’یمن میں خونریزی بند ہونی چاہیے‘،ایردوآن اور روحانی کا اتفاق
7 اپریل 2015ایردوآن کا یہ دورہ ایک ایسے وقت پر عمل میں آ رہا ہے، جب ترکی اور اُس کے ہمسایہ ملک ایران کے درمیان تعلقات شام کے حوالے سے اختلافات کی وجہ سے پہلے ہی سرد مہری کا شکار چلے آ رہے ہیں۔ اب یمنی تنازعے کی وجہ سے بھی ترک ایران تعلقات پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں کیونکہ دونوں ملک دو مختلف فریقوں کی حمایت کر رہے ہیں۔
ایردوآن الزام عائد کرتے رہے ہیں کہ ایران خطّے پر غلبہ حاصل کرنے کی کوشش میں ہے۔ کچھ ایرانی اراکینِ پارلیمان نے تہران حکومت پر زور دیا تھا کہ وہ ایردوآن کا دورہ منسوخ کر دے جبکہ ایک ایرانی سیاستدان نے تو یہاں تک کہہ دیا کہ ایردوآن عثمانی سلطنت کا احیاء چاہتے ہیں۔
نیوز ایجنسی روئٹرز کا البتہ کہنا یہ ہے کہ چونکہ دونوں ملکوں کی اقتصادیات ایک دوسرے پر انحصار کرتی ہیں، اس لیے دونوں کے درمیان اختلافِ رائے بھی حدود کے اندر ہی رہے گا۔ واضح رہے کہ ترکی کو ایرانی گیس کی ضرورت ہے جبکہ بین الاقوامی پابندیوں کی وجہ سے شدید دباؤ میں آئے ہوئے ایران کو برآمدی منڈیوں کی اشد ضرورت ہے۔
منگل سات اپریل کو ترک صدر ایردوآن اور اُن کے ایرانی ہم منصب روحانی نے تہران میں آٹھ سمجھوتوں پر دستخط کیے اور اس بات پر زور دیتے رہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی اشتراکِ عمل کیوں اس قدر ضروری ہے۔ ایردوآن نے کہا کہ دونوں ملک باہمی تجارت کے حجم کو تیس ارب ڈالر کے ہدف تک لے جانے کی منزل سے ابھی بہت دور ہیں۔ واضح رہے کہ 2014ء میں ترکی اور ایران کی باہمی تجارت کا حجم چَودہ ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
ایردوآن نے یہ تجویز بھی پیش کی کہ ترکی اور ایران کو باہمی تجارت ڈالروں یا یوروز میں کرنے کی بجائے اپنی ملکی کرنسیوں میں شروع کر دینی چاہیے تاکہ ان غیر ملکی کرنسیوں میں تبادلے کی شرحوں میں اتار چڑھاؤ کے اثرات سے بچا جا سکے۔
ایردوآن اور روحانی نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب بھی کیا، جس کی کارروائی ترک ٹیلی وژن پر براہِ راست دکھائی گئی۔ اس پریس کانفرنس کے دوران دونوں رہنما علاقائی کشیدگی کو زیادہ اہمیت دینے سے گریز کی پالیسی پر عمل پیرا رہے اور اُنہوں نے یمنی تنازعے کے حل کے لیے کسی طرح کی ٹھوس تجاویز کا ذکر نہیں کیا۔
ایردوآن نے کہا:’’مَیں فرقوں کو نہیں دیکھتا۔ مجھے کسی کے شیعہ یا سنّی ہونے سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ میں مسلمانوں کو (بحیثیتِ مجموعی) دیکھتا ہوں۔ ہمیں اس خونریزی اور موت (کے کھیل) کو روکنا ہو گا۔‘‘
روئٹرز نے اپنے جائزے میں لکھا ہے کہ ایردوآن، جو ایک کٹر سنی العقیدہ مسلمان ہیں، یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف سعودی قیادت میں جاری فوجی مہم کی حمایت کر رہے ہیں۔ اس کے برعکس تہران حکومت شیعہ حوثی باغیوں کی پشت پناہی کر رہی ہے۔
اس پریس کانفرنس میں ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا:’’ہمارے درمیان اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ یمن میں جاری جنگ اور خونریزی جلد از جلد ختم ہونی چاہیے۔‘‘