یورو زون کے مالی استحکام کے لئے خطیر فنڈ
10 مئی 2010برسلز میں گیارہ گھنٹوں کے طویل مذاکرات کے بعد پیر کی صبح ہسپانوی وزیرخزانہ ایلینا سالگودا نے کہا ہے کہ یورو کو مستحکم بنانے کے لئے یورپی رہنماؤں میں اس معاملے پر اتفاق ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونین کے وزرائے خزانہ نے کہا ہے کہ وہ یونان کے اقتصادی بحران سے نمٹنے کے لئے مجموعی طورپر670 بلین یورو کی رقم مختص کرنے پر رضا مند ہو گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی مدد کی صورت میں یہ رقم 720بلین یورو تک پہنچ سکتی ہے۔
اس امدادی پیکیج میں 440 بلین یورو یورو زون کے رکن ممالک ڈالیں گے جبکہ ساٹھ بلین یورو، قرضوں کی شکل میں یورپی کمیشن مہیا کرے گا۔ اس کے علاوہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ 220 بلین یورو ادا کرے گا۔
یورپی یونین کے اعلیٰ سفارت کار اولی رائین نے ایک پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو کچھ بھی ہو، یورپی یونین یورو کرنسی کو مستحکم بنائے گا۔ ہسپانوی وزیر ایلینا سالگودا نے کہا کہ جو کچھ کیا جا رہاہے اس کا مقصد صرف یہ ہے کہ یورپ کو مستحکم بنایا جائے۔
یونین کے اس امدادی پیکیج پر متفق ہونے کے بعد پیر کی صبح ایشیائی مالی منڈیوں میں یورو کی قدر ایک دم مستحکم ہو گئی ہے۔ اس سے قبل یونان کی خستہ مالی صورتحال کو دیکھتے ہوئے مالی منڈیوں میں یہ قیاس آرائیاں شروع ہو گئی تھیں کہ یوروزون کے دیگر ممالک بھی مالی بحران کا شکار ہوسکتے ہیں۔
رپورٹ : عاطف بلوچ
ادارت : شادی خان سیف