ہالینڈ میں شوٹنگ: تین افراد ہلاک، ترک نژاد مفرور ملزم گرفتار
18 مارچ 2019
ڈچ حکام کے مطابق انہیں شہر اُتریخت میں پیر کو ہونے والی شوٹنگ کے سلسلے میں ایک ترک نژاد مشتبہ ملزم کی تلاش تھی، جسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ایک ٹرام میں شوٹنگ کے اس واقعے میں تین افراد ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہو گئے تھے۔
مشتبہ حملہ آور نے اتریخت میں شوٹنگ اس ٹرام میں کیتصویر: picture-alliance/A. Asiran
اشتہار
وسطی ہالینڈ کے شہر اُتریخت سے پیر اٹھارہ مارچ کو ملنے والی مختلف نیوز ایجنسیوں کی رپورٹوں کے مطابق یہ فائرنگ آج قبل از دوپہر کی گئی تھی، جس میں مشتبہ ملزم نے ایک ٹرام میں ایک خاتون کو موقع پر ہی ہلاک اور کئی دیگر افراد کو زخمی کر دیا تھا۔ بعد ازاں یہ ملزم ایک گاڑی میں سوار ہو کر موقع سے فرار ہو گیا تھا۔ زخمیوں میں سے مزید دو افراد بعد ازاں ہسپتال میں دم توڑ گئے۔
اس واقعے کے فوری بعد، جسے حکام نے ایک مشتبہ دہشت گردانہ حملے کا نام بھی دیا تھا، ہالینڈ میں سکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے تھے۔ ملکی وزیر اعظم مارک رُٹّے نے اس حملے کے بعد کہا کہ ان کے ملک کو ’ایک اور خونریز حملے‘ کا سامنا ہے۔ اسی دوران ہالینڈ کے صوبے اُتریخت میں کسی بھی نئے ممکنہ خونریز واقعے سے نمٹنے کے لیے پیراملٹری پولیس کو انتہائی چوکس کیا جا چکا ہے جبکہ ملکی ہوائی اڈوں کی سکیورٹی بھی مزید بڑھا دی گئی تھی۔
نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق وزیر اعظم رُٹّے نے اس حملے کے بعد ہنگامی مشاورت کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کر لیا ہے اور حکومت کو اس حملے کے اس پہلو پر بھی خصوصی تشویش ہے کہ ابھی گزشتہ جمعے کے روز ہی نیوزی لینڈ میں بھی ایک دہشت گردانہ حملہ ہوا تھا، جس میں سفید فام باشندوں کی نسلی برتری کی سوچ کے حامل ایک مسلح آسٹریلوی ملزم نے نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مسلمانوں کی دو مساجد میں اندھا دھند فائرنگ کر کے 50 افراد کو ہلاک اور تقریباﹰ اتنی ہی تعداد میں نمازیوں کو زخمی بھی کر دیا تھا۔
تصویر: picture-alliance/ANP/R. V. Lonkhuijsen
ڈچ پولیس اور خفیہ اداروں کے مطابق مشتبہ ملزم کی عمر 37 برس ہے، وہ ایک ترک نژاد باشندہ ہے اور اس کا نام گوکمان تانیس ہے، جو ترکی میں پیدا ہوا تھا۔ اس مشتبہ ملزم کی پولیس نے ایک تصویر بھی جاری کر دی تھی اور عوام سے کہا گہا تھا کہ وہ نظر آنے پر اس مسلح حملہ آور کے قریب مت جائیں بلکہ پولیس کو اطلاع کریں۔
شہر اُتریخت کے میئر کے مطابق اس حملے میں ہلاک شدگان کی تعداد تین ہے۔ اس شوٹنگ میں پہلے ایک خاتون ہلاک ہو گئی تھی، جس کے بعد پیر کی سہ پہر تک زخمیوں میں سے مزید دو افراد دم توڑ گئے۔ تازہ ترین رپورٹوں کے مطابق ڈچ پولیس نے اس شوٹنگ کے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
اُتریخت ہالینڈ کا چوتھا سب سے بڑا شہر ہے، جس کی آبادی تقریباﹰ ساڑھے تین لاکھ ہے۔ اس شہر کی آبادی میں بہت بڑی تعداد مقامی یونیورسٹیوں کے طلبہ کی بھی ہے۔ ہالینڈ میں شوٹنگ کے نتیجے میں انسانی ہلاکتوں کے واقعات بہت ہی کم دیکھنے میں آتے ہیں۔
ادھر ترکی میں استنبول سے ترک نیوز ایجنسی انادولُو نے مشتبہ ملزم کے رشتے داروں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اس نے یہ فائرنگ مبینہ طور پر ایک خاندانی جھگڑے کے بعد اس ٹرام میں سوار اپنے چند رشتے داروں پر کی تھی۔
م م / ع س / روئٹرز، اے ایف پی، ڈی پی اے
2018: دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک
سن 2018 کے ’گلوبل ٹیررازم انڈیکس‘ کے مطابق گزشتہ برس پاکستان میں دہشت گردانہ حملوں میں ہلاکتوں کی تعداد سن 2013 کے مقابلے میں 64 فیصد کم رہی۔ اس انڈیکس کے مطابق دنیا بھر میں سب سے زیادہ دہشت گردی کے شکار ممالک یہ رہے۔
تصویر: STR/AFP/Getty Images
عراق
گلوبل ٹیررازم انڈیکس کے مطابق گزشتہ برس عراق میں دہشت گردی کے واقعات میں 4271 افراد ہلاک ہوئے جب کہ سن 2016 میں یہ تعداد قریب 10 ہزار تھی۔ داعش کی دہشت گردانہ کارروائیوں میں 52 فیصد کمی ہوئی۔ اس کے باوجود عراق دہشت گردی کے شکار ممالک کی فہرست میں گزشتہ مسلسل چودہ برس سے سر فہرست رہا۔ عراق کا جی ٹی آئی اسکور دس سے کم ہو کر 9.75 رہا۔
تصویر: picture-alliance/AP
افغانستان
تازہ رپورٹ کے مطابق افغانستان اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے تاہم اس برس افغانستان میں دہشت گردی کے سبب ہلاکتوں کی تعداد عراق سے بھی زیادہ رہی۔ گزشتہ برس افغانستان میں قریب بارہ سو دہشت گردانہ حملوں میں 4653 افراد ہلاک جب کہ پانچ ہزار سے زائد زخمی ہوئے۔ زیادہ تر حملے طالبان نے کیے جن میں پولیس، عام شہریوں اور حکومتی دفاتر کو نشانہ بنایا گیا۔ افغانستان کا جی ٹی آئی اسکور 9.39 رہا۔
تصویر: Getty Images/AFP/S. Marai
نائجیریا
دہشت گردی سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں جی ٹی آئی اسکور 8.66 کے ساتھ نائجیریا اس تیسرے نمبر پر ہے۔ سن 2017 کے دوران نائجیریا میں دہشت گردی کے سبب ہلاکتوں کی تعداد ڈیڑھ ہزار سے کچھ زائد رہی جو اس سے گزشتہ برس کے مقابلے میں سولہ فیصد کم ہے۔
تصویر: Reuters/Stringer
شام
سن 2016 کی نسبت گزشتہ برس شام میں دہشت گردانہ حملوں میں ہلاکتوں کی تعداد اڑتالیس فیصد کم رہی۔ اس کے باوجود خانہ جنگی کا شکار یہ ملک قریب گیارہ سو ہلاکتوں کے ساتھ دہشت گردی سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں چوتھے نمبر پر ہے۔ گزشتہ برسوں کے دوران شام میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں زیادہ تر داعش اور النصرہ کے شدت پسند ملوث تھے۔ شام کا اسکور 8.6 سے کم ہو کر اس رپورٹ میں 8.3 رہا۔
تصویر: Getty Images/AFP
پاکستان
پانچویں نمبر پر پاکستان ہے جہاں گزشتہ برس 576 دہشت گردانہ واقعات میں ساڑھے آٹھ سو انسان ہلاک ہوئے۔ 2016ء کے مقابلے میں گزشتہ برس تحریک طالبان پاکستان کی کارروائیوں میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 17 فیصد کم رہی۔ داعش خراسان کے حملوں میں 50 فیصد جب کہ لشکر جھنگوی کے حملوں کے باعث ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں 17 فیصد اضافہ ہوا۔
تصویر: Getty Images/AFP/A. Hassan
صومالیہ
دہشت گردی سے متاثرہ ممالک کی امسالہ فہرست میں صومالیہ چھٹے نمبر پر رہا، گزشتہ انڈیکس میں صومالیہ ساتویں نمبر پر تھا۔ اس ملک میں الشباب تنظیم سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے نوے فیصد سے زائد حملوں کی ذمہ داری قبول کی۔ صومالیہ میں دہشت گردی کے سبب ہلاکتوں کی تعداد میں 93 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔ جی ٹی آئی انڈیکس میں صومالیہ کا اسکور 7.6 سے بڑھ کر 8.02 ہو گیا۔
تصویر: picture alliance/dpa/AAS. Mohamed
بھارت
بھارت بھی اس فہرست میں آٹھ کی بجائے ساتویں نمبر پر آ گیا۔ دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا جب کہ ہلاکتوں کی تعداد میں بھی بارہ فیصد اضافہ نوٹ کیا گیا۔ سن 2017 میں مجموعی طور پر 384 بھارتی شہری دہشت گردی کا نشانہ بن کر ہلاک جب کہ چھ سو سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ انڈیکس کے مطابق بھارت کے مشرقی حصے میں ہونے والی زیادہ تر دہشت گردانہ کارروائیاں ماؤ نواز باغیوں نے کیں۔ بھارت کا اسکور 7.57 رہا۔
تصویر: Getty Images/AFP/N. Seelam
یمن
یمن میں متحارب گروہوں اور سعودی قیادت میں حوثیوں کے خلاف جاری جنگ کے علاوہ اس ملک کو دہشت گردانہ حملوں کا بھی سامنا ہے۔ تاہم سن 2016 کے مقابلے میں دہشت گردانہ حملوں میں ہلاکتوں کی تعداد 75 فیصد کم رہی۔ مجموعی طور پر دہشت گردی کے 141 واقعات میں 378 افراد ہلاک ہوئے۔ دہشت گردی کے ان واقعات میں حوثی شدت پسندوں کے علاوہ القاعدہ کی ایک شاخ کے دہشت گرد ملوث تھے۔ گزشتہ انڈیکس میں یمن چھٹے نمبر پر تھا۔
تصویر: Reuters/F. Salman
مصر
مصر ایک مرتبہ پھر دہشت گردی سے متاثرہ ٹاپ ٹین ممالک میں شامل ہو گیا۔ 169 دہشت گردانہ واقعات میں 655 افراد ہلاک ہوئے۔ زیادہ تر حملے داعش کے گروہ نے کیے۔ مصر کا جی ٹی آئی اسکور 7.35 رہا۔
تصویر: picture-alliance/AP Photo/S. Abdallah
فلپائن
دہشت گردی کے 486 واقعات میں 326 انسانوں کی ہلاکتوں کے ساتھ فلپائن بھی ٹاپ ٹین میں شامل کیا گیا۔ فلپائن کا انڈیکس اسکور 7.2 رہا۔ فلپائن میں پینتیس فیصد حملوں کی ذمہ داری کمیونسٹ ’نیو پیپلز آرمی‘ نے قبول کی جب کہ داعش کے ابوسیاف گروپ کے حملوں میں بھی اٹھارہ فیصد اضافہ ہوا۔
تصویر: Reuters/E. de Castro
ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو
گلوبل ٹیررازم انڈیکس میں 7.05 کے اسکور کے ساتھ گیارہویں نمبر جمہوری جمہوریہ کانگو ہے۔
تصویر: DW/J. Kanyunyu
ترکی
ترکی گزشتہ انڈیکس میں پہلی مرتبہ پہلے دس ممالک کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔ اس برس ترکی میں دہشت گردی کے واقعات اور ان کے سبب ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد کم ہوئی۔ موجودہ انڈیکس میں ترکی کا اسکور 7.03 رہا۔ دہشت گردی کے زیادہ تر حملوں کی ذمہ داری پی کے کے اور ٹی اے کے نامی کرد شدت پسند تنظیموں نے قبول کی جب کہ داعش بھی ترک سرزمین پر دہشت گردانہ حملے کیے۔
تصویر: Reuters/Y. Karahan
لیبیا
لیبیا میں معمر قذافی کے اقتدار کے خاتمے کے بعد یہ ملک تیزی سے دہشت گردی کی لپیٹ میں آیا۔ گلوبل ٹیررازم انڈیکس کے مطابق 2016ء میں لیبیا میں 333 دہشت گردانہ حملوں میں پونے چار سو افراد ہلاک ہوئے تھے۔ دہشت گردی کی اکثر کارروائیاں دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ سے منسلک مختلف گروہوں نے کیں۔ گزشتہ انڈیکس میں لیبیا 7.2 کے اسکور کے ساتھ دسویں جب کہ تازہ انڈیکس میں 6.99 اسکور کے ساتھ تیرہویں نمبر پر ہے۔