1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہزاروں فلسطینی بچوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں کے لیے اعزاز

30 جون 2018

اقوام متحدہ کا معتبر پاپولیشن ایوارڈ تین اسرائیلی ڈاکٹروں کو دیا گیا ہے۔ ان ڈاکٹروں کا تعلق بچوں میں امراضِ قلب کی غیرسرکاری تنظیم ’سیو اے چائلڈز ہارٹ‘ سے ہے۔

Logo der israelischen NGO Save a Child`s Heart

اسرائیل کی ایک طبی غیرسرکاری تنظیم ’سیو اے چائلڈز ہارٹ‘ نے علاقائی تنازعات سے عبارت سیاست کو پسِ پشت ڈالتے ہوئے ایسے سینکڑوں فلسطینی بچوں کے آپریشنز اور علاج کیے ہیں جو امراضِ قلب میں مبتلا تھے۔ اس تنظیم نے دیگر ستاون ملکوں میں بھی طبی خدمات کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

اس تنظیم کے تین ڈاکٹروں کو اقوام متحدہ کے دفتر میں معتبر پاپولیشن ایوارڈ سے نواز گیا۔ ایوارڈ لینے والے ڈاکٹروں میں ماہر اطفال ڈاکٹر سیئون حوری، ہارٹ سرجن ڈاکٹر لیئور ساسون اور بچوں کی کارڈیالوجی کے ماہر ڈاکٹر اکیوا تامیر شامل ہیں۔ اقوام متحدہ کی جانب سے یہ ایوارڈ اس لیے دیا گیا کہ اسرائیلی غیرسرکاری تنظیم اور اُس کی معالجین کی ٹیم نے کئی انسانی جانوں کو موت کے منہ میں جانے سے بچایا ہے۔

یہ تنظیم فلسطینی علاقے کے علاوہ کئی دوسرے نیم ترقی یافتہ ملکوں میں بھی سرگرم ہے۔

ڈاکٹر سیئون حوری اس غیر سرکاری تنظیم کے بانیوں میں سے ایک ہیں۔ انہوں نے اپنی تنظیم کا مقصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی سرگرمیاں بین الاقوامی ہیں اور یہ غیر سیاسی اور غیر مذہبی بنیاد پر جاری ہیں۔ اس مناسب سے اُن کی جنگ زدہ فلسطینی علاقے میں جاری طبی سرگرمیوں کو غیرمعمولی وقعت اور پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔

یہ تنظیم فلسطینی علاقے کے علاوہ کئی دوسرے نیم ترقی یافتہ ملکوں میں بھی سرگرم ہے۔ اِس اسرائیلی طبی غیر سرکاری تنظیم کا صدر دفتر تل ابیب کے جنوب میں واقع ساحلی شہر حُولون میں ہے۔ حُولون میں تنظیم کا اپنا ایڈیتھ وولفسن میڈیکل سینٹر ہے اور اس وقت بھی اس میں چوالیس بچے زیر علاج ہیں۔

یہ طبی مرکز بیمار بچوں کا مکمل علاج بغیر کسی فیس کے کرتا ہے۔ اس کی طبی خدمات کا سلسلہ سن 1990 سے شروع ہوا تھا، جب سب سے پہلے ایتھوپیا کے ایک بچے کا علاج کیا گیا تھا۔ یہ تنظیم ہر منگل کو غزہ اور دوسرے فلسطینی علاقوں کے بچوں کے طبی معائنے بھی کرتی ہے۔

ایک سو ماہر معالجین اس تنظیم میں شامل ہیں جو مختلف اوقات میں مختلف مقامات پر طبی خدمات سرانجام دینے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

سیو اے چائلڈز ہارٹ کو اسرائیلی حکومت کی جانب سے بھی ایک معقول امدادی رقم دی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ کئی مخیر حضرات بھی مالی امداد اور ادویات کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ہارٹ سرجن ڈاکٹر ساسون کے مطابق دل کے مرض میں مبتلا ایک بچے کا علاج حقیقت میں امن کا بیج بونے کے مترادف ہے۔

گزشتہ دو دہائیوں میں یہ تنظیم پانچ ہزار سے زائد بچوں کے اوپن ہارٹ آپریشن کر چکی ہے۔ ان میں غزہ اور ویسٹ بینک کے دو ہزار فلسطینی بچے بھی شامل ہیں۔ اسی طرح یہ طبی ادارہ  شام اور عراق کے امراض قلب میں مبتلا بچوں کی سرجری بھی کر چکا ہے۔ یہ تنظیم افریقہ (تنزانیہ، ایتھوپیا، کینیا)، یورپ ( رومانیہ، مالدووا) جنوبی امریکا (ایکواڈور، ہنڈوراس) اور ایشیا بشمول تمام مشرق وسطیٰ میں سرگرم ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں