’یورو قابل اعتماد کرنسی رہے گی‘
3 دسمبر 2010یورپی سینٹرل بینک کی جانب سے یورو زون کے حکومتی بانڈ خریدنے کا سلسلہ جاری رکھنے کے بیان کے بعد جمعہ کو مالیاتی منڈیوں میں استحکام کی صورتحال دیکھنے میں آئی۔
تازہ انٹرویو میں ای سی بی کے صدر نے یورو زون کی حکومتوں پر زیادہ ذمہ داری اٹھانے کے لئے زور دیتے ہوئے کہا کہ خطے کا مالیاتی سیفٹی نیٹ بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ’’ یہ بہت ضروری ہے کہ حکومتوں نے جو بھی اقدامات اٹھائے ہیں، چاہے وہ قومی مالیاتی پالیسی کے حوالے سے ہوں یا مالیاتی ڈھانچے میں اصلاحات کا معاملہ یا کوئی اور، انہیں درپیش چیلنج کی مناسبت سے ہی ہونا چاہیے‘‘۔ انہوں نے پیرس میں فرانسیسی ریڈیو آر ٹی ایل کو دئے انٹریو میں ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ماضی کی طرح مستقبل میں بھی یورو ایک قابل اعتماد کرنسی رہے گی۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق ای سی بی نے پرتگال اور آئرلینڈ کے متعدد حکومتی بانڈ خریدے ہیں جس کے سبب مستحکم جرمن بانڈ کے مقابلے میں خطے کے دیگر حکومتی بانڈز کا رِسک پریمیئم کم ہو ا ہے۔ یہ بھی قیاس آرائیاں ہیں کہ ان بانڈز کے خریداروں کی تعداد اتنی نہیں کہ یورو زون کو اس دباؤ سے نکال سکے جس نے آئرلینڈ اور یونان کو بیل آؤٹ پیکج قبول کرنے پر مجبور کیا اور اب خطرے کے وہی بادل سپین اور پرتگال پر منڈلا رہے ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز نے صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ وقت کے ساتھ ہی یہ ثابت ہوجائے گا کہ کیا ECB کے ڈٹے رہنے اور ژاں کلود ترِیشے کی یقین دہانیوں سے ’’مارکیٹ کی آگ کو یورو زون میں پھلینے سے روکا جاسکے گا؟‘‘
سولہ یورپی ممالک کی حکومتوں کو، جو مشترکہ کرنسی ’یورو‘ کا استمعال کرتی ہیں، ایک اور دھچکا کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی سٹینڈرڈ اینڈ پُوورز S&P کی جانب سے لگا جس نے یونان کی ریٹنگ مزید کم کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ اس کی ایک وجہ اس تجویز کو قرار دیا جارہا ہے جس کے تحت مستقبل کے کسی بیل آؤٹ پیکج میں نجی سرمایہ کاروں کی رقم استعمال کی جاسکے گی۔
S&P کے مطابق اس تجویز کے تحت تشکیل دئے گئے بیل آؤٹ پیکج سے مالیاتی نوعیت کے نتائج سے زیادہ سیاسی اہداف کی وصولی کی کوشش کی جاسکتی ہے۔
یورپی مرکزی بینک کے سربراہ نے بھی تازہ انٹرویو میں اس تجویز پر اپنی تشویش ظاہر کی۔ ادہر جرمنی کے وزیر مالیات وولف گانگ شوئبلے نےواضح کیا ہے کہ یورپی حکومتوں کے پاس یورو کو استحکام بخشنے کے وسائل ہیں اور اس ضمن میں عالمی تعاون پر بھی بھروسہ کیا جاسکتا ہے۔ فرانسیسی اخبار Les Echos کو دئے گئے انٹرویو میں شوئبلے نے کہا، ’’ مجھے پورا یقین ہے کہ بطور ایک عالمی کرنسی یورو کے مستقبل کومحفوظ رکھنے کے تمام وسائل ہمارے پاس موجود ہیں۔‘‘
رپورٹ: شادی خان سیف
ادارت : عابد حسین