ہملٹن ٹیسٹ: نیوزی لینڈ نے پہلے روز 260 رنز بنا لیے
7 جنوری 2011اس میچ میں نصف سینچری بنانے والے کیوی کھلاڑی مارٹن گپٹل نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ اگر نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 300 یا اس سے زائد رنز بنانے میں کامیاب ہو گئی، تو پاکستان کو مشکل میں ڈالا جا سکتا ہے۔
گپٹل نے میک کلم کے ساتھ شراکت میں 83 رنز سکور کیے۔ گپٹل کی وکٹ عبدالرحمان نے حاصل کی۔
گپٹل نے تاہم کہا کہ پہلے دن کا کھیل کچھ حد تک مہمان ٹیم کے حق میں بھی رہا۔ گپٹل کے مطابق اب نیوزی لینڈ کی ٹیم کو تمام ممکنہ کوشش کرنا ہو گی کہ کسی طور دوسرے دن کے کھیل میں اپنا سکور 300 رنز سے زائد کرنے میں کامیاب رہے۔ گپٹل کے مطابق زیادہ سکور سے پاکستان کو آسانی سے دباؤ میں ڈالا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکٹ فلیٹ ہے اور بلے بازوں کے لیے خاصی سود مند ہے، اس لیے کیوی بالروں کو بال ٹھیک لائن اور لینتھ میں کرانا ہو گی۔
گپٹل کے مطابق کیوی ٹیم کو خاصی امید ہے کہ وکٹ پر موجود KS Williamson اور TG Southee سکور میں مزید 50 رنز تک کا اضافہ کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
پاکستانی ٹیم نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پہلے دن کے کھیل میں پاکستان کی طرف سے عبدالرحمان سب سے کامیاب بالر رہے، جنہوں نے 30 اوورز میں 51 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ تنویر احمد نے 15 اوورز میں 54 رنز دے کر دو جبکہ عمر گل نے 20 اوورز میں 78 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ وہاب ریاض، یونس خان اور محمد حفیظ کوئی وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔
اس وقت Williamson کریز پر موجود ہیں اور انہوں نے 44 رنز سکور کیے ہیں۔ ان کا ساتھ TG Southee دے رہے ہیں، جنہوں نے 56 رنز بنائے ہیں۔
رپورٹ: عاطف توقیر
ادارت: مقبول ملک