یاسر شاہ کی تباہ کن بولنگ، گال ٹیسٹ پاکستان کے نام
21 جون 2015پاکستانی لیگ اسپن بولر یاسر شاہ نے گال ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں اپنے کیریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے 76 رنز کے عوض سات وکٹیں حاصل کیں۔ پانچویں اور آخری دن چائے کے وقفے سے قبل ہی سری لنکن ٹیم 206 پر ڈھیر ہو گئی۔ یاسر شاہ نے پہلی اننگز میں دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔ یوں پاکستان کو یہ میچ جیتنے کے لیے 41 اوورز میں نوے رنز بنانا تھے۔ جو اوپنرز محمد حفیظ اور احمد شہزاد نے بارہویں اوور میں ہی بنا لیے۔ حفیظ نے چھیالیس اور شہزاد نے 43 رنز کی ناقابل اننگز کھیلی۔
قبل ازیں سری لنکا کی ٹیم نے چوتھے دن کے اسکور باسٹھ دو کھلاڑی آؤٹ پر اپنی اننگز کا آغاز کیا تو یاسر شاہ نے پانچویں دن کی پہلی گیند پر ہی پیرپرا کو آؤٹ کر دیا۔ تاہم بعد ازاں چندی مل اور تھرمینے نے ذمہ دارنہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا لیکن کھانے کے وقفے تک سری لنکا کے 144 کے مجموعی اسکور پر چار کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔
کھیل کے دوسرے سیشن میں یاسر شاہ کی تباہ کن بولنگ نے سری لنکن بلے بازوں کو مزید پریشان کر دیا۔ یوں مہمان ٹیم کے چھ کھلاڑی جلد ہی پویلین لوٹنے پر مجبور ہو گئے۔ پاکستان نے یہ میچ دس وکٹوں سے جیت کر تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل کر لی ہے۔ نو سال بعد پہلی مرتبہ پاکستان نے سری لنکا کو اسی کے ہوم گراؤنڈ میں شکست دے دی ہے۔ اس سے قبل پاکستان نے سری لنکا کو کینڈی کے مقام پر 2006ء میں آٹھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔
اس میچ میں کامیابی کے ساتھ پاکستان کی ٹیم مجموعی طور پر 123 ٹیسٹ میچوں میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد ایشیا میں سب سے زیادہ ٹیسٹ میچ جیتنے والی ٹیم بھی بن گئی ہے۔ دوسرے نمبر پر بھارتی قومی کرکٹ ٹیم ہے، جس نے 122 ٹیسٹ میچوں میں کامیابی حاصل کر رکھی ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان نے مجموعی طور پر 390 ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں جبکہ بھارت نے 488 ٹیسٹ میچ۔
وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد کو پہلی اننگز میں انتہائی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر کھیل کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ انہوں نے نہ صرف ایک مشکل وقت میں برق رفتاری کے ساتھ 96 رنز بنائے تھے بلکہ وکٹ کے پیچھے تین کیچ لیے تھے اور تین کھلاڑیوں کو اسٹمپ آؤٹ بھی کیا۔
سترہ جولائی کو شروع ہونے والے گال ٹیسٹ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو بلے بازی کی دعوت دی تھی۔ یہ امر اہم ہے کہ بارش اور خراب موسم کے باعث پہلے دن کا کھیل نہیں ہو سکا تھا جبکہ دوسرے دن بھی مقررہ نوے اوورز کے بجائے صرف 64 اوورز کا کھیل ہو سکا تھا۔ اس کے باوجود پاکستانی ٹیم نے اس میچ میں انتہائی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
پاکستان نے پہلی اننگز میں سری لنکا کو 300 رنز پر آل آؤٹ کر دیا تھا جبکہ جواب میں پہلی اننگز میں 417 رنز بنائے تھے۔ یوں پاکستان کو سری لنکا پر 117 رنز کی برتری حاصل ہو گئی تھی۔ سری لنکا اپنی دوسری اننگز میں صرف 206 رنز ہی بنا سکا اور پاکستان نے نوے رنز کا آسان ہدف حاصل کر کے یہ میچ جیت لیا۔ اس سیریز کا دوسرا میچ جمعرات سے کولمبو میں شروع ہو گا۔