1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہاکی ورلڈ کپ میں شرکت، پاکستان ٹیم کی کوششیں

17 اکتوبر 2009

ہاکی کا ورلڈ کپ آئندہ سال بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں منعقد ہو ر ہا ہے۔ فروری اور مارچ میں کھیلے جانے والے اِس ٹورنامنٹ کے لئے میزبان ملک سمیت نو ٹیمیں پہلے ہی کوالیفائی کر چکی ہیں۔

تصویر: AP

اِس سال کے شروع میں ایشیا کپ کے فائنل میں جنوبی کوریا سے ہارنے کی وجہ سے پاکستانی ٹیم خود بخود اِس بار قومی ٹورنامنٹ کے لئے کوالیفائی نہیں کر سکی تھی۔ یوں اِس ٹورنامنٹ کی اڑتیس سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ اِس بات کا خدشہ موجود ہے کہ پاکستانی ٹیم اِس ورلڈ کپ میں نہ کھیل سکے۔ بہرحال ابھی کوالیفائی کرنے کے امکانات موجود ہیں۔

باقی ماندہ تین ٹیموں کا فیصلہ تین کوالیفائنگ ٹورنامنٹس کے نتائج کی روشنی میں ہو گا۔ پہلا ٹورنامنٹ اکتیس اکتوبر سے فرانسیسی شہر لِل میں شروع ہو رہا ہے، جس میں میزبان فرانس کے ساتھ ساتھ پولینڈ، روس، اٹلی اور جاپان کی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔

ہالینڈ اور پاکستان کے درمیان 2006ء میں کھیلے گئے ایک میچ کا فائل فوٹوتصویر: AP

ہاکی کا ورلڈ کپ 1971ء سے منعقد ہوتا چلا آ رہا ہے۔ اسپین میں کھیلا گیا پہلا ورلڈ کپ پاکستان ہی نے جیتا تھا جبکہ بعد ازاں 1978ء، 1982ء اور 1994ء میں بھی پاکستان یہ کپ جیتنے میں کامیاب ہوا۔ پاکستان نے اب تک مجموعی طور پر چار مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ اب تک کبھی ایسا نہیں ہوا کہ پاکستان کسی ورلڈ کپ میں شریک نہ ہوا ہو۔

تین بار اولمپک چیمپئن بننے والی پاکستانی ٹیم گزشتہ کئی برسوں سے بین ا لاقوامی سطح پر کارکردگی کے اعتبار سے بہت پیچھے رہ گئی ہے۔ گزشتہ سال بیجنگ میں منعقدہ اولمپک مقابلوں میں پاکستان نے آٹھویں پوزیشن حاصل کی تھی، جو کسی بھی اولمپک مقابلوں میں پاکستان کی خراب ترین کاکردگی تھی۔ جمعہ کے روز سے اٹھارہ رکنی پاکستانی ٹیم کا اعلان کیا جا چکا ہے۔ تاہم آخری اطلاعات کے مطابق ٹیم کو یورپی ویزوں کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں