1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہانگ کانگ کے میکڈونلڈز میں شادی کی تقریبات بھی

13 اکتوبر 2010

امریکی فاسٹ فوڈ ریستورانوں کے سلسلے میکڈونلڈز نے اعلان کیا ہے کہ اس کی ہانگ کانگ میں قائم شاخوں میں آئندہ شادی کی باقاعدہ تقریبات کا اہتمام بھی کیا جا سکے گا۔

شادی اور فاسٹ فوڈ اب ایک ساتھتصویر: AP

یہ پیشکش ہانگ کانگ کے ان تمام بالغ شہریوں کے لئے ہے جو فاسٹ فوڈ کے دلدادہ ہیں اور یہ پسند کریں گے کہ ان کی شادی بھی کسی میکڈونلڈز ریستوراں ہی میں ہو۔ اس سلسلے میں برطانیہ کی اس سابقہ نوآبادی اور چین کے خصوصی انتظامی علاقے میں منگل بارہ اکتوبر سے میکڈونلڈز ریستوراں کی تین شاخوں میں باقاعدہ بکنگ بھی شروع کر دی گئی ہے۔

ہانگ کانگ میں میکڈونلڈز ریستورانوں کو الکوحل والے مشروبات بیچنے کی اجازت نہیں ہےتصویر: AP

اب ان ریستورانوں میں شادی کی جن تقریبات کی بکنگ شروع ہو گئی ہے، ان کا انعقاد اگلے برس یکم جنوری یا اس کے بعد سے ممکن ہو گا۔ اس امریکی فاسٹ فوڈ چین کی طرف سے ہانگ کانگ میں کئے گئے ایک اعلان کے مطابق ابتدائی طور پر ایسی تقریبات میں دلہا اور دلہن پچاس سے لے کر ایک سو تک مہمانوں کو مدعو کر سکیں گے۔ بعد میں ایسی تقریبات میں مدعو کئے جانے والے زیادہ سے زیادہ مہمانوں کی تعداد میں مزید اضافہ کر دیا جائے گا۔

بتایا گیا ہے کہ مستقبل قریب میں ہانگ کانگ میں کسی میکڈونلڈز ریستوراں میں شادی کی ایسی ایک اوسط تقریب کے انعقاد پر محض چند سو امریکی ڈالر کے برابر لاگت آئے گی جبکہ اس وقت ہانگ کانگ میں شادی کی ایک عام تقریب پر اٹھنے والی لاگت ہزاروں امریکی ڈالر کے برابر ہوتی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ہانگ کانگ کے کسی میکڈونلڈز ریستوراں میں شادی کے لئے آنے والے جوڑوں کو مقامی حکومت کے آبادی اور خاندانی امور سے متعلقہ محکمے کے نمائندے کے طور پر اپنی شادی کو قانونی حیثیت دینے کے لئے رجسٹرار کو اپنے طور پر ہی مدعو کرنا ہو گا۔ اس کے علاوہ شادی کے سرٹیفیکیٹ پر دلہا، دلہن اور سرکاری اہلکار کے دستخطوں کے بعد مہمانوں کو پینے کے لئے صرف سافٹ ڈرنکس دئے جائیں گے کیونکہ ہانگ کانگ میں میکڈونلڈز ریستورانوں کو الکوحل یا الکوحل والے مشروبات بیچنے کی اجازت نہیں ہے۔

ہانگ کانگ کے میکڈونلڈز میں شادی کی تقریبات بھیتصویر: AP

’میکڈونلڈز ہانگ کانگ‘ کے ایک ترجمان کے مطابق اس ادارے کی طرف سے اپنے ہاں شادی کی تقریبات کے انعقاد کی پیشکش دنیا بھر میں کسی فاسٹ فوڈ چین کی طرف سے کی جانے والی اپنی نوعیت کی اولین پیشکش ہے۔ ’’اگر عام شہریوں کو یہ بات پسند آئی اور ہمیں زیادہ آرڈر ملنے لگے تو ہم یہی پیشکش ہانگ کانگ میں اپنے سبھی ریستورانوں میں کرنے لگیں گے۔‘‘

ہانگ کانگ میں میکڈونلڈز کی پہلی شاخ 1975 میں کھولی گئی تھی اور آج سات ملین کی آبادی والے اس شہر میں میکڈونلڈز کی 200 سے زائد شاخیں کام کر رہی ہیں، جہاں تقریباﹰ ہر وقت گاہکوں کا ہجوم رہتا ہے۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں