ہسپانوی لیگ بارسلونا نے جیت لی
12 مئی 2011ہسپانوی فٹ بال کا سب سے اہم ٹائٹل اسپینش لیگ ایف سی بارسلونا نے حاصل کر لیا ہے۔ چیمپیئن شپ جیتنے کے لیے بارسلونا کو محض ایک پوائنٹ چاہیے تھا جو اس نے لیوانتا کے ساتھ بدھ کو کھیلے جانے والا میچ ڈرا کرکے حاصل کرلیا۔
مجموعی طور پر اسپینش لیگ میں بارسلونا کے بانوے پوائنٹس ہیں اور ابھی اس کے دو میچ باقی ہیں۔ بارسلونا کی ٹیم دوسرے نمبر پر براجمان ریئل میڈرڈ سے چھ پوائنٹس آگے ہے۔
میچ کا پہلا گول بارسلونا نے اٹھائیسویں منٹ میں کیا جس کو بعد ازاں لیوانتا نے برابر کر دیا۔ مجموعی طور پر ایف سی بارسلونا اس کھیل کا مظاہرہ نہ کر سکی جس کی اس سے توقع کی جا رہی تھی۔ تاہم چیمپیئن شپ جیتنے کے لیے بارسلونا کو صرف ایک پوائنٹ ہی حاصل کرنا تھا۔
ایف سی بارسلونا یورپی چیمپیئنز لیگ کے فائنل تک رسائی بھی حاصل کر چکی ہے۔ اٹھائیس مئی کو وہ یہ فائنل ویمبلی میں مانچسٹر یونائیٹد کے خلاف کھیلے گی۔ چیمپیئنز لیگ جیتنے کے لیے بارسلونا کو فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔ اس میچ میں بارسلونا کے اسٹار کھلاڑی لیو میسی کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل سمجھا جا رہا ہے۔ وہ اس سیزن میں باون گول کر کے ٹاپ اسکورر بن چکے ہیں۔ بارسا کے اسپینش لیگ جیتنے میں میسی نے ایک کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
میسی نے چیمپیئن شپ جیتنے کے بعد کہا کہ یہ بڑی محنت سے جیتی جانے والی چیمپیئن شپ ہے۔
بارسلونا کے ایک اور فارورڈ ڈیوڈ ولا نے کہا کہ یہ محض ایک روز یا ایک میچ کی بات نہیں بلکہ نو ماہ سے جاری محنت کا صلہ ہے۔
بارسا کے چالیس سالہ کوچ پیپ گارڈیولا بارسلونا کے لیے تین برسوں میں نو ٹرافیاں جیت چکے ہیں، جن میں تین اسپینش لیگ، ایک چیمپیئنز لیگ اور ایک کنگز کپ شامل ہیں۔
رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے
ادارت: ندیم گِل