ہارنے کو کچھ نہیں بچا ہے، مصباح الحق
14 فروری 2015پاکستانی قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ہفتے کے دن کہا ہے کہ اگر پاکستان کو عالمی کپ مقابلوں میں روایتی حریف بھارت سے شکست کھانے کے سلسلے کو توڑنا ہے تو تمام پاکستانی کھلاڑیوں کو اپنے جذبات پر قابو رکھنا ہو گا۔ پاکستان عالمی کپ 2015 کے سلسلے میں اپنا پہلا میچ ہی بھارت کے ساتھ کھیل رہا ہے۔ یہ میچ پندرہ فروری کو ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔ پندرہ فروری کو گروپ بی کے سلسلے میں ایک اور میچ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے مابین بھی کھیلا جائے گا۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چالیس سالہ مصباح الحق نے کہا، ’’پاکستان اور بھارت کے مابین کرکٹ میچ ہمیشہ ہی تناؤ سے پُر ہوتا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’ بہترین ہو گا کہ ہم اس میچ سے لطف اندوز ہوں۔ مثبت رہیں، ماحول کو انجوائے کریں اور صرف کھیل پر توجہ مرکوز رکھیں اور میرے خیال میں ایسا ہی ہونا چاہیے۔‘‘
پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں مجموعی طور پر 121 ایک روزہ میچوں میں مد مقابل آ چکی ہیں، جن میں سے پاکستان کو 72 میں کامیابی بھی حاصل ہوئی ہے لیکن عالمی کپ مقابلوں میں پاکستان کو ابھی تک کامیابی نہیں مل سکی ہے۔ ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں پانچ مرتبہ مدمقابل آ چکی ہیں اور تمام میچوں میں پاکستانی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
مصباح کے بقول ان کی ناتجربہ کار ٹیم کے لیے سب سے بڑی تحریک یہی ہے کہ پاکستان نے ابھی تک عالمی کپ کے کسی میچ میں بھارت کو شکست نہیں دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ ٹیم میں زیادہ تر کھلاڑی ایسے ہیں ، جو پہلی مرتبہ ورلڈ کپ میں شریک ہو رہے ہیں اور یہی امر ان کے لیے تقویت کا باعث ہے کہ وہ بھارت کو ہرا دیں۔
مصباح کہتے ہیں کہ اگر پاکستانی کھلاڑی اس عالمی کپ کے میچ میں اپنا قدرتی کھیل پیش کریں تو یوں پریشر کو ختم کیا جا سکتا ہے۔ مصباح پر امید ہیں کہ اس مرتبہ پاکستانی ٹیم بھارتی قومی کرکٹ ٹیم کو شکست دے کر ایک نئی تاریخ رقم کر سکتی ہے۔
افتتاحی دن، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی فتوحات
عالمی کپ 2015ء کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو اٹھانوے رنز سے مات دے دی۔ سری لنکا نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی اور میزبان ملک نیوزی لینڈ نے مقررہ پچاس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 331 رنز بنا ڈالے۔ اس میں کپتان برینڈن میککلم، کین ولیمزسن اور کورے ایڈریسن کی شاندار نصف سنچریاں بھی شامل تھیں۔
سری لنکا کی ٹیم 332 رنز کے تعاقب میں 47 اوور میں 233 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔ سری لنکا کی طرف سے نمایاں بلے بازوں میں تھرمینے نے 65، سنگاکارا نے انتالیس جبکہ کپتان اینجلو میتھوز نے چھالیس رنز بنائے۔
چودہ فرروی کو کھیلے گئے گروپ اے کے ایک اور میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 111 رنز سے مات دی۔ میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے اس میچ میں انگلش کپتان اوئن مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلوی ٹیم نے مقررہ پچاس اوورز میں نو کھلاڑیوں کے نقصان پر 342 رنز بنائے۔ آسٹریلوی اوپنر ایرون فینچ نے 135 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ جارج بیلی اور گیلن میکسویل نے بالتریب پچپن اور 66 رنز بنائے۔ انگلش بولر اسٹیون فِن نے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دیکھائی۔
انگلینڈ نے جب ایک مشکل ہدف کا تعاقب شروع کیا تو آسٹریلوی فاسٹ بولنگ کے سامنے اس کا ٹاپ آرڈر کوئی مزاحمت نہ دیکھا سکا اور تمام ٹیم 42 ویں اوور میں 231 کے اسکور پر آؤٹ ہو گئی۔ دیگر بلے بازوں کی طرح کپتان اوئن مورگن بھی ناکام ہوئے اور انہیں ایک مرتبہ پھر اپنا کھاتے کھولے بغیر ہی پویلین کا رخ کرنا پڑا۔ انگلش بلے باز جیمز ٹیلر ہی ایک ایسے کھلاڑی تھے جنہوں نے سنبھل کر 98 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ آسٹریلوی بولر مچل ماش نے پانچ جبکہ مچل جانسن اور مچل اسٹارک نے دو دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔