ہنگری مہاجرین کی تقسیم کے فیصلے کوتسلیم کرے، میرکل
12 ستمبر 2017یورپی کمشین نے یورپ پہنچنے والے مہاجرین کو رکن ریاستوں میں تقسیم کرنے سے متعلق منصوبہ بنایا تھا، تاہم سلواکیہ اور ہنگری نے اس تقسیم کے خلاف یورپی عدالت میں درخواست دائر کر دی تھی۔ گزشتہ ہفتے یورپی عدالت نے یہ شکایات مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ یونان اور اٹلی پہنچنے والے مہاجرین کی رکن ریاستوں میں تقسیم سے متعلق یورپی کمیشن کے منصوبے پر عمل درآمد کیا جانا چاہیے۔
’مہاجرین کو پناہ دینے پر مجبور کرنا یکجہتی نہیں تشدد ہے‘
ہنگری اور سلوواکيہ کو پناہ فراہم کرنی پڑے گی، يورپی عدالت
عدالتی اصلاحات کے قانون کو ویٹو کر دوں گا، پولستانی صدر
ہنگری کے وزیراعظم وکٹور اوربان نے اس عدالتی فیصلے کے بعد جمعے کے روز اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ عدالتی احکامات کے باوجود ان کی حکومت مہاجرین سے متعلق اپنی پالیسیاں تبدیل نہیں کرے گی۔ وکٹور اوربان مہاجرین کے سخت مخالف سمجھے جاتے ہیں اور وہ اس سے قبل بھی مسلمانوں اور مہاجرین سے متعلق متعدد متنازعہ بیانات دے چکے ہیں۔
جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے جرمن اخبار برلینر سائٹنگ سے بات چیت میں پیر کوکہا کہ ہنگری کو عدالتی فیصلے پر ہرحال میں عمل درآمد کرنا ہو گا۔ ’’یہ ناقابل قبول ہے کہ یورپی یونین کی ایک رکن ریاست یورپی عدالت برائے انصاف کے فیصلے ہی کو خاطر میں نہیں لا رہی۔‘‘
جب میرکل سے سوال پوچھا گیا کہ کیا ایسی صورت میں ہنگری کو یورپی یونین سے اخراج کا سامنا ہو گا، میرکل کا کہنا تھا، ’’اس کا مطلب یہ ہو گا کہ یورپ کے ایک بنیادی نکتے کو چھیڑ دیا گیا ہے۔ میرے خیال میں یورپ قانون کی حکم رانی کا خطہ ہے۔ اکتوبر میں یورپی کونسل کے اجلاس میں اس پر ضرور بات کی جائے گی۔‘‘
واضح رہے کہ سن 2015 میں مہاجرین کے بحران کے عروج کے دنوں میں جب لاکھوں افراد بلقان ریاستوں سے مغربی یورپ کا رخ کر رہے تھے، ہنگری وہ پہلا ملک تھا، جس نے اپنی سرحدیں مہاجرین کے لیے بند کی تھیں۔ یورپی کمشین نے یورپی یونین پہنچنے والے ان لاکھوں افراد کو مختلف ممالک میں تقسیم کرنے سے متعلق ایک لازمی کوٹہ تشکیل دیا تھا، تاہم ہنگری اور متعدد دیگر مشرقی یورپی ممالک کی جانب سے اس کوٹے کو منظور نہ کرنے کی وجہ سے مہاجرین کی تقسیم انتہائی سست روی کا شکار رہی ہے۔