تھا۔

وزیر صحت Nguyen Thi Kim Tien نے بتایا: ’ڈاکٹروں، نرسوں اور بچوں کے امراض کے ماہرین کے لیے ہاتھ، پاؤں اور منہ کی بیماری کی نگرانی، روک تھام اور کنٹرول سے متعلق تربیتی کورسز ضروری ہیں تا کہ اس مرض سے ہونے والی ہلاکتوں کو روکا جا سکے۔‘

بچوں میں یہ وائرس تھوک، جسم پر پڑے آبلوں اور پاخانے کے ذریعے پھیلتا ہے۔ تاہم بالغوں میں یہ مرض بہت کم منتقل ہو تا ہے کیونکہ بالغوں کا جسمانی مدافعتی نظام عام طور پر کافی مضبوط ہوتا ہے۔

بعض واقعات میں یہ وائرس زندگی کے لیے خطرہ بھی بن سکتا ہے۔ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اس مرض کے علاج کے لیے کوئی ویکسین یا مخصوص علاج دستیاب نہیں ہے اور اس کی روک تھام کا بہترین طریقہ گھروں اور اسکولوں میں حفظان صحت کے اصولوں کا خیال رکھنا اور پرخطر جگہوں پر جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ کرنا ہے۔

ویت نام میں اس بیماری کے باعث گزشتہ برس 166 افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں زیادہ تعداد بچوں کی تھی۔

(hk/mm (DPA

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں