1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہیٹی میں ہلاکت خیز زلزلہ، گیارہ افراد ہلاک

7 اکتوبر 2018

ہیٹی میں شدید زلزلے کے نتیجے میں کم ازکم گیارہ افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ سن 2010 کے تباہ کن زلزلے کے باعث اس ملک میں دو لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔

USGS Earthquake Hazards Program - Meldung Erdbeben Haiti
تصویر: USGS Earthquake Hazards Program

اتوار کو آنے والے اس زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.9 ریکارڈ کی گئی، جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر املاک کو نقصان بھی پہنچا۔ زلزلے کا مرکز شمال مغربی شہر پور ڈے پے سے انیس کلو میٹر دور تھا۔

حکام نے کہا ہے کہ ملک کے شمال مغربی علاقے میں اس قدرتی آفت کی وجہ سے ہونے والی تباہی اور ہلاکتوں کا اندازہ لگانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

پور ڈے پے میں اب تک کم از کم سات افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی جا چکی ہے۔ ملکی صدر نے اس زلزلے کے بعد اپنے ایک پیغام میں عوام سے پرسکون رہنے کی اپیل کی ہے۔

سن دو ہزار دس میں اس کیریبین ریاست میں آنے والے ایک شدید زلزلے کی تباہی کاریوں کے باعث دو لاکھ افراد ہلاک جبکہ تین لاکھ زخمی ہوئے تھے۔ اس زلزلے کے بعد سے ہیٹی کے عوام ایسی قدرتی آفت کے دوبارہ شکار ہونے کے خدشات میں متبلا رہے ہیں۔

اب کی بار املاک کو زیادہ نقصان ملک کے شمال مغربی ساحلی علاقے میں پیش آیا ہے۔ مقامی حکام کے مطابق یہ اس علاقے کو ملک کا پسماندہ ترین علاقہ تصور کیا جاتا ہے جہاں سڑکیں اور انفرا اسٹرکچر نہ ہونے کے سبب رسائی بھی آسان نہیں ہے۔

ش ح / ع ب (روئٹرز، ڈی پی اے)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں