1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورو کو بچانا بہت ضروری ہے، میرکل

29 جنوری 2011

سوئٹزرلینڈ کے شہر داووس میں عالمی اقتصادی فورم کا اجلاس جاری ہے۔ فرانسیسی سربراہ نکولا سارکوزی کے بعد جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے بھی یوروزون کی مشترکہ کرنسی یورو کو مستحکم کرنے کی بات کی۔

تصویر: AP

داووس میں عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جرمن چانسلر انگیلا میرکل کا کہنا تھا کہ یورو کی قدر کو مستحکم رکھنے کے لیے مشترکہ اقدامات کرنا ہوں گے۔ میرکل نے کہا کہ یورر کی قدر میں ہونے والی کمی بیشی کو روکنے کے لیے ایک منصوبہ تیار کیا جا چکا ہے۔ اس پلان پر مارچ میں یورو زون ممالک کی کانفرنس میں بحث کی جائے گی۔

فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی بھی یورو کے استحکام کے لیے میرکل کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ فرانس اور جرمنی یورو زون کی مشترکہ کرنسی کو کبھی ناکام نہیں ہونے دیں گے۔

یورو کے ناکام ہونے کا مطلب ہے کہ یورپ ناکام ہو گیا ہے، میرکلتصویر: AP

اپنے خطاب میں جرمن چانسلر نے مطالبہ کیا کہ یورو کو بچانے کے حوالے سے اضافی راستے بھی تلاش کرنا ہوں گے۔ اس ضمن میں سیاسی سطح پر مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ’’مختلف ممالک کے سماجی نظام ایک دوسرے سے مختلف ہیں اور اس وجہ سےبھی یورو کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ ہمیں ایک ایسا سماجی نظام ترتیب دینا ہو گا، جو یکساں ہو‘‘۔ جرمنی میں ریٹائرمنٹ کی عمر67 ہے جبکہ دیگر ممالک میں یہ 65 اور 63 سال یا اس سے بھی کم ہے۔

میرکل نے دیگر یورپی ممالک سے اپیل کی کہ وہ ریاستی قرضوں میں کمی کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ بڑھتے ہوئے قرضے خطے کی اقتصادی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔

فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی نے بھی یورو کے استحکام کے لیے میرکل کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر چکے ہیںتصویر: dpa

جرمنی یورو زون میں اصلاحات کی حمایت کر رہا ہے۔ یورو زون کے بعض ممالک کو درپیش بجٹ خسارے کے مسائل کے باعث یورو کرنسی کے عدم استحکام کے حوالے سے خدشات پائے جاتے ہیں۔

جرمنی نے قرضوں کے بوجھ تلے دبے یونان اور آئرلینڈ سے اپیل کی کہ یہ ممالک اپنے بجٹ خسارے کو کم کریں۔ جرمن چانسلر نے آخر میں ایک مرتبہ پھر زور دیتے ہوئے کہا،’’یورو کو درپیش مسائل ہمیں ہر حال میں دور کرنا ہوں گے، یورو کے ناکام ہونے کا مطلب ہے کہ یورپ ناکام ہو گیا ہے۔‘‘

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت : عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں