1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہالینڈ اور ارجنٹائن سیمی فائنل میں پہنچ گئے

ندیم گِل6 جولائی 2014

ہالینڈ نے فیفا ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں کوسٹا ریکا کو شکست دے دی ہے۔ سیمی فائنل میں اب اس کا سامنا ارجنٹائن سے ہوگا جس نے کوارٹر فائنل میں بیلجیئم کو مات دی۔

تصویر: Getty Images

فیفا ورلڈ کپ کے آخری دو کوارٹر فائنل مقابلے ہفتہ پانچ جولائی کو ہوئے۔ ان میں سے ہالینڈ اور کوسٹا ریکا کے درمیان مقابلے کا فیصلہ پینلٹیز پر ہوا۔ ہالینڈ نے یہ میچ تین کے مقابلے میں چار گول سے جیت لیا۔

کوسٹا ریکا نے دو گھنٹے تک زبردست دفاعی کھیل پیش کیا اور اس کے گول کیپر کیلر نیواس نے کئی ممکنہ گول روکے۔ دو گھنٹے گزرنے پر بھی میچ صفر صفر سے برابر رہا تو فیصلہ پینلٹیز کے ذریعے کیا گیا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس موقع پر ہالینڈ کے کوچ لوئیس فان گال نے حیرت انگیز تبدیلی کرتے ہوئے اپنے گول کیپر جیسپر سِلیسن کی جگہ ٹِم کرُل کو بھیج دیا۔ ہالینڈ کی ٹیم کو اس تبدیلی کا فائدہ پہنچا جبکہ گول کی دوسری جانب اس کے کھلاڑیوں نے پینلٹیز پر چار گول داغے۔

قبل ازیں ہفتے کو ہی کوارٹر فائنل کے ایک اور مقابلے میں ارجنٹائن کا سامنا بیلجیئم سے ہوا۔ ارجنٹائن نے صفر کے مقابلے میں ایک گول سے یہ میچ جیت کر 1990ء کے بعد پہلی مرتبہ فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔

ارجنٹائن نے بیلجیئم کو مات دیتصویر: picture-alliance/dpa

خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق اس جیت کے باوجود ارجنٹائن کے کوچ الیہاندرو زابیلا کے لیے اس میچ کا انجام کسی حد تک مایوس کُن رہا۔ اس میچ میں ان کے ایک اہم کھلاڑی اینجل ڈی ماریا زخمی ہو گئے اور خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ آئندہ میچ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

بیلجیئم کے خلاف ارجنٹائن کی ٹیم میدان میں اتری تو کھیل کے آغاز پر ہی خوش قسمی نے اس قدم چومے اور اس کی جانب سے میچ کا واحد گول کھیل کے آٹھویں منٹ میں ہی کر دیا گیا۔

اس سے قبل دو کوارٹر فائنل جمعے کو ہوئے۔ ان میں جرمنی نے فرانس کو شکست دی۔ سیمی فائنل میں اس کا سامنا برازیل سے ہو گا جو کولمبیا کو شکست دے کر اس مرحلے تک پہنچا۔

جرمنی نے کوارٹر فائنل میں فرانس کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی۔ دوسرے کوارٹر فائنل میں برازیل کا سامنا کولمبیا سے ہوا۔ میزبان ٹیم نے کولمبیا کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔

جرمنی کے لیے فٹ بال ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا یہ تیرھواں موقع ہے جبکہ گزشتہ بارہ برس میں برازیل کے لیے فٹ بال ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا یہ پہلا موقع ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں