یورپ میں گیتوں کے سب سے بڑے مقابلے یورووژن کے فائنل میں اسرائیلی گلوکارہ نیتا بارزیلئی نے بازی مار لی ہے۔ ہفتے کی رات پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں منعقد ہوئے فائنل مقابلے میں پچیس سالہ سنگر نیتا کی تال پر سبھی ناچ اٹھے۔
اشتہار
خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے بتایا ہے کہ ہفتے کی رات پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں سجے یورو وژن سونگ کے فائنل میں اسرائیلی سنگر نیتا بارزیلئی نے اپنی عمدہ کارکردگردگی سے میدان مار لیا۔ ان کے گانے ’میں تمہارا کھلونا نہیں‘ کے بول ’می ٹو موومنٹ‘ سے متاثر ہو کر لکھے گئے تھے۔
اس مقابلے میں کامیابی کے بعد نیتا نے کہا کہ وہ بہت خوش ہیں کہ انہوں نے یہ انعام جیت لیا ہے۔ گیتوں کے سالانہ یورپی مقابلے ’یورو وژن‘ کا انعقاد ہر سال کیا جاتا ہے۔
اتوار کے دن جب نیتا اپنے ایوارڈ کے ساتھ واپس وطن پہنچی تو تل ابیب میں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ نیتا کے اعزاز کی خوشی منانے کی خاطر ہزاروں افراد نے شہر کی سڑکوں پر مارچ کیا اور انہیں اپنی ’ہیروئن‘ قرار دیا۔
نیتا نے یہ انعام ایک ایسے وقت پر جیتا ہے، جب اسرائیلی اور فلسطینی تنازعہ پر اسرائیل کو تنقید کا سامنا ہے۔ اس تناظر میں ملکی سیاستدانوں نے یورو وژن میں اسرائیل کی کامیابی کو ایک مثبت پیشرفت قرار دیا ہے۔
اسرائیلی کی کھیلوں اور کلچر کی وزیر مری ریگیو نے اپنے فیس بک پیچ پر نیتا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا، ’’ آپ اسرائیل کے لیے عزت کا باعث بنی ہیں۔ ملک کے 70 ویں یوم آزادی اور یروشلم کے دوبارہ اتحاد کے اکاون برس مکمل ہونے پر یہ ایک بڑا تحفہ ہے۔‘‘
دوسری طرف اسرائیلی وزیر اعظم نے بھی نیتا کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا، ’’آپ ملک کی بہترین سفارتکار ہو۔‘‘ جب نیتن یاہو نے نیتا کو یہ پیغام دیا تو ان کی ٹیلی فون کال اسرائیلی سرکاری ٹیلی وژن پر براہ راست نشر کی گئی۔
اسرائیل ماضی میں تین مرتبہ گیتوں کے اس اہم یورپی مقابلے میں کامیابی حاصل کر چکا ہے۔ پہلی مرتبہ سن 1978 دوسری مرتبہ سن 1979 اور آخری مرتبہ سن 1988 میں اسرائیل نے یورو وژن کے فائنل میں کامیابی حاصل کی تھی۔
نیتا نے چوتھی مرتبہ اس ایوارڈ کو اسرائیل کے لیے جیتا ہے۔ سن دو ہزار اٹھارہ کے اس فائنل مقابلے کو دو سو ملین افراد نے ٹیلی وژن پر براہ راست دیکھا۔ نیتا کی کامیابی کی بدولت اب آئندہ یورو وژن سونگ کا مقابلہ اسرائیل میں ہی منعقد کیا جائے گا۔
ع ب / ا ا / خبر رساں ادارے
یورو وژن 2015ء ، جذباتی لمحات اور شاندار گیت
تیئس مئی کی شب گیتوں کا یورپی مقابلہ یورو وژن آسٹریا میں منقعد ہوا۔ اپنی نوعیت کا یہ ساٹھواں مقابلہ دلچسپ تھا اور فنکاروں نے زبردست اسٹیج پرفارمنس بھی پیش کی۔ سویڈن کے گلوکار نے جیت کر اسے ایک شاندار پارٹی میں بدل دیا۔
تصویر: Reuters/L. Foeger
فیورٹ ہی کامیاب رہا
آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں ہونے والے یورو وژن کا فائنل سویڈش نوجوان مانز سیمرلُو نے جیتا۔ ان کے گیت ’ہیروز‘ نے بقیہ چھبیس گیتوں کو بہت پیچھے چھوڑ دیا۔ اسے سویڈن میں پاپ میوزک کی صنعت کے لیے بہت بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔ اسی وجہ سے اگلا یورو وژن سونگ کانٹَیسٹ سویڈن میں منعقد ہو گا۔
تصویر: Reuters/L. Foeger
صرف گلوکاری ہی کمال کی نہیں تھی
مانز سیمرلُو گزشتہ دس برسوں سے اپنے ملک کے ایک معروف گلوکار ہیں۔ ان کے پاپ گیت ’ہیروز‘ کو کل 365 پوائنٹس ملے۔ یہ گیت صرف فنکارانہ حوالے سے ہی شاندار نہیں تھا بلکہ اس دوران کمپیوٹر اینیمیشن کے ذریعے اسٹیج پر مختلف خدوخال بھی پیش کیے گئے، جنہیں بہت سراہا گیا۔
تصویر: Reuters/L. Foeger
روس دوسرے نمبر
ووٹنگ کے دوران کافی دیر تک روس کی پولینا گاگارینا کا گیت One Million Voices پہلے نمبر پر تھا اور امید کی جا رہی تھی کہ وہ جیت جائیں گی۔ لیکن اختتام سے کچھ دیر پہلے تک پوائنٹس ٹیبل کا نقشہ بدل چکا تھا۔ پولینا گاگارینا کو جرمنی کی جانب سے بارہ پوائنٹس دیے گئے تھے۔ گاگارینا کے مجموعی پوائنٹس کی تعداد 303 تھی۔
تصویر: Reuters/L. Foeger
اٹلی کا محبت بھرا پیغام
تین گلوکاروں پر مشتمل اطالوی گروپ اِل وُولو کو 292 پوائنٹس ملے اور اس طرح ان کا نمبر تیسرا رہا۔ ان کا گیتGrande Amore یعنی عظیم محبت اوپرا اور پاپ موسیقی کا خوبصورت امتزاج تھا۔
تصویر: Getty Images/N. Treblin
مست گیت
بیلجیم کے انیس سالہ گلوکار لوئک نوٹیٹ کے گیت Rhythm Inside کو گزشتہ شام کا سب سے کُول یا مست گیت قرار دیا گیا۔ مداحوں کی جانب سے ان کی آواز کی بے حد تعریف کی گئی جبکہ گانے کے دوران اسٹیج پرفارمنس بھی دیکھنے سے تعلق رکھتی تھی۔
تصویر: Reuters/L. Foeger
اعزازی مہمان
اس مرتبہ یورو وژن مقابلے میں آسٹریلیا کو پہلی مرتبہ اعزازی مہمان کے طور پر دعوت دی گئی تھی۔گائے سیباستیان کا Tonight Again گو کہ ایک پرکشش گیت تھا لیکن اس کے باوجود وہ پانچویں نمبر سے آگے نہ بڑھ پایا۔
تصویر: Reuters/L. Foeger
عشق کی طرح سرخ
سرخ لباس میں ملبوس لیٹویا کی امیناتا سواڈوگا کی اسٹیج پرفارمنس کو انتہائی جرات مندانہ قرار دیا گیا۔ انہوں نے اپنے گیت Love Injected کے دوران خاص انداز میں تھرک کر خاصی داد وصول کی۔ وہ چھٹے نمبر پر رہیں۔
تصویر: Reuters/L. Foeger
مایوس کن کارکردگی
جرمن گلوکارہ اَین سوفی اپنے گیت Black Smoke کے ساتھ اس سالانہ یورپی مقابلے کے فائنل میں ایک پوائنٹ بھی حاصل نہ کر سکیں اور یوں جرمنی فائنل میں شریک 27 ملکوں میں سے 26 ویں نمبر پر رہا۔ اس کے باوجود 24 سالہ سوفی کا کہنا تھا، ’’مجھے بہت مزہ آیا۔‘‘ گزشتہ پچاس برسوں میں یہ پہلی مرتبہ ہے کہ جرمنی یورو وژن مقابلے میں اس نمبر پر آیا ہے۔
تصویر: picture-alliance/dpa/J. Stratenschulte
پچھلی بار ٹاپ اس بار فلاپ
گزشتہ برس گیتوں کا یہ مقابلہ آسٹریا نے جیتا تھا ۔ میک میکس Makemakes کا گیت I am yours آسٹریا کے ہمسایہ ملک جرمنی کے گیت کی طرح ایک بھی پوائنٹ حاصل نہ کر پایا۔ ماہرین نے اسے آسٹریا کی انتہائی مایوس کن کارکردگی قرار دیا ہے۔
تصویر: Reuters/L. Foeger
شاندار میزبانی
یورو وژن مقابلے کے انتظامات کے حوالے سے آسٹریا کی بہت تعریف کی جا رہی ہے۔ صرف وہاں پر موجود افراد نے ہی نہیں بلکہ ٹیلی وژن پر اس شو کو لائیو دیکھنے والے دو سو ملین افراد نے بھی انتظامات، جگمگاتی روشنیوں اور اسٹیج پر موجود قمقموں کو قابل دید قرار دیا۔