1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہیلتھ انشورنس سے محروم امریکی اور ہسپتالوں کا رویہ

16 نومبر 2011

امریکہ میں ہیلتھ انشورنس سے محروم مریضوں کو ان کی طبی حالت سے قطع نظر ہیلتھ انشورنس رکھنے والے مریضوں کے مقابلے میں ہسپتالوں سے بظاہر جلد فارغ کر دینے کا رجحان پایا جاتا ہے۔

تصویر: AP

خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق دنیا کی سب سے بڑی معیشت امریکہ میں گزشتہ برس ایسے افراد کی تعداد 50 ملین کے قریب تھی جن کے پاس بیماری کی صورت میں علاج کے لیے کوئی ہیلتھ انشورنس نہیں تھی۔ یہ تعداد سن 2009 کے مقابلے میں زیادہ تھی۔

امریکی ریاست جنوبی کیرولائنا کے شہر چارلسٹن میں یونیورسٹی آف ساؤتھ کیرولائنا کے محققین کے مطابق ان کی ریسرچ یہ ثابت کرتی ہے کہ کوئی مریض اپنی بیماری کے علاج کے لیے کسی ہسپتال میں کتنا عرصہ قیام کرے گا، اس بات میں مالیاتی عوامل بھی مکنہ طور پر اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

تصویر: AP

اس تحقیق کے دوران ماہرین نے ایسے آٹھ لاکھ 50 ہزار کے قریب بالغ مریضوں کے طبی ریکارڈ کا مطالعہ کیا جو سن 2003 اور 2007 کے درمیان مختلف امریکی ہسپتالوں میں زیر علاج رہے تھے۔ اس مطالعے کے دوران ماہرین کو پتہ یہ چلا کہ وہ مریض جن کے پاس بیماری کی صورت میں علاج کے اخراجات کی ادائیگی کے لیے بیمے کی سہولت نہیں تھی، ان میں سے ہر ایک اوسطاﹰ صرف 2.8 روز تک کسی نہ کسی ہسپتال میں زیر علاج رہا۔ ان میں سے زیادہ تر مریض دمے اور ذیا بیطس جیسی بیماریوں کا شکار تھے۔

اس کے برعکس وہ مریض، جن کے پاس کوئی نہ کوئی ہیلتھ انشورنس تھی اور جن کے میڈیکل کے بلوں کی ادائیگی کے بارے میں ہسپتالوں کی انتظامیہ کو کوئی پریشانی نہیں ہو سکتی تھی، ان میں سے ہر ایک اوسطاﹰ 2.9 روز تک ہسپتال میں زیر علاج رہا۔

تصویر: AP

اس تحقیق کے فیملی میڈیسن نامی جریدے میں شائع ہونے والے نتائج کے مطابق جن مریضوں کا اس عرصے کے دوران ہسپتال میں قیام فی کس بنیادوں پر اوسطاﹰ سب سے زیادہ رہا، وہ ایسے غریب شہری تھے، جن کے علاج کے لیے اخراجات ایک حکومتی پروگرام Medicaid کے تحت ادا کیے گئے تھے۔ ایسے مریضوں کے مختلف ہسپتالوں میں قیام کی فی کس اوسط 3.2 دن رہی تھی۔

اس جائزے کی سربراہی کرنے والے Arch Mainous نامی ماہر کے مطابق اگر کوئی یہ پوچھے کہ اعداد و شمار کے اس فرق سے کوئی فرق پڑتا ہے، تو ان کا جواب ہاں میں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ انشورنس کے حوالے سے مختلف طرح کے پس منظر کے حامل ان مریضوں کے اپنے علاج کے لیے ہسپتال میں قیام کے عرصے میں یہ فرق تھوڑا سہی لیکن بہت معنی خیز ہے۔

Mainous کے بقول امریکہ میں ہیلتھ انشورنس کی سہولت سے محروم مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کی روشنی میں یہ دیکھنا ضروری ہے کہ مریضوں کے پاس کسی ہیلتھ انشورنس کا ہونا یا نہ ہونا ان کے لیے علاج کی سہولتوں پر کس طر‌ح کے ممکنہ اثرات کا سبب بنتا ہے۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں