ہندوؤں کے مقدس علامات انڈر ويئر اور ڈور ميٹس پر
10 نومبر 2020بھارت ميں ٹوئٹر پر منگل کو #boycottamazon کافی دير تک ٹاپ ٹرينڈ کرتا رہا۔ اس وجہ آن لائن ريٹيلر ايميزون کی ويب سائٹ پر چند اشياء پرموجود ہندوؤں کے ليے مذہبی اہميت کے حامل علامات تھیں۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق تازہ واقعے ميں دروازوں کے باہر رکھنے والے ميٹس اور انڈر ويئر پر ایسی مذہبی تصاویر تھیں، جن سے ہندو مذہب کے ماننے والوں کے جذبات کو ٹھيس پہنچی۔ منگل کو ايميزون کی انتظاميہ نے ايک بيان جاری کيا، جس ميں مطلع کيا گيا ہے کہ ايسی تمام اشياء کو فروخت کے ليے ويب سائٹ سے ہٹا ديا گيا ہے۔ يہ امر اہم ہے کہ ايسی تمام متنازعہ اشياء بھارت ميں نہيں بلکہ بيرون ملکوں ميں فروخت کے لیے ويب سائٹ پر موجود تھيں۔
اس تنازعے کی وجہ سے منگل دس نومبر کی صبح ٹوئٹر پر ايميزون بائيکاٹ کا ہيش ٹيگ ٹرينڈ کرتا رہا۔ سينکڑوں افراد نے ان اشياء کی تصاوير احتجاجاً پوسٹ کيں اور اس ويب سائٹ کا بائيکاٹ کرنے کا مطالبہ کيا۔ انڈر ويئر اور ڈور ميٹس پر پر بھگوان گھنيشا اور ديگر اہم مذہبی علامات چھپی ہوئی تھيں۔
ایمیزون کے ملازمین پریشان: ٹِک ٹاک استعمال کریں یا نہیں
مکيش امبانی بھارت ميں ريٹيل نيٹ ورک ايميزون کے مد مقابل
اس معاملے کی وضاحت ميں ايميزون نے کہا کہ اس کی ويب سائٹ پر سامان بيچنے والے تمام افراد اور کمپنيوں کو کمپنی کے احکامات پر عمل کرنا چاہيے اور ايسا نہ کرنے کی صورت ميں مذکورہ افراد و کمپينوں کے اکاؤنٹ معطل کيے جا سکتے ہيں۔
اس سے قبل سن 2017 ميں وزير اعظم نريندر مودی نے دھمکی دی تھی کہ اگر بھارت کے پرچم والے رنگوں والے ڈور ميٹس نہ ہٹائے گئے، تو وہ ايميزون کے غير ملکی ملازمين کے ويزے رکوا ديں گے۔ ايسے ميٹس کينيڈا ميں فروخت ہو رہے تھے۔ پھر گزشتہ برس امريکا ميں ٹوائلٹ سيٹ کورز پر ہندوؤں کے بھگوانوں کی تصاوير دکھائی ديں۔ دونوں واقعات ميں ايميزون نے متنازعہ اشياء اپنی ويب سائٹ سے ہٹا دی تھيں۔
بھارت انٹرنيٹ کی دوسری سب سے بڑی مارکيٹ ہے۔ ايميزون بھارت ميں چھ بلين ڈالر کی سرمايہ کاری کا ارادہ رکھتی ہے۔
ع س / ا ب ا (روئٹرز)