1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہانگ کانگ ایئر پورٹ پر کارگو طیارے کا حادثہ، دو ہلاکتیں

کشور مصطفیٰ ڈی پی اے، اے ایف پی کے ساتھ
20 اکتوبر 2025

پیر بیس اکتوبر کو دبئی سے ہانگ کانگ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچنے اور ٹرکش ایئر لائن کی طرف سے آپریٹ کرنے والا ایک کارگو طیارہ لینڈگ کے دوران پھسل کر سمندر میں گر گیا۔ اس حادثے میں دو افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔

بوئنگ 747 طرز کا یہ مال بردار طیارہ پھسل کر سمندر میں جا گرا
طیارے کا آخری حصہ مکمل طور پر اس طیارے سے الگ ہو چکا تھاتصویر: Tyrone Siu/REUTERS

بوئنگ 747 طرز کا یہ مال بردارطیارہ متحدہ عرب امارات میں دبئی  سے ہانگ کانگ پہنچا تھا اور لینڈنگ کے دوران رن وے سے پھسل کر سمندر میں جا گرا۔ مقامی میڈیا کی جاری کردہ ویڈیوز میں اس طیارے کو آدھا پانی میں ڈوبا ہوا دیکھا جا سکتا تھا، جبکہ اس کا آخری حصہ مکمل طور پر اس طیارے سے الگ ہو چکا تھا۔

طیارہ حادثے کا ذمہ دار روس یا یوکرین؟

02:08

This browser does not support the video element.

رن وے کے قریب گاڑی سے ٹکر

لینڈنگ کے وقت پیش آنے والے حادثے کے دوران اس مال بردار طیارے نے ایک ایسی گاڑی کو ٹکر بھی مار دی، جو تب رن وے کے قریب گشت پر تھی۔ یہ گاڑی بھی سمندر میں جا گری اور اس میں موجود دو سکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے۔

کارگو طیارے میں موجود عملے کے تمام چاروں ارکان کو سمندر سے بحفاظت نکال لیا گیا اور ان میں سے کوئی زخمی نہیں ہوا۔

یہ مال بردار طیارہ متحدہ عرب امارات میں دبئی سے ہانگ کانگ پہنچا تھا تصویر: Tyrone Siu/REUTERS

بتایا گیا ہے کہ حادثے کے وقت طیارے میں کوئی کارگو نہیں تھا۔ ہانگ کانگ ایئر پورٹ کی انتظامیہ کے مطابق  موسم لینڈنگ کے لیے موزوں تھا۔ ہانگ کانگ کی فضائی حادثات سے متعلق اتھارٹی اس حادثے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

ایئر انڈیا طیارے کے متاثرین کے لواحقین جوابات کے منتظر

01:50

This browser does not support the video element.

ہانگ کانگ انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے شمالی رن وے پر پیش آنے والےاس حادثے کا وہاں مسافر پروازوں کے شیڈول پر  کوئی خاص اثر نہ پڑا۔ ہوائی اڈے کی ویب سائٹ پر ابتدائی طور پر کسی بڑی تاخیر یا پروازوں کی منسوخی کی بھی کوئی اطلاعات پوسٹ نہیں کی گئی تھیں۔

ادارت: مقبول ملک

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں