1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہمت نہ ہاريے: چانسلر ميرکل کا سال نو پر پيغام

31 دسمبر 2012

جرمن چانسلر نے کہا ہے کہ اگلا سال مشکل ہوگا ليکن انہوں نے قوم سے ہمت کرنے کی اپيل بھی کی۔

تصویر: dapd

جرمن چانسلر انگيلا ميرکل نے نئے سال کے موقع پر قوم سے خطاب کيا ہے۔ اس ميں انہوں نے کہا ہے کہ رياستی قرضوں کا بحران ابھی ختم نہيں ہوا ہے اور آنے والا سال ايک مشکل سال ہو گا۔ ليکن انہوں نے جرمن عوام سے ہمت نہ ہارنے اور اميد قائم رکھنے کی اپيل بھی کی ہے۔

جرمن چانسلر انگيلا ميرکل نے کہا کہ 2013ء ميں کئی اہم واقعات کو پچاس سال پورے ہو رہے ہيں۔ 50 سال قبل امريکی صدر جان ايف کينيڈی نے منقسم برلن ميں کہا تھا: ’’اش بن آئن برلينر‘‘ يعنی ميں برلن کا ایک شہری ہوں۔ اسی سال فرانس کے صدر چارلس ڈی گال اور جرمن چانسلر کونراڈ آڈے ناؤر نے ايليزے معاہدے پر دستخط کيے تھے، جس ميں دو بھيانک جنگوں کے بعد دونوں اقوام کے درميان صلح کی خواہش ظاہر کی گئی تھی۔

صدر جان ايف کينڈی برلن مي اپنی مشہور تقرير کرتے ہوئے، ’اش بن آئن برلينر‘، 1963تصویر: AP

انگيلا ميرکل نے کہا کہ شروع ميں صرف چند لوگ ہی ہوتے ہيں جو آگے بڑھتے ہیں اور تبديليوں کو ممکن بناتے ہيں۔ سماجی مصلح آڈولف کولپنگ نے کہا تھا، ’’جو خود ہمت سے کام ليتا ہے وہ دوسروں کو بھی ہمت دلاتا ہے۔‘‘

جرمن چانسلر نے کہا: ’’آج بھی ہمارے ملک ميں بہت سے بہادر اور دوسروں کی مدد کرنے والے لوگ موجود ہيں۔‘‘ انہوں نے يہ بھی کہا کہ دوست اور ہمسائے اکثر مواقع پر قدم بڑھاتے اور خرابياں دور کرتے ہيں۔ خاندان والے اپنے بچوں اور دیگر رشتہ داروں کی ديکھ بھال محبت اور شفقت سے کرتے ہيں۔ ٹريڈ يونين تنظيميں اور صنعتکار و تاجر مل جل کر ملازمتوں کو قائم رکھنے کا بندو بست کرتے ہيں۔ يہ اور اس طرح کے بہت سے لوگ ہمارے معاشرے کو انسان دوست اور کامياب بنا رہے ہيں۔

فرانسيسی صدر چارلس ڈی گال، جرمن چانسلر کونراڈ آڈے ناؤرتصویر: picture-alliance/dpa

چانسلر ميرکل نے شايد پہلی مرتبہ يہ کھل کر تسليم کیا کہ اگلے سال ملک کی اقتصادی حالت بہتر ہونے کے بجائے زيادہ مشکل ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وجہ سے ہميں ہمت ہارنا نہيں چاہيے بلکہ اور زيادہ جرات سے کام لينا چاہيے۔ انگيلا ميرکل نے تحقيق کو ملک کی خوشحالی کی ضمانت قرار ديا۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم وہ ايجادات کرتے ہيں جو دوسرے نہيں کر سکتے تو اس طرح ہم خوشحالی پيدا کرتے ہيں۔

انہوں نے يہ بھی کہا کہ يورپی رياستی قرضوں کا بحران ابھی ايک عرصے تک جاری رہے گا اور اس سلسلے ميں بين الاقوامی سطح پر بھی مالیاتی منڈيوں کی بہتر نگرانی کے ليے مزيد اقدامات کرنے ہوں گے۔ دنيا نے 2008ء کے مالياتی بحران سے ابھی تک کافی سبق نہيں سيکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ايسی غير ذمہ داری کا مظاہرہ اب کبھی نہيں ہونا چاہيے۔

چانسلر ميرکل نے کہا کہ آزاد منڈی والی سماجی فلاحی رياست ميں رياست پورے نظام کی نگران ہوتی ہے اور وہ اتنی ذمہ دار اور ديانت دار ہونی چاہيے کہ عوام اُس پر اعتبار کر سکيں۔ انہوں نے کہا ، ’’آئيے ہم 2013ء ميں مل کر اُن کا ساتھ ديں ، جو مشکلات ميں گھرے ہوئے ہيں، بيمار ہيں يا جن کی ڈھارس بندھانے کی ضرورت ہے۔‘‘

W.Schmitz,sas/ab

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں