1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اٹھانوے فيصد ووٹر يورپی اسکيم کے خلاف ليکن ٹرن آؤٹ ناکافی

عاصم سلیم
3 اکتوبر 2016

مہاجرين کی کوٹے کے تحت يورپی يونين کے رکن ممالک ميں تقسيم کے معاملے پر ہنگری ميں ہونے والے ريفرنڈم ميں تقريباً تمام افراد نے منصوبے کی مخالفت کی تاہم ريفرنڈم کا ٹرن آؤٹ اس قدر کم رہا کہ اسے قانونی حيثيت حاصل نہيں ہو سکی۔

Ungarn Referendum
تصویر: picture-alliance/dpa/N. Bruzak

ہنگری کے نيشنل اليکشن آفس کی ويب سائٹ پر جاری کردہ غير حتمی اعداد و شمار کے مطابق ريفرنڈم ميں حق رائے دہی استعمال کرنے والے 98.3 فيصد افراد نے يورپی يونين کی اسکيم کو مسترد کر ديا ہے۔ يہ اعداد و شمار 99.3 فيصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد پير تين اکتوبر کی صبح جاری کيے گئے ہيں۔ ہنگری ميں ہونے والے اس ريفرنڈم ميں 8.26 ملين افراد کو حق رائے دہی حاصل تھا تاہم صرف چاليس فيصد کے قريب لوگوں نے يہ حق استعمال کيا۔ ريفرنڈم کے نتائج کو قانونی حيثيت حاصل ہونے کے ليے کم از کم پچاس فيصد افراد کی شراکت درکار ہوتی ہے اور اسی ليے ريفرنڈم کے نتائج کو قانونی حيثيت حاصل نہيں۔ حتمی نتائج کا اعلان آئندہ ہفتے تک متوقع ہے۔

ہنگری کے وزير اعظم وکٹور اوربانتصویر: Reuters/B. Szabo

مشرقی يورپ ميں ديگر سابقہ سويت رياستوں کے ہمراہ ہنگری بھی يورپی يونين کی اس پاليسی کے خلاف ہے جس کے تحت رکن رياستوں کو ايک باقاعدہ اسکيم کے تحت ايک مخصوص تعداد ميں مہاجرين کو پناہ دينی ہے۔ شام، عراق، افغانستان، پاکستان اور چند شمالی افريقی ممالک سے گزشتہ برس ايک ملين سے زائد تارکين وطن نے سياسی پناہ کے ليے يورپ کا رخ کيا تھا اور ہجرت کا يہ سلسلہ رواں سال بھی جاری ہے۔ ہنگری کے وزير اعظم وکٹور اوربان نے گزشتہ برس اپنے ملک کی سرحدوں پر باڑيں نصب کرتے ہوئے وہاں ہزاروں کی تعداد ميں پوليس اہلکار تعينات کر ديے تھے تاکہ مہاجرين ہنگری ميں داخل نہ ہو سکيں۔ ان کا موقف ہے کہ ہنگری ايک مسيحی ملک ہے اور وہ اس ليے مسلمان ممالک سے آنے والے ہزارہا مہاجرين کو پناہ فراہم نہيں کی جا سکتی کيونکہ يہ لوگ ان کے ملک کی سلامتی کے ليے ’خطرہ‘ ہيں۔

قبل ازيں اتوار کے روز اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے اوربان نے ريفرنڈم ميں لوگوں کی کم تعداد ميں شرکت کے معاملے کو رد کرتے ہوئے کہا تھا کہ اہم بات يہ ہے کہ يورپی اسکيم کی مخالفت کرنے والے ووٹ، اس کے حق ميں ڈالے جانے والے ووٹوں سے زيادہ ہوں۔ بعد ازاں انہوں نے بيان ديا کہ وہ ان نتائج کو قانونی حيثيت دلانے کے ليے ملکی آئين ميں ترميم کی کوشش کريں گے۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں