یورو 2012: یونان اور چیک جمہوریہ کوارٹر فائنل میں
17 جون 2012ہفتے کی شام یورپی فٹ بال چیمپئن شپ میں گروپ لیول کے آخری راؤنڈ کا آغاز ہوا۔ گروپ اے کے آخری دو میچوں کی تکمیل پر روس اور شریک میزبان پولینڈ کی ٹیمیں ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی ہیں۔اس طرح اب تک کل چار ٹیمیں ٹورنامنٹ سے باہر ہوئی ہیں۔ ان میں جمہوریہ آئر لینڈ، سویڈن، روس اور پولینڈ شامل ہیں۔ کسی حد تک ہالینڈ بھی ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکا ہے۔
ہفتے کی شام یونان نے روس کو حیران کن انداز میں ایک گول سے شکست دی اور اسی طرح چیک جمہوریہ نے بھی پولینڈ کو ایک گول سے ہرایا۔ چیک جمہوریہ نے دو میچ جیت کر چھ پوائنٹس حاصل کیے۔ روس اور یونان کے چار چار پوائنٹس تھے لیکن فیصلہ بہتر گول اوسط کے اصول پر کیا گیا۔ کم تر گول اوسط کی بنیاد پر روس کی ٹیم کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکی اور یونان کو اگلے مرحلے میں پہنچنے کا موقع مل گیا۔
گروپ اے کے دو میچوں میں سے ایک مغربی پولینڈ کے سب سے بڑے شہر وروسلاف (Wroclaw) کے میونسپل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ ہزاروں پولش شائقین کی موجودگی میں پولستانی فٹ بال ٹیم نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ ضرور کیا لیکن وہ گول نکالنے میں ناکام رہی۔ مجموعی طور پر چیک جمہوریہ کی ٹیم خاصے دفاعی کھیل میں مصروف رہی اور ایسے میں وہ اٹیک ضرور کرتی رہی۔ میچ کا پہلا ہاف برابری پر ختم ہوا۔ دوسرے ہاف کے 72 ویں منٹ میں چیک جمہوریہ کے چھبیس سالہ مڈ فیلڈر پیٹر ژیراچِک (Petr Jiráček) نے گول کر کے سبقت حاصل کی اور یہی گول جیت کا باعث بنا۔ پولینڈ کی ٹیم نے میچ کے آخری لمحات میں گول کرنے کے بہت سے یقینی مواقع ضائع کر دیے۔
پولینڈ کے دارالحکومت وارسا کے نیشنل اسٹیڈیم میں گروپ اے کا ایک اور میچ روس اور یونان کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ توقع کے مطابق روس کی ٹیم کا پلڑا بھاری دکھائی دیتا تھا مگر روس کی ٹیم جیت سے محروم رہی۔ دوسرے راؤنڈ کے اختتام پر یونان کی پوزیشن گروپ اے کے پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی تھی اور وہ اس مقام سے بلند ہو کر نہ صرف دوسرے پوزیشن پر پہنچی بلکہ کوارٹر فائنل کے لیے بھی کوالیفائی کر گئی۔ یونان کی جانب سے میچ کا اکلوتا گول پہلے ہاف کے اضافی وقت میں کیا گیا۔ گول کرنے کا اعزاز یونان کے 35 سالہ تجربہ کار مڈ فیلڈر گیورگوس کاراگونس (Giorgos Karagounis) نے حاصل کیا۔
آج اتوار کے روز گروپ بی کے دو میچ کھیلے جائیں گے۔ گروپ لیڈر جرمنی کا مقابلہ ڈنمارک سے ہے اور گروپ بی میں دوسری پوزیشن کی حامل ٹیم پرتگال کو ہالینڈ کا سامنا ہے۔ جرمنی کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے کو سردست کوئی سنگین خطرہ لاحق نہیں ہے۔ اس کا امکان ہے کہ وہ ڈنمارک کے ساتھ اگر میچ برابر بھی کھیلتا ہے تو اپنے گروپ میں ٹاپ پوزیشن پر رہے گا اور ایسی صورت میں وہ 23 جون کو یونان کے خلاف اپنا کوارٹر فائنل میچ پولستانی شہر گڈانسک میں کھیلے گا۔ چیک جمہوریہ کی ٹیم یورپی فٹ بال چیمپئن شپ کا پہلا کوارٹر فائنل میچ وارسا میں کھیلے گی اور امکانی طور پر اسے پرتگالی ٹیم کا سامنا ہو سکتا ہے۔
ah/mm (dpa, AP)