1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستاسرائیل

یروشلم کا مقدس مقام حرم الشریف دوبارہ کھول دیا گیا

23 مئی 2021

غزہ میں اسرائیل اور فلسطینی جنگجوؤں کے درمیان فائربندی کے بعد مسلمانوں کے لیے تیسرے مقدس ترین مقام مسجد اقصیٰ کے حرم الشریف کہلانے والے احاطے کو کھول دیا گیا۔

یروشلم کا مقدس مقام حرم الشریف
تصویر: Marco Brivio/Zoonar/picture alliance

گیارہ روز تک جاری رہنے والی لڑائی میں جمعہ کے روز فائربندی کے اعلان کے بعد آج اتوار تئیس مئی کو حرم الشریف کو دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔ یروشلم میں واقع حرم الشریف یہودیوں اور مسلمانوں کے لیے مقدس مقام خیال کیا جاتا ہے۔

اسرائیل اور حماس کے درمیان دس مئی کو غزہ اور اس کے گرد راکٹ حملے شروع ہونے سے قبل ماہ رمضان میں مسجد الاقصیٰ کے احاطے میں اسرائیلی سکیورٹی فورسز اور فلسطینیوں کے درمیان پرتشدد جھڑپیں ہوئی تھیں۔ اس کے نتیجے میں اسرائیلی پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر رکھی تھی اور اس کے سبب یہودیوں کا بھی حرم الشریف میں داخلہ بند تھا۔

غزہ میں حکومتی سرگرمیاں بھی بحال

گزشتہ جمعے سے مصر کی ثالثی سے اسرائیل اور حماس کے درمیان فائربندی جاری ہے۔ غزہ کی مقامی حکومت کے ترجمان کے مطابق جنگ بندی کے اعلان کے بعد آج تمام سرکاری دفاتر میں بھی انتظامی سرگرمیاں بحال کی جا رہی ہیں۔ واضح رہے کہ غزہ حماس کے زیر کنٹرول ہے۔ حماس کی طرف سے یروشلم کی جانب راکٹ داغے جانے کے جواب میں دس مئی کو اسرائیلی فضائی حملے شروع ہو گئے تھے، جن کے نتیجے میں غزہ میں کافی زیادہ تباہی ہوئی ہے۔

تصویر: Mohammed Salem/REUTERS

اس لڑائی کے دوران غزہ میں دو سو چالیس سے زائد افراد ہلاک ہو گئے، جن میں چھیاسٹھ نو عمر بھی شامل تھے۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق مزید ایک ہزار نو سو دس افراد زخمی ہوئے۔ دوسری جانب اسرائیل میں بارہ افراد کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

عالمی برادری کی غزہ میں تعمیرنو پر توجہ مرکوز

اسرائیل اور حماس کے درمیان خونریز لڑائی کے بعد عالمی برادری کی توجہ مستقل جنگ بندی اور غزہ کی تعمیرنو پر مرکوز ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق غزہ کے پہلے سے ہی غربت کے شکار علاقے میں تقریبا ایک ہزار عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے بین الاقوامی برادری کی مدد سے 'تعمیرنو‘ کا ایک پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اسی طرح انہوں نے دو ریاستی حل کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔

غزہ میں تقریبا ایک ہزار عمارتیں تباہ ہو چکی ہیںتصویر: Fatima Shbair/Getty Images

جنگ بندی کے باوجود یروشلم میں گرفتاریاں جاری

فلسطین کی نیوز ایجنسی وفا کی ایک رپورٹ کے مطابق اسرائیلی پولیس نے گزشتہ روز مزید نو افراد کو گرفتار کیا ہے۔ مشرقی یروشلم سے پانچ فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے جبکہ چار فلسطینی باشندوں کو مسجد الاقصیٰ کے قریب حراست میں لیا گیا۔ اس رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ سکیورٹی فورسز نے پہلے ہی جمعے کے روز درجنوں فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا تھا۔

ع آ / ا ا (ڈی پی اے، اے پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں