ہالی وُڈ فلم ’’اَوتار‘‘ کی ریکارڈ کامیابی
28 دسمبر 2009اب تک کسی فلم نے افتتاحی وِیک اَینڈ پر پچھتر ملین ڈالر کا بزنس نہیں کیا۔ 300 ملین ڈالر کی لاگت سے تیار ہونے والی یہ فلم اپنی ریلیز کے بعد پہلے دَس روز کے اندر اندر امریکہ ا ور کینیڈا میں 212 ملین ڈالر سے زیادہ کا بزنس کر چکی ہے۔ دُنیا بھرمیں اِس فلم کو حاصل ہونے والی اب تک کی آمدنی کا اندازہ 468 ملین ڈالر لگایا گیا ہے۔
سوال اب یہ کیا جا رہا ہے کہ کیا یہ فلم کاروباری کامیابی کے اعتبار سے اب تک کی کامیاب ترین فلم "Titanic" کو پیچھے چھوڑ دے گی؟ دُنیا بھر میں چھ سو ملین ڈالر سے زیادہ کا بزنس کرنے والی اور گیارہ آسکر ایوارڈز جیتنے والی فلم "Titanic" کے ہدایتکار بھی جیمز کیمرون تھے اور اِس نئی سہ جہتی سائنس فکشن فلم ’’اَوتار‘‘ کی ہدایات بھی اُنہوں نے ہی دی ہیں۔
کامیابی کے اعتبار سے برطانوی ہدایتکار گائی رِچی کی فلم ’’شرلاک ہومز‘‘ دوسرے نمبر پر رہی۔ یہ فلم امریکی سنیماؤں میں اب تک 65 ملین ڈالر کا بزنس کر چکی ہے۔ اِس میں مشہور سراغ رساں کا مرکزی کردار رابرٹ ڈاؤنی جونیئر نے ادا کیا ہے۔ کارٹون فلم «"Alvin and the Chipmunks"» تیسرے نمبر پر رہی۔
جہاں ایک طرف ہدایتکار جیمز کیمرون کی تازہ فلم ’’اَوتار‘‘ فلم شائقین میں مقبول ہوئی ہے، وہاں خود اُنہیں ’’واک آف فیم‘‘ میں اُن کے نام کے سٹار کا اعزاز دیا گیا ہے۔ 55 سالہ کیمرون نے کہا کہ اِس اعزاز کا حصول اُن کے لئے ایک ’’زبردست احساس‘‘ کا باعث بنا ہے۔
اِس تقریب کے موقع پر اُن کے کوئی دو سو پرستاروں اور متعدد فلمی شخصیات کے ساتھ ساتھ کیلیفورنیا کے موجودہ گورنر آرنولڈ شوارسن اَیگر بھی شامل تھے۔ شوارسن اَیگر کے ساتھ کیمرون نے نہ صرف ’’ٹرمینیٹر‘‘ فلموں کا سلسلہ تخلیق کیا بلکہ اُن کی اداکاری سے سجی فلم ’’ٹرُو لائیز‘‘ کے ہدایتکار بھی جیمز کرون ہی تھے۔
رپورٹ: امجد علی
ادارت: گوہر نذیر گیلانی