یاسر شاہ عالمی نمبر پانچ بن گئے
9 اگست 2015انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی طرف سے آج اتوار نو اگست کو جاری کی جانے والی ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی رینکنگ میں انگلینڈ کے کھلاڑی جو رُوٹ بہترین بیٹمسین قرار پائے ہیں۔ رُوٹ نے ایشز سیریز کے ابتدائی چار میچوں میں مجموعی طور پر 443 رنز اسکور کیے ہیں۔ ان میں دو سنچریاں اور دو نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ان کی اس شاندار بیٹنگ کی مدد سے انگلینڈ نے ایشز سیریز میں تین ایک سے فیصلہ کُن برتری حاصل کر لی ہے۔
جو رُوٹ سے قبل بیٹنگ کی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن کا اعزاز آسٹریلیا کے کھلاڑی اسٹیون اسمتھ کے پاس تھا جو نئی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر چلے گئے ہیں جبکہ دوسری پوزیشن جنوبی افریقی بیٹسمین اے بی ڈیویلیئر کے حصے میں آ گئی ہے۔ چوتھے نمبر پر بھی جنوبی افریقہ ہی کے بیٹمسین ہاشم آملہ ہیں۔ پانچویں اور چھٹی پوزیشنوں پر سری لنکا کے بیٹسمین بالترتیب کمارا سنگاکارا اور میتھوز انجیلو ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کی گئی ٹیسٹ کرکٹ کی نئی عالمی درجہ بندی میں ساتویں بہترین بیٹسمین یونس خان قرار دیے گئے ہیں اور وہ واحد پاکستانی کھلاڑی ہیں جو ٹاپ ٹین بیٹسمینوں کی فہرست میں موجود ہیں۔
آٹھویں نمبر پر نیوزی لینڈ کے بیٹسمین کین وِلیمسن ہیں۔ نویں نمبر پر آسٹریلیا کے کھلاڑی کرِس روجرز ہیں جبکہ دسویں پوزیشن بھارتی بیٹسمین ویرات کوہلی کے حصے میں آئی ہے۔
بولنگ کی عالمی ٹیسٹ رینکنگ
بولنگ کی عالمی ٹسیٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن جنوبی افریقہ کے فاسٹ بولر ڈیل اسٹین کے حصےمیں آئی ہے۔ انگلینڈ کے کھلاڑی اسٹوارٹ بروڈ اپنے کیریئر کی بلند ترین پوزیشن یعنی نمبر دو پر پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے حال میں ایشز ٹیسٹ سیریز کے چوتھے میچ میں محض 15 رنز دے کر آسٹریلیا کے آٹھ کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا تھا۔ ان کی اس شاندار پرفارمنس پر آسٹریلیا کی پوری ٹیم محض 60 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔
عالمی ٹیسٹ بولنگ کی ریکنگ میں تیسری پوزیشن انگلینڈ کے جمیز اینڈرسن کے پاس ہے جبکہ نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ چوتھے نمبر پر ہیں۔ پاکستان کے اسپن بولر یاسر شاہ عالمی رینکنگ میں پانچویں نمبر پر ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں ختم ہونے والی سری لنکا کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں مجموعی طور پر 20 وکٹیں لی تھیں۔ ان کی بہترین پرفارمنس ایک اننگز میں سات وکٹیں رہیں۔
ٹیسٹ بولنگ کی عالمی رینکنگ میں چھٹی پوزیشن پر جنوبی افریقہ کے ویرنن فیلنڈر، ساتویں پر آسٹریلیا کے مِچل جانسن، آٹھویں پر سری لنکا کے رنگنا ہیراتھ، نویں پر نیوزی لینڈ کے ٹِم سوتھی جبکہ دسویں پوزیشن پر جنوبی افریقہ کے مورنے مورکل ہیں۔ بالنگ کی نئی ورلڈ رینکنگ میں بھارت کا کوئی کھلاڑی ٹاپ ٹین پوزیشن حاصل نہیں کر سکا ہے۔