1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یوروگوائے کے کھلاڑی نے اٹلی کے کھلاڑی کو دانت سے کاٹ لیا

کشور مصطفیٰ25 جون 2014

فیفا نے آج بُدھ کو یہ اعلان کیا کہ اُس کی انضباطی کمیٹی نے یوروگوائے کے اسٹار کھلاڑی کے خلاف اس الزام کے تحت ضابطے کی کارروائی کا آغاز منگل کی رات ہی کر دیا تھا۔

تصویر: JAVIER SORIANO/AFP/Getty Images

فٹ بال کی انٹرنیشنل فیڈریشن فیفا نے یوروگوائے کے کھلاڑی لوئس سواریز کی طرف سے اٹلی کے دفاعی کھلاڑی جورجیو چیلینی کو مبینہ طور پر کاٹنے کے الزام کا سرکاری طور پر نوٹس لیتے ہوئے ضابطے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔

اس کارروائی کے تحت یوروگوائے کے بہترین جارحانہ کھلاڑی سواریز کو معطل کیا جا سکتا ہے۔ سواریز کو الزام ثابت ہونے کی صورت میں عالمی کپ سے باہر ہونے اور طویل عرصے تک پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

فیفا نے آج بُدھ کو یہ اعلان کیا کہ اُس کی انضباطی کمیٹی نے یوروگوائے کے اسٹار کھلاڑی کے خلاف اس الزام کے تحت ضابطے کی کارروائی کا آغاز منگل کی رات اٹلی اور یوروگوائے کے مابین میچ کے اختتام کے چند گھنٹوں بعد ہی شروع کر دیا تھا۔ اگر تحقیقاتی پینل نے سواریز کو مجرم پایا تو فیفا کے قوانین کے تحت اُس کے کھیلنے پر کم از کم 2 میچوں اور زیادہ سے زیادہ 24 مہینوں تک کے لیے پابندی عائد کر دی جائے گی۔

سواریز اس سے قبل برطانوی ٹیم کے کھلاڑی کو بھی کاٹ چُکے ہیںتصویر: Daniel Garcia/AFP/Getty Images

فیفا نے اس تفتیشی کارروائی کے لیے ٹیم سے برازیل کے مقامی وقت کے مطابق بُدھ کی شام پانچ بجے تک شواہد پیش کرنے کا مطالبہ کیا جن میں ویڈیو ریکارڈنگز بھی شامل ہیں۔ اس بارے میں فیفا کا حتمی فیصلہ آئندہ ہفتے کے دن سے پہلے پہلے سامنے آ جانا چاہیے کیونکہ ہفتے کو یوروگوائے ماراکانا اسٹیڈیم میں 16 میچوں کے راؤنڈ میں کولمبیا کے خلاف میچ کھیلے گا۔

گزشتہ منگل کو یوروگوائے اور اٹلی کی ٹیموں کا میچ ناٹال میں ہوا تھا جس میں یوروگرائے نے اٹلی کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی تھی۔ اس فیصلہ کُن گول سے محض ایک منٹ قبل سواریز کا اٹلی کے کھلاڑی چیلینیز کے ساتھ تصادم ہوا جس میں سواریز نے بظاہر اس اطالوی کھلاڑی کے کندھے پر کاٹ لیا تھا اور یہ منظر ٹیلی وژن کیمرے کی آنکھوں سے چھپ نہ سکا اور اس کی ویڈیو بن گئی۔ میکسیکو سے تعلق رکھنے والے میچ کے ریفری روڈری گوئیز نے غالباً یہ سین نہیں دیکھا اور اس طرح اُن کی طرف سے اس پر کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔

2014 ء کے ورلڈ کپ کے میچوں میں نہایت سنسنی خیز مناظر بھی دیکھنے کو مل رہے ہیںتصویر: Ben Stansall/AFP/Getty Images

اس بار برازیل میں ہونے والے فُٹ بال ولڈ کپ کی ہائی لائٹس میں اب تک ہونے والے آخری لمحات کے گولز، اسٹڈیم میں شائقین کا جوش و خروش اور سنسنی خیز لمحات وغیرہ ہیں تاہم منگل کو اٹلی اور یوروگوائے کے مابین ہونے والے میچ کے دوران اطالوی کھلاڑی کو یوروگوائے کے کھلاڑی کی طرف سے دانتوں سے کاٹنے کا سین بین الاقوامی میڈیا کی غیر معمولی دلچسپی کا سبب بنا ہے۔

27 سالہ سواریز اپنے کیرئیر میں پہلے بھی متعدد بار مخالف ٹیم کے کھلاڑیوں کو کاٹ چُکے ہیں۔ انہیں ایک بار ہالینڈ اور ایک بار برطانوی ٹیم کے کھلاڑی کو کاٹنے کے جرم میں معطل کیا جا چُکا ہے۔ اس بار سواریز نے اب تک اطالوی کھلاڑی جورجیو چیلینیز کو کاٹنے کا نہ انکار اور نہ ہی اقرار کیا ہے۔ سواریز نے یہ ضرور کہا کہ میچ کے دوران اطالوی دفاعی کھلاڑی نے اُس کی آنکھ پر مارا تھا اور اُسے اس بات پر بہت شدید غصہ تھا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں