ہالینڈ اور کوسٹاریکا کوارٹر فائنل میں، جرمنی کا مقابلہ آج
30 جون 2014فیفا ورلڈ کپ 2014ء کے چھٹے کوارٹر فائنل مقابلے میں آج جرمن فٹ بال ٹیم برازیل کے شہر پورٹو الیگرو میں الجزائر سے نبرد آزما ہو گی۔ یہ میچ عالمی وقت کے مطابق دن چار بجے شروع ہو گا۔ جرمن قومی فٹ بال ٹیم کے کپتان فلپ لاہم نے کہا ہے کہ الجزائر کے خلاف کھیلتے ہوئے ان کی ٹیم کو ثابت کرنا چاہیے کہ وہ اس عالمی کپ کی ایک فیورٹ ٹیم ہے۔
اتوار کے دن صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے لاہم کا کہنا تھا کہ پری کوارٹر فائنل میچ میں جرمن ٹیم بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کرے گی۔ تیس سالہ لاہم کے بقول، ’’ہم ناک آؤٹ اسٹیج پر ہیں۔ یا تو ہمیں پرفارم کرنا ہو گا یا پھر گھر واپس جانا ہو گا۔ لاہم نے مزید کہا کہ جرمن ٹیم کو جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے ثابت کرنا ہو گا کہ وہ ایک بہتر یونٹ ہے۔
یہ امر اہم ہے کہ جرمنی اب تک صرف دو مرتبہ افریقہ کی اس ٹیم کے خلاف میدان میں اترا ہے اور دونوں میچوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ 1982ء کے عالمی کپ میں الجزائر نے جرمنی کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے مات دی تھی جبکہ 1964 میں کھیلے گئے ایک دوستانہ میچ میں جرمنی دو صفر سے ہارا تھا۔
آج بروز پیر فیفا ورلڈ کپ کے پانچویں پری کوارٹر فائنل مقابلے میں فرانس اور نائجیریا کی ٹیمیں بھی مد مقابل ہوں گی۔ اس میچ میں کامیاب ہونے والی ٹیم جرمنی یا الجزائر کے ساتھ کوارٹر فائنل میچ کھیلے گی۔
کل بروز اتوار تیسرے اور چوتھے کوارٹر فائنل میچوں میں ہالینڈ نے ایک ڈرامائی کھیل کے بعد میکسیکو کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے جبکہ کوسٹا ریکا نے پنلٹی شوٹ آؤٹ پر یونان کو ہرا دیا تھا۔
کوسٹا ریکا اور یونان کے مابین کھیلا گیا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا جبکہ تیس منٹ کے اضافی وقت میں بھی کوئی ٹیم برتری حاصل نہ کر سکی۔ پنلٹی شوٹ آؤٹ پر کوسٹا ریکا نے یورپی ٹیم یونان کو پانچ تین سے مات دی۔ وسطی امریکا کے اس ملک نے پہلی مرتبہ ورلڈ کپ مقابلوں میں کوارٹر فائنل تک پہنچنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ کوسٹا ریکا اب پانچ جولائی کو کوارٹر فائنل میچ میں ہالینڈ کے مد مقابل آئے گا۔
قبل ازیں ہالینڈ کی فٹ بال ٹیم نے ورلڈ کپ جیتنے کی امیدوں کو زندہ رکھا اور میچ کے آخری منٹوں میں دو گول کر کے میکسیکو کو پریشان کر دیا۔ اس میچ میں میکسیکو کی طرف سے سانتوس نے 48 ویں منٹ میں گول کر دیا تھا۔ ڈچ ٹیم کی بھرپور کوشش کے باوجود وہ آخری منٹوں تک گول کرنے میں ناکام رہی۔
ڈچ کھلاڑی ویسلے شنائیڈر نے کھیل کے 88 ویں منٹ میں گول کر کے یہ میچ ایک ایک گول سے برابر کر دیا جبکہ (اسٹاپج ٹائم) میں روبن نے اپنی ٹیم کے لیے پنلٹی کک حاصل کر لی۔ یوں آخری لمحات میں فان ہونٹیلار نے اس پنلٹی کک پر گول کر دیا۔ میسکیکو کی ٹیم اگر اس میچ میں کامیاب ہو جاتی تو وہ اٹھائیس برس بعد پہلی مرتبہ کوارٹر فائنل مقابلے کے لیے کوالیفائی کرتی۔