یورو زون اقتصادی بحران سے نکل آیا
15 اگست 2013بدھ 14 اگست کو جاری کیے جانے والے تازہ اعداد وشمار سے معلوم ہوا ہے کہ 17 رکنی مشترکہ کرنسی زون کی مجموعی اقتصادی نمو رواں برس اپریل سے جون کے درمیان 0.3 فیصد رہی۔
اس رپورٹ کے مطابق جرمنی اور فرانس کی معیشتوں نے سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران امریکی معیشت کے مقابلے میں زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جس کی بدولت یورو زون کے طویل اقتصادی بحران سے نکلنے کی راہ ہموار ہوئی۔
تاہم یورو اسٹیٹ کی رپورٹ میں اس بات سے بھی خبردار کیا گیا ہے کہ بحران سے نکلنے کا یہ عمل عارضی ہو سکتا ہے کیونکہ مجموعی معاشی بہتری کی وجہ چند رکن ممالک کی معیشت میں بہتری ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق جرمنی اور فرانس ایسے ممالک میں سر فہرست ہیں۔
جرمن معیشت سب سے بہتر
برسلز میں قائم یورو اسٹیٹ کے دفتر سے جاری کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق یورپ کی سب سے بڑی معیشت جرمنی کی شرح نمو گزشتہ سہ ماہی کے دوران 0.7 فیصد رہی۔ یہ شرح گزشتہ ایک سال کے دوران سب سے بہتر ہے۔ ماہرین اقتصادیات کے مطابق جرمن معیشت میں بہتری کی وجہ دراصل اس کی نجی اور حکومتی سطح پر معاشی سرگرمی رہی۔
جرمنی کے بعد دوسری بہترین کارکردگی فرانس کی معیشت نے دکھائی جو رواں برس یعنی 2013ء کی دوسری سہ ماہی کے دوران 0.5 فیصد کی شرح سے بڑھی۔ 2011ء کے بعد یہ فرانس کی بہترین اقتصادی شرح نمو ہے۔ فرانسیسی معیشت میں بہتری کی وجہ صارفین کی طرف سے خرچ میں اضافے کے علاوہ صنعتی پیداوار میں اضافے کو قرار دیا جا رہا ہے۔
یورپی یونین کے معاشی اور مالیاتی امور کے سربراہ اولی رین کے مطابق، ’’ہمارے اندازوں کے مطابق اگلے برس کے دوران یورپی معیشت میں مزید ٹھوس بنیادوں پر بہتری کی توقع ہے۔ مگر یہ اسی صورت میں ہے جب ہم نئے سیاسی بحرانوں اور مارکیٹ کو نقصان پہنچانے والے معاملات سے بچے رہیں۔‘‘
جرمنی اور فرانس کے علاوہ پرتگال کی معیشت میں رواں برس کی دوسری سہ ماہی کے دوران 1.1 فیصد اضافہ ہوا۔ آسٹریا اور فِن لینڈ کی معیشتوں میں بھی مثبت شرح نمو رہی۔