ہنگری کی حکومت نے ملک کے وزیر اعظم وکٹر اوربان کی مہاجرین مخالف پالیسیوں پر تنقید کے دفاع کے طور پر ملک بھر میں موبائل بِل بورڈ کی نمائش کاایک دلچسپ طریقہ اختیار کیا ہے۔
اشتہار
اس ماہ کے اوائل میں یورپی پارلیمان کے رکن گائے فرہوفٹ شٹڈ نے برسلز میں ایک ٹرک پر ایک بل بورڈ آویزاں کیا تھا جس میں ہنگری کے وزیر اعظم وکٹر اوربان کو ایک ایسے فرد کے طور پر ظاہر کیا گیا تھا جو بلاک سے کافی رقوم لینے کے بعد یورپی یونین کو تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔
اس کے رد عمل کے طور پر بوڈا پیسٹ حکومت کے ترجمان زولتان کوسک کا گزشتہ رات ایک بیان میں کہنا تھا کہ ایک ایسا ہی ٹرک ایسے بِل بورڈز کے ساتھ ہنگری بھر میں پھرانے کے بعد بودا پیسٹ بھیجا جائے گا جو فرہوفٹ شٹڈ کے نظریات کا مضحکہ اڑائیں گے۔
اس بل بورڈ پر درج ہو گا،’’ کہ سن دو ہزار پندرہ سے اب تک سینکڑوں افراد دہشت گردانہ حملوں میں مارے گئے اور یہ کہتے ہیں کہ مہاجرت کا بحران نہیں۔‘‘
اپریل میں تیسری مدت کے لیے وزیر اعظم کا منصب سنبھالنے والے وکٹر اوربان یورپی یونین کی جانب سے مہاجرین کے بحران سے نمٹنے کے لیے ایک متفقہ حکمتِ عملی اپنانے کی راہ میں رکاوٹ سمجھے جاتے ہیں۔ وہ یورپی یونین کے رکن ممالک میں کوٹے کے تحت مہاجرین کی تقسیم کے بھی سخت مخالف ہیں۔
ابھی دو روز قبل ہی برسلز میں بریگزٹ کانفرنس کے حاشیے پر بات چیت کرتے ہوئے اوربان نے بریگزٹ کا ذمہ دار جزوی طور پر یورپی کمیشن کے صدر ژاں کلود ینکر اور یورپ آنے والے مہاجرین دونوں قرار دیا تھا۔
حال ہی میں ہنگری نے اقوام متحدہ کے منظم مہاجرت کے حوالے سے مجوزہ عالمی معاہدے سے دستبرداری کا اعلان بھی کیا ہے۔
ص ح / ع ت / نیوز ایجنسی
’مہاجرین کے روپ میں مسلمان حملہ آور یورپ آ رہے ہیں‘
تیسری مرتبہ ہنگری کے وزیراعظم منتخب ہونے والے وکٹور اوربان یورپی ممالک میں مہاجرین کی آمد کے خلاف اٹھنے والی نمائندہ آواز رہے ہیں۔ تارکین وطن کو ’زہر‘ اور مہاجرت کو ’حملہ‘ قرار دینے والے اوربان تنقید سے کبھی نہیں ڈرے۔
تصویر: picture-alliance/dpa
’مہاجرین کے روپ میں مسلم حملہ آور‘
اوربان نے جرمن روزنامے ’دی بلڈ‘ کو دیے ایک انٹرویو میں کہا تھا،’’میں ان لوگوں کو مسلم تارکین وطن نہیں بلکہ مسلمان حملہ آور سمجھتا ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ بڑی تعداد میں یورپ آئے یہ مسلمان مہاجر ہمیں متوازی معاشروں کی طرف لے کر جائیں گے کیوں کہ مسیحی اور مسلم سماج کبھی یکجا نہیں ہو سکتے۔‘‘ اوربان کا کہنا تھا کہ متنوع ثقافت محض ایک واہمہ ہے۔
تصویر: Reuters/F. Lenoir
’مہاجرین آپ کو چاہیے تھے، ہمیں نہیں‘
جرمن اخبار ’دی بلڈ‘ کے اس سوال پر کہ کیا یہ نا انصافی نہیں کہ جرمنی تو لاکھوں کی تعداد میں مہاجرین کو قبول کرے لیکن ہنگری چند کو بھی نہیں، اوربان نے کچھ یوں رد عمل ظاہر کیا،’’ مہاجرین آپ کو چاہیے تھے، ہمیں نہیں۔ مہاجرت سے ہنگری کی خود مختاری اور ثقافتی اقدار کو خطرہ ہے۔‘‘
تصویر: Reuters/L. Balogh
’مہاجرت زہر ہے‘
یہ پہلی بار نہیں جب ہنگری کے اس رہنما نے مہاجرت پر تنقید کی ہے۔ سن دو ہزار سولہ میں بھی اپنے ایک بیان میں اوربان نے کہا تھا کہ ہنگری کو اپنے مستقبل یا معیشت یا ملکی آبادی کو برقرار رکھنے کے لیے کسی ایک بھی مہاجر کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا تھا،’’ہمارے لیے مہاجرت حل نہیں بلکہ مسئلہ ہے، دوا نہیں بلکہ زہر ہے۔ ہمیں تارکین وطن کی ضرورت نہیں۔‘‘
تصویر: picture alliance/dpa/AP Photo/P. Gorondi
’دہشت گردی اور ہم جنس پرستی کی درآمد‘
وکٹور اوربان نے سن 2016 کے اوائل میں بلڈ اخبار کو بتایا تھا،’’اگر آپ مشرق وسطیٰ سے لاکھوں کی تعداد میں غیر رجسٹرڈ شدہ تارکین وطن کو قبول کرتے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہو گا کہ آپ اپنے ملک میں دہشت گردی، سامیت دشمنی، جرائم اور ہم جنس پرستی کو در آمد کر رہے ہیں۔‘‘
تصویر: Reuters/L. Balogh
’تمام دہشت گرد بنیادی طور پر مہاجرین ہیں‘
اوربان نے یورپی یونین کے رکن ریاستوں میں مہاجرین کی تقسیم کے کوٹے کے منصوبے پر بھی متعدد بار تنقید کی ہے۔ سن 2015 میں یورپی یونین سے متعلق خبریں اور تجزیے شائع کرنے والی نیوز ویب سائٹ ’پولیٹیکو‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ہنگری کے وزیر اعظم نے کہا تھا کہ اہم بات یہ ہے کہ ’تمام دہشت گرد بنیادی طور پر مہاجرین ہیں‘۔
تصویر: Getty Images/AFP/S. Bozon
متوازی معاشرے
پولینڈ اور آسٹریا جیسی ریاستیں بھی مہاجرین کے حوالے سے ہنگری جیسے ہی تحفظات رکھتی ہیں اور یوں اوربان کے اتحادیوں میں شامل ہیں۔ سن 2015 میں اسپین کے ایک ٹی وی چینل کے ساتھ ایک انٹرویو میں اوربان کا کہنا تھا،’’ہم کس قسم کا یورپ چاہتے ہیں۔ متوازی معاشرے؟ کیا ہم چاہتے ہیں مسلمان اور مسیحی افراد ساتھ ساتھ رہیں؟‘‘