ہنگامی فنڈ کے لیے امریکا اور چین کے وعدے
20 جون 2012
انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے نئے ہنگامی فنڈ کا مقصد مالیاتی بحران کے شکار ملکوں کی مدد کرنا ہے، جس کے لیے چین نے 43 ارب ڈالر فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ یوں جاپان اور جرمنی کے بعد چین اس فنڈ کے لیے رقوم فراہم کرنے والا تیسرا بڑا ملک بن گیا ہے۔
بھارتی وزیر اعظم منموہن سنگھ نے اس فنڈ کے لیے 10 ارب ڈالر کی فراہمی کا وعدہ کیا ہے۔ انہوں نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ میں تیز تر اصلاحات پر بھی زور دیا ہے۔ میکسیکو کے ساحلی تفریحی مقام لاس کابوس میں صحافیوں سے بات چیت میں منموہن سنگھ نے کہا: ’’بھارتی تعاون (فنڈ کے لیے) سے پتہ چلتا ہے کہ عالمی برادری کے ذمہ دار رکن کی حیثیت سے ہمیں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔‘‘
آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ اس فنڈ کے لیے 456 ارب ڈالر کی فراہمی کے وعدے کیے جا چکے ہیں جو قبل ازیں لگائے گئے اندازوں سے زیادہ ہے۔
امریکا اور دیگر مغربی ملک طویل عرصے سے چین پر دباؤ ڈالتے رہے ہیں کہ وہ عالمی مالیاتی امور میں وسیع تر کردار ادا کرے۔ اس حوالے سے بھارت پر بھی دباؤ رہا ہے۔
امریکی حکام کا الزام رہا ہے کہ چین بڑی طاقت کا اعزاز تو چاہتا ہے لیکن اپنی سہولت کے مطابق غریب ملک بھی بن جاتا ہے۔
ابھرتی ہوئی معاشی طاقتوں کی جانب سے عالمی فنڈ کے لیے رقوم کی فراہمی کے ردِ عمل میں آسٹریلوی وزیر اعظم جولیا گیلارڈ کا کہنا ہے: ’’مالی وسائل کی فراہمی کے وعدے کرنے والے ملکوں کے تناظر میں یہ انتہائی اہم پیش رفت ہے۔ آسٹریلیا سرگرمی سے اس امر کی پیروی کرتا رہا ہے جس کا اہم نتیجہ سامنے آیا ہے۔‘‘
دوسری جانب دنیا کی سب سے بڑی معاشی طاقت امریکا نے اس نئے فنڈ کے لیے رقوم کی فراہمی کا کوئی وعدہ نہیں کیا۔ آئی ایم ایف کے مطابق امریکا کے ساتھ جی ٹوئنٹی گروپ کے جن ملکوں نے اس فنڈ کے لیے رقوم کی فراہمی کے خصوصی وعدے نہیں کیے ان میں ارجنٹائن، کینیڈا اور انڈونیشیا شامل ہیں۔
باراک اوباما کی انتظامیہ کا موقف ہے کہ یورپ ازخود اقتصادی بحران سے نکلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ تاہم آئی ایم ایف کے نئے فنڈ میں حصہ ڈالنے والے ملکوں نے واضح کیا ہے کہ یہ وسائل صرف یورپ کے لیے نہیں ہیں۔
ng/ia (AFP, PTI)