ہیمبرگ میں دوسری عالمی جنگ کا بم ناکارہ بنا دیا گیا
13 اکتوبر 2024جرمنی کے بندر گاہی شہر ہیمبرگ میں حکام نے دوسری عالمی جنگ کے دور کا ایک بم دریافت کیے جانے کے بعد اسے ناکارہ بنا دیا۔ اس مقصد کے لیے اس شہر میں نائٹ لائف کے مرکز کو ہفتہ کی شب دیر گئے جزوی طور پر خالی کرا لیا گیا تھا۔
اس بم کو ناکارہ بنانے کے موقع پر بڑی تعداد میں فائر بریگیڈ کے عملے کو تعینات کیا گیا تھا۔ اس آپریشن کی تکمیل کے بعد فائر بریگیڈ کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں بم کو ناکارہ بنانے کا اعلان کیا گیا۔
اس آپریشن کے دوران شٹیرن شانسے کے جدید ضلع میں کئی ہزار لوگوں کو اپنے گھر خالی کرنا پڑے، جب کہ پولیس نے اس علاقے میں ریستورانوں اور بارز کو بھی خالی کر ا لیا تھا۔
یہ بم ایک پرائمری سکول کی زمین پر تعمیراتی کام کے دوران دریافت کیا گیا تھا۔ ہیمبرگ پولیس نے آج بروز اتوار علیٰ الصبح کہا کہ فائر بریگیڈ کی طرف سے کیے جانے والے اقدامات بتدریج ختم کیے جا رہے ہیں۔ اختتام ہفتہ پر خاص طور پر مصروف رہنے والے شٹیرن شانسے کا مقامی ٹرین اسٹیشن بھی ان علاقوں میں شامل تھا، جو اس بم کو ناکارہ بنائے جانے کے عمل کے دوران خالی کرائے گئے تھے۔ اسی سبب وہاں ٹرینوں کی آمد و رفت بھی متاثر ہوئی۔
جرمنی میں دوسری عالمی جنگ کے دوران اتحادیوں اور سوویت یونین کی بمباری کی مہمات کے دوران پھٹ نہ سکنے والے گولہ بارود کی دریافتآج بھی ایک معمول کی بات ہے۔ ان میں سے زیادہ تر گولہ بارود کو بم ڈسپوزل ماہرین بغیر کسی ناخواشگوار واقعے کے ناکارہ بنا دیتے ہیں۔
ش ر ⁄ م م (ڈی پی اے)