1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہانگ کانگ: جمہوریت کی حمایت میں پوری اپوزیشن مستعفی

12 نومبر 2020

ہانگ کانگ میں قانون سازوں کو کسی عدالتی چارہ جوئی کے بغیر برطرف کردینے کے ایک نئے متنازعہ قانون کی مخالفت میں اپوزیشن کے تمام 15 اراکین نے لیجسلیٹیو کونسل سے استعفی دے دیا ہے۔

Hongkong Legislative Council Parlament Gesetzgeber
تصویر: Vincent Yu/AP Photo/picture alliance

اپوزیشن قانون سازوں نے یہ قدم اس وقت اٹھایا جب بدھ کے روز ہانگ کانگ لیجسلیٹیو کونسل سے ان چار اراکین کو برطرف کردیا گیا جو جمہوریت کی حمایت میں ہونے والے مظاہروں کی تائید کرتے رہے ہیں۔

جمہوریت نواز گروپ کے کنوینر وو چی۔وائی نے ایک پریس کانفرنس میں اپوزیشن رہنماوں کے مستعفی ہوجانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا”آج ہم اپنے عہدوں سے مستعفی ہونے جا رہے ہیں کیوں کہ مرکزی حکومت نے بے رحمی کے ساتھ قدم اٹھاتے ہوئے ہمارے رفقائے کار، ہمارے ساتھیوں کونا اہل قرار دے دیا ہے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ ”گوکہ ہمیں مستقبل میں جمہوریت کے لیے جنگ میں بہت سارے مصائب کا سامنا کرنا پڑے گا لیکن ہم اپنی لڑائی جاری رکھیں گے، ہم کبھی ہار نہیں مانیں گے۔"

وو نے بتایا کہ اپوزیشن کے تمام اراکین جمعرات کے روز اپنے استعفے پیش کردیں گے۔

کن قانون سازوں کو نا اہل قراردیا گیا؟

ہانگ کانگ کی سٹی ایگزیکیوٹیو نے چار قانون سازوں کو 'قومی سلامتی‘ کی وجوہات کی بنا پر نااہل قرار دے دیا ہے۔

قانون سازوں کو نااہل قراردینے کا فیصلہ چینی حکومت کی جانب سے منظور کردہ اس قانون کے فوراً بعد کیا گیا جس کی رو سے حکومت عدالتی چارہ جوئی کے بغیر ہی کسی قانون ساز کو برطرف کرسکتی ہے۔

تصویر: Vincent Yu/AP Photo/picture alliance

 

برطرف کیے جانے والے قانون سازوں میں جمہوریت نواز ایلوین یونگ، کووک کا۔کی،  کینیتھ لیونگ اور ڈینس کووک شامل ہیں۔

مضحکہ خیز

سٹی گورنمنٹ کا کہنا ہے کہ ان چاروں افراد سے قومی سلامتی کو خطرہ لاحق ہو گیا تھا۔ حکومت نے تاہم اس کی کوئی تفصیل نہیں بتائی۔ دوسری طرف کووک نے ڈی ڈبلیو سے بات چیت کرتے ہوئے اس الزام کو 'مضحکہ خیز‘ قرار دیا۔

کووک کا کہنا تھا کہ بدھ کے روز ہونے والی پیش رفت کے نتیجے میں 1997میں منظور کردہ'ایک ملک۔ دو نظام‘ قانون کا خاتمہ ہوگیا ہے۔ اس قانون میں آئینی ضابطوں کے ساتھ ہانگ کانگ کی خود مختاری کی ضمانت دی گئی تھی لیکن اب جو کوئی بھی قانون ساز، چیف ایگزیکیوٹیو کو ناپسند ہوگا، وہ اسے نکال باہر کریں گی۔ اس لیے میں سمجھتا ہوں کہ ہمیں جو آئینی ضابطے حاصل تھے وہ اب ختم ہوچکے ہیں۔"

چین: شی جن پنگ کی اقتدار کی سیاست

02:30

This browser does not support the video element.

کووک تاہم اب بھی ہانگ کانگ کے عوام سے پرامید ہیں۔ ”ہم ایک انتہائی سخت دور سے گزر رہے ہیں اور ہمیں لگتا ہے کہ آنے والے دن اور بھی مشکل اور مصائب سے پر ہوں گے... تاہم میں اب بھی ہانگ کانگ کے عوام کے دل و دماغ میں جمہوریت کے تئیں امنگ اور جنون کو محسوس کرسکتا ہوں۔ قانونی کی حکمرانی کے لیے ان کی امنگیں، آزادی کے لیے ان کی امنگیں، جس کا ان سے وعدہ کیا جا رہا ہے، میں سمجھتا ہوں کہ یہ چیزیں ختم نہیں ہونے والی ہیں۔"

 

دریں اثنا ہانگ کانگ کی رہنما کیری لیم کا کہنا ہے کہ اراکین کو نا اہل قرار دیا جانا 'آئینی، قانونی، منطقی اور ضروری تھا۔"

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے نئے قوانین کی نکتہ چینی کی ہے۔ بین الاقوامی حقوق انسانی کے ادارے کا کہنا ہے کہ ”یہ اپنے ناقدین کو کسی بھی طرح سے خاموش کردینے کی چین کی مرکزی حکومت کی مہم کی ایک اور مثال ہے۔"

ایمنسٹی انٹرنیشنل کے ایشیا بحرالکاہل کی علاقائی ڈائریکٹر یامینی مشرا کا کہنا تھا” ہانگ کانگ نے ایک بار پھر اپنے قوانین اور اپنے قانون سازیہ کو نظر انداز کرنے کے لیے بیجنگ کو اجازت دے دی۔ چینی حکومت کے بنائے گئے قوانین کو یک طرفہ طورپر نافذ کرنے کا فیصلہ قانون کی حکمرانی کا مذاق ہے۔"

کیا ہے نیا قانون؟

نئے قانون کی رو سے کسی بھی ایسے قانون ساز کو برطرف کیا جاسکتا ہے جو قومی سلامتی کے لیے خطرہ محسوس ہو، ہانگ کانگ کی آزادی کی حمایت کرے، ہانگ کانگ پر چین کی خود مختاری کو تسلیم کرنے سے انکار کرے یا بیرونی طاقتو ں سے مداخلت کرنے کی اپیل کرے۔

اس قانون کو چین کے نیشنل پیپلز کانگریس اسٹینڈنگ کمیٹی کی منگل اور بدھ کے روز منعقدہ میٹنگ میں منظوری دی گئی تھی۔

70رکنی ہانگ کانگ لیجسلیٹو کونسل کے اپوزیشن اراکین نے دھمکی دی تھی کہ اگر کسی بھی جمہوریت نواز قانون ساز کو نااہل قرار دیا گیا تووہ اجتماعی طورپر استعفی دے دیں گے۔

ج ا /ص ز (روئٹرز، اے پی، اے ایف پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں