دنیا میں تارکین وطن کے لیے دس مہنگے ترین شہروں میں سے چھ ایشیاء میں ہیں اور ہانگ کانگ ان میں سر فہرست ہے۔
اشتہار
ہانگ کانگ میں گزشتہ کئی ماہ سے جاری مظاہروں کے باوجود اسے مسلسل دوسرے برس بھی یہ'اعزاز‘حاصل رہا جبکہ اشک آباد اور ٹوکیو انتہائی مہنگے چوٹی کے تین شہروں میں شامل ہیں۔
تارکین وطن کے لیے رہائشی اخراجات سے متعلق مرسر کے 26ویں سالانہ سروے کے مطابق دنیا میں چوٹی کے دس انتہائی مہنگے شہروں میں ایشیاء کے چھ شہر شامل ہیں۔ مکانوں کی قیمت اور بہت زیادہ کرایے کی وجہ سے ہانگ کانگ کو دنیا کا سب سے مہنگا شہر قرار دیا گیا ہے۔ حالانکہ ہانگ کانگ میں گزشتہ کئی ماہ سے مظاہرے ہورہے ہیں اس کے باوجود یہ مسلسل دوسرا سال ہے جب یہ ایشیائی ملک دنیا کا سب سے مہنگا ملک ہونے کا 'اعزاز‘ برقرار رکھنے میں کامیاب رہا ہے۔
سروے میں 209 ملکوں کا جائزہ لیا گیا اور روزمرہ ضروریات اور استعمال کی 200 اشیاء اور خدمات کی لاگت کی بنیاد پرمہنگائی کا تعین کیا گیاہے۔ ان میں مکان، نقل و حمل، کھانے پینے، کپڑے، گھریلو استعمال کی چیزیں اور تفریح شامل ہیں۔
سروے کے مطابق دنیا کا دوسرا سب سے مہنگا شہر ترکمانستان کا دارالحکومت اشک آباد ہے۔ جو ان دنوں افراط زر کی اونچی شرح اور درآمدات نیز خام مال پر آنے والی بھاری لاگت کا بوجھ جھیل رہا ہے۔ فہرست میں تیسرا مقام جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کا ہے۔
مہنگے شہروں کے لحاظ سے سنگا پور اور نیویارک بالترتیب پانچویں اورچھٹے مقام پر ہیں، جبکہ سوئٹزر لینڈ کے شہر زیورخ، برن اور جنیوا کو بالترتیب چوتھا، آٹھواں اور نواں مقام ملا ہے۔ چین کے شہر شنگھائی اور بیجنگ دنیا کے سب سے مہنگے شہروں کی فہرست میں بالترتیب ساتویں اور دسویں نمبر پر ہیں۔
سروے کے مطابق افریقہ میں سب سے مہنگا شہر چاڈ کا نجامنا ہے، جو فہرست میں 15ویں نمبر پر اور سان فرانسسکو سے ایک درجہ آگے ہے۔ نائجیریا کا دارالحکومت لاگوس 17ویں مقام پر ہے اورمہنگے شہر کے لحاظ سے برطانوی دارالحکومت لندن سے ایک درجہ آگے ہے۔
مہنگے شہروں کی فہرست میں تل ابیب مشرق وسطی کا سب سے مہنگا شہر ہے اس کے بعد دوبئی کا نمبر آتا ہے۔ تاہم عالمی فہرست میں تل ابیب 12 ویں نمبر پر اور دوبئی 23 ویں نمبر پر ہے۔
سروے کے مطابق تیونس اور ونڈہوک دنیا کے سب سے سستے شہر ہیں۔
مرسر کی اس فہرست سے کمپنیوں کو بیرون ملک اپنے ملازمین پر ہونے والے اخراجات کا اندازہ لگانے میں مدد ملتی ہے۔ اس سروے کے ذریعہ تارکین وطن کی رہائش پر آنے والے اخراجات کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ اس برس کے سروے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایشیائی اورافریقی ممالک غیر ملکیوں کے لیے زیادہ مہنگے ہوتے جارہے ہیں۔
ج ا/ ص ز (ایجنسیاں)
ایشیا کے مہنگے ترین شہر، رہائش رکھنا انتہائی مشکل
دنیا کے دس مہنگے ترین شہروں میں چھ کا تعلق ایشیا سے ہے۔ یہ شہر نئے آبادکاروں کے لیے انتہائی مہنگے ثابت ہو رہے ہیں۔
تصویر: picture-alliance/blickwinkel
بیجنگ، چین
دنیا کا نواں مہنگا ترین شہر چینی دارالحکومت بیجنگ ہے، جہاں مکانات کی قیمتیں اور کرائے مسلسل بڑھ رہے ہیں۔ بیجنگ کے انٹرنیشنل اسکول بھی اپنی فیس میں مسلسل اضافے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ چینی کرنسی یوان کی قدر میں استحکام سے چینی شہروں میں زنگی بسر کرنا مشکل تر ہو گیا ہے۔
تصویر: Getty Images/F. Li
شنگھائی، چین
چین کی مرکزی سرزمین پر سب سے مہنگا ترین شہر شنگھائی ہے۔ چینی بندرگاہی شہر دنیا کا ساتواں مہنگا ترین شہر ہے۔ شنگھائی میں پچاسی مربع میٹر اپارٹمنٹ کا کرایہ 1800 سو سے 2170 امریکی ڈالر ( 1030 یورو سے 1800 یورو) تک ہے۔ اس شہر میں ہر چیز کی خرید و فروخت کا تعلق کرنسی کے اتار چڑھاؤ سے منسلک ہے اور نئے آباد ہونے والوں کے لیے پریشانی کا باعث ہے۔
تصویر: picture-alliance/dpa/Yu Shenli
سیئول، جنوبی کوریا
جنوبی کوریا کا دارالحکومت سیئول غیر ملکی آبادکاروں کے لیے پانچواں مہنگا ترین شہر ہے۔ غیر ملکیوں کے ساتھ سیئول کے باسی بھی اس پر متفق ہیں کہ ایک کافی کا کپ بھی اس شہر میں بہت مہنگا ہے اور یہ دس امریکی ڈالر ( 8.60 یورو) کا ہے۔ ایک جینز کی پینٹ کی اوسط قیمت ڈیڑھ سو امریکی ڈالر ہے۔ مجموعی طور پر سیئول میں زندگی گزارنا خاصا مشکل کام ہے۔
تصویر: Getty Images/AFP/E. Jones
سنگا پور
اس شہری ریاست کو جنوبی ایشیائی مالیاتی مرکز خیال کیا جاتا ہے۔ یہ غیرملکی افراد کے لیے دنیا کا چوتھا مہنگا ترین شہر سمجھا جاتا ہے۔ سنگا پور میں جینز پینٹ کی اوسط قیمت ایک سو امریکی ڈالر سے شروع ہوتی ہے۔ یہ قیمت امریکی شہر نیویارک کے مقابلے میں دوگنا ہے۔ سنگا پور میں گاڑیوں کے لیے پیٹرول بھی بہت مہنگا ہے، اور فی لیٹر قیمت دو امریکی ڈالر سے زائد ہے۔
تصویر: picture-alliance/robertharding/G. Hellier
ٹوکیو، جاپان
جاپانی دارالحکومت ٹوکیو کی آبادی نوے لاکھ سے زائد ہے اور یہ اقوام عالم میں دوسرا مہنگا ترین شہر ہے۔ ماہرین کے مطابق جاپانی شہروں میں زندگی بسر کرنے میں قدرے آسانی کی وجہ جاپانی ین کی قدر کا امریکی ڈالر کے مقابلے میں عدم استحکام ہے۔ ٹوکیو میں پچاسی مربع میٹر کے فرنشڈ اپارٹمنٹ کا کرایہ 2700 سے 3500 امریکی ڈالر ( 2300 سے 3000 یورو) تک ہو سکتا ہے۔
تصویر: Reuters/T. Hanai
ہانگ کانگ، خصوصی انتظامی اختیارات کا حامل چینی شہر
سن 2018 میں ہانگ کانگ کو دنیا بھر میں سب سے مہنگے شہر کا درجہ حاصل ہوا ہے۔ اس شہر میں کرائے دنیا میں سب سے زیادہ ہیں اور یہ نئے غیر ملکیوں کے لیے انتہائی پریشانی کا سبب ہے۔ ہانگ کانگ میں کافی کے ایک کپ کی قیمت اور فی لیٹر پٹرول بھی دنیا بھر میں سب سے مہنگا ہے۔ غیر ایشیائی شہروں میں سوئٹزرلینڈ کے بیرن اور زیورچ، چاڈ کا اینجمینا کے علاوہ انگولا کا لوانڈا بھی انتہائی مہنگے شہروں میں شمار کیے جاتے ہے۔